مقبوضہ بیت المقدس// اسرائیلی حکومت اور یہودی اشرار کی جانب سے قبلہ اول کی بے حرمتی کے دیگرمظاہر کے جلو میں اسرائیل کی ایک سرکردہ وزیرہ نے تاریخی بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی تصویر پرمبنی لباس زیب تن کرکے ایک نئی اشتعال انگیزی کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی عوامی اور سیاسی حلقوں میں سخت غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکومت میں شامل وزیرہ برائے کھیل وثقافت ’میری ریگیو‘ نے حال ہی میں ’کان‘ نامی ایک ثقافتی تقریب میں متنازع گاؤن پہن کر شرکت کی۔اسرائیل کے عبرانی اخبار’معاریو‘ نے بتایا ہے کہ خاتون وزیر ثقافت و سپورٹس ایک ثقافتی تقریب میں مسجد اقصیٰ اور پرانے بیت المقدس کی تصویر والا گاؤن پہن کر شرکت کی۔ یہ تقریب بین الاقوامی نوعیت کی تھی جس میں ’ارواح اسماعیل‘ نامی ایک فلم کی بھی نمائش کی گئی۔اسرائیلی وزیرہ سے جب پوچھا گیا کہ اس نے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی تصویر والا لباس کیوں پہن رکھا ہے تو اس کا کہنا تھا کہ وہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کی 50 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ اس لیے القدس پرقبضے کی سلور جوبلی کی مناسبت سے اس نے ایسا لباس تیار کرایا ہے۔ادھر بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر یہودی اور صہیونی تنظیموں نے یہودی آباد کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ یوم القدس کے موقع پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں جبل مکبر[مسجد اقصیٰ] میں آئیں اور اجتماعی مذہبی رسومات ادا کریں۔خیال رہے کہ یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاووں کی تازہ اپیل ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو سے ملاقات کے لیے کل اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر اسرائیلی وزیرہ کے اقدام کو اشتعال انگیز قرار دے کر اسے مسترد کردیا گیا ہے۔فلسطینی شہریوں کی طرف سے اسرائیلی وزیرہ کے اقدام کو قبلہ اول اور تاریخی بیت المقدس کی توہین قرار دیا گیا ہے۔اسرائیلی پارلیمنٹ میں عرب کمیونٹی کے وزیر ایمن عودہ نے اسرائیلی وزیرہ کے اقدام پر ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میری ریگیو‘ کے اشتعال انگیز اقدام سے لگتا ہیکہ صہیونیوں میں خود اعتمادی کا فقدان ہے اور وہ ایسے اوچھے ہتھکںڈے اختیار کرنے پر اتر آئے ہیں۔