راجوری //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے نوشہرہ سیکٹر میں شلنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے فائرنگ سے متاثرہ افراد کے لئے انتظامیہ کی طرف سے قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں کا دورہ کر کے انہیں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ متاثرہ کنبوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ سرکار کی طرف سے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی جبکہ متاثرین کومعاوضہ بھی دیا جائے گا۔بعد میں نائب وزیراعلیٰ نے نوشہرہ میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ طلب کر کے حد متارکہ پر موجودہ صورتحال کا جائزہ اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے افراد کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ایم ایل اے رویندر رینہ ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے نائب وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا کہ نوشہرہ میں شلنگ سے کھمبا ، سریہ ،بھوانی ،منپور،دھناکا ، کھوری،کلسیاں اور گنیاں دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ان دیہات کے 298 کنبوں کے 1114 افراد کو نوشہرہ میں 5ریلیف کیمپوںمیں منتقل کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنرنے مزید بتایا کہ شلنگ سے 2694کنبوں کے 10042 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے دو افراد کی موت واقع ہوئی ، 6افراد زخمی ہوئے اور 65مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اور 45مکانات جزوی اور بری طرح تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے مرنے والوں کے لواحقین میں فی کس ایک لاکھ روپے کی فوری ریلیف کے علاوہ زخمی افراد کو بھی مالی معاونت فراہم کی ہے۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ نے انتظامیہ کو متحرک رہنے کے لئے کہا۔ انہوں نے پشو و پالن محکمہ کو زخمی مویشیوں کے علاج و معالجہ کے لئے ویٹرنری ڈاکٹروں کی ٹیموں کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔اس کے علاوہ انہوں نے فائرنگ سے املاک اور مویشیوں کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کے بھی احکامات دئیے تاکہ متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جاسکے۔ اس موقعہ پر کئی وفود نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے انہیں درپیش مشکلات اُن کے سامنے رکھے۔