واشنگٹن //امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خلیجی ملکوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے واشنگٹن میں سربراہ کانفرنس کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے متعدد بیانات میں قطر کی دہشت گردی کی حمایت پر مبنی پالیسی پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک خلیجی بحران کے پرامن حل کا خواہاں ہے تاہم قطری بحران پر واشنگٹن کی میزبانی میں سربراہ کانفرنس کی کسی تجویز پرغور نہیں کیا جا رہا ہے۔قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ قطر کو سزا دینے کا فیصلہ 'مثبت اقدام' ہے۔ ان کا اشارہ خلیجی ملکوں اور مصر کی طرف سے دہشت گردی کی معاونت پر دوحہ کے سفارتی بائیکاٹ کی جانب تھا۔دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’دہشت گردوں کی مالی مدد کرنے والوں کا انجام قطر کی صورت میں دیکھا جاسکتا ہے‘۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ "ٹویٹر" پر پوسٹ ایک ٹویٹ میں انہوں نے خلیجی ملکوں کی طرف سے قطر کے سفارتی بائیکاٹ کی تائید کی اور کہا کہ قطر کو یہ سزا جنگجوﺅںکو پناہ دینے اور ان کی مالی مدد کی بناءپر دی جا رہی ہے۔