جموں//مہاراجہ ہری سنگھ کے 123ویں سالگرہ کے سلسلے میں مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے تقاریب ،ریلیاں اوراحتجاجی مظاہروں کااہتمام کرکے آنجہانی رہنماکوخراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس دوران مقررین نے حکومت سے مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن پرہرسال سرکاری چھٹی کرنے کااعلان کرنے کامطالبہ کیااورڈوگرہ ثقافت اورورثے کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے پرزوردیا۔
پنتھرس پارٹی
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی نے جموں میں مہاراجہ ہری سنگھ کی، جنہوں نے 1931میں برطانوی شہنشاہ کے سامنے اعلان کیا تھا کہ وہ پہلے ہندستانی ہیں بعد میں مہاراجہ، 123ویںسالگرہ کا جشن بڑے دھوم دھام سے منایا ۔ جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی نے جموں وکشمیر پر 1925اور 1952تک حکومت کرنے والے مہاراجہ ہری سنگھ کی 123ویں سالگرہ شاندار طریقہ سے منائی۔ سالگرہ کی تقریب کی صدارت جموں وکشمیر بینک کے سابق منیجر جناب اوپیندر ناتھ کھجوریا نے کی۔ کھجوریا کو 1961میں بھیم سنگھ کے ساتھ اس وقت گرفتار کیا گیاتھا جب سینکڑوں طلبا اور نوجوانوں کے ساتھ مہاراجہ ہری سنگھ کے انتقال کی وجہ سے ریاستی سکریٹریٹ پر پرچم سرنگوں کرنے کے لئے گئے تھے۔ خیال رہے کہ مہاراجہ کا جلاوطنی کے دوران بمبئی میں 66برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔جموں میں منائی گئی سالگرہ تقریب سے کئی معروف ڈوگرہ شخصیتوں جنرل گووردھن سنگھ جموال، جموں وکشمیر کے سابق وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر راجندر سنگھ چھب، جموں وکشمیر کے سابق وزیر اور معروف سماجی خدمت گار پروفیسر گلچین سنگھ چرک، پاک مقبوضہ کشمیر مائگرینٹس کے چیرمین نریندر چنی، جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے صدر بلونت سنگھ منکوٹیا، جنرل سکریٹری انیتا ٹھاکر، ایڈوکیٹ او رمشیر بنسی لال شرما، اوپیندر کھجوریا نے اپنے خطاب میں لوگوں کو جمو ں وکشمیر کے حکمرانوں کے بلیک میلنگ اور غداری کو یاد کرایا ۔
بارایسوسی ایشن جموں
جے اینڈکے ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے زیراہتمام مہاراجہ ہری سنگھ کی سالگرہ کی تقریب منعقدکی گئی جس میں وکلاء نے جوش وجذبے کے ساتھ آنجہانی مہاراجہ کی خدمات پرروشنی ڈالی اورحکومت سے 23 ستمبر کوہرسال سرکاری چھٹی کااعلان کرنے کامطالبہ کیا۔اس موقعہ پر بارایسوسی ایشن کے سینئر ارکان بشمول پی سی شرما، ایڈوکیٹ ، بی ایس سلاتھیہ صدربارایسوسی ایشن، ایچ سی جلمیریا، راجیش تھاپا، چودھری مسعود، شیخ وجاہت، پون کنڈل، مونیش چوپڑہ اورسرجیت سنگھ انڈوگرہ نے مہاراجہ کے سماجی فلاح وبہبودمیں کردارکواُجاگرکرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔دیگراضلاع کی بارایسوسی ایشنوں بشمول بارایسوسی ایشن کٹھوعہ، بارایسوسی ایشن ہیرانگر، بارایسوسی ایشن بلاور، بارایسوسی ایشن سانبہ ،بارایسوسی ایشن اکھنور، بارایسوسی ایشن ادھمپور، بارایسوسی ایشن رام بن،بارایسوسی ایشن ریاسی ،بارایسوسی ایشن کٹرہ ،بارایسوسی ایشن راجوری ،بارایسوسی ایشن کشتواڑ، بارایسوسی ایشن بھدرواہ کے زیراہتمام بھی مہاراجہ ہری سنگھ کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات منعقدکی گئیں۔
کٹھوعہ
مہاراجہ ہری سنگھ کوان کی 123ویں سالگرہ کے موقعہ پرخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایکس سروس مین ویلفیئر ایسوسی ایشن کٹھوعہ نے تقریب منعقد کی جس کی صدارت کیپٹن گیان سنگھ پٹھانیہ کررہے تھے۔اس موقعہ پر مہاراجہ ہری سنگھ کی سماجی وسیاسی خدمات کواُجاگرکیاگیااوران کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ گیان سنگھ نے مہاراجہ ہری سنگھ کوایک دودرانش رہنمااورسماجی اصلاح کارقراردیا۔ انہوں نے کہاکہ مہاراجہ نے انصاف کی خاطر برطانوی حکومت کے خلاف آواز اٹھائی اورستی کی رسم ، بچوں کی بچپن میں شادی کی رسومات ،ایس سی لوگوں کی مندروں میں حاضری کیلئے اقدامات اٹھائے۔
ڈوگرہ ہائرسکینڈری سکول
یہاں ڈوگرہ ہائرسکینڈری سکول شاستری نگرمیں بھی مہاراجہ ہری سنگھ کی سالگرہ کے سلسلے میں ایک تقریب منعقدکی گئی جس میں بچوں نے مختلف گیت اور رنگارنگ سکٹ پیش کرکے مہاراجہ ہری سنگھ کی شخصیت اوران کے کارناموں کواُجاگرکیا۔سکول کی منیجنگ ڈائریکٹرگھمبیردیوسنگھ چاڑک نے مہاراجہ کی زندگی اورکارناموں پرتفصیلی روشنی ڈالی اور طلباء کومہاراجہ سے روشناس کرایا۔سکول کی پرنسپل دویندرکورنے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ نے تعلیم کوعام کرنے کیلئے حتی المقدورکوششیں کیں ۔تقریب کے اختتام پر سکول کی وائس پرنسپل نرملاکورنے شکریہ کی تحریک پیش کی۔