جموں//بیٹی بچائو ۔بیٹی پڑھائو ہفتہ کے سلسلے میں صوبہ جموں کے مختلف اضلاع میں تقریبات کاانعقاد کیاجارہاہے۔اس ضمن میں کٹھوعہ میں کڈس ہیومن کانونٹ ہائرسکینڈری سکول میں مصوری کے ایک مقابلے کااہتمام کیاگیاجس کاانعقاد ضلع اطلاعاتی مرکز کٹھوعہ نے ضلع کے پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیاتھا ۔یہ ہفتہ 9اکتوبرسے 14 اکتوبر تک منایاجارہاہے ۔مصوری کے اس مقابلے میں مختلف سکولوں کے 15 طلباء نے شرکت کی اور تصویروں کے ذریعہ اس موضوع کی عکاسی کی ۔سانبہ میں بھی اس سلسلے میں تقریبات کاانعقاد کیاگیا۔سب سے بڑی تقریب بھارگوڈگری کالج سانبہ میں منعقدہوئی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرتلک راج شرما اس موقعہ پرمہمان خصوصی تھے جبکہ چیئرمین بھارگوگروپ آف کالجز پرکاش شرمابطورمہمان اعزازی موجودتھے۔اس موقعہ پرمنعقد کئے گئے مصوری کے مقابلے میں شریک طلباء نے تصویروں کے ذریعہ بیٹی بچائو ۔بیٹی پڑھائو کی عکاسی کرکے سامعین کومحظوظ کیا۔اسی طرح ضلع ادھم پور میں بھی تقریبات کاانعقاد کیاگیاجن میں مصوری کے مقابلوں کااہتمام کیاگیا۔ضلع ترقیاتی کمشنرادھم پور رویندرکمار ہسپتال گئے جہاں انہوں نے والدین جن کے ہاں بیٹیوں نے جنم لیاتھا،کومبارکبادپیش کی ۔اس کے علاوہ ڈی سی ناری نکیتن بھی گئے اوروہاں موجودلڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ڈی سی نے بی بی بی پی ٹیم کے ہمراہ گورنمنٹ ڈگری کالج کے وومن کابھی دورہ کیاجہاں انہوں نے کالج کیمپس میں ایک پودے کی شجرکاری کی ۔اس کے علاوہ ضلع کے مختلف حصوں میں بھی شجرکاری کی گئی۔ اس طرح کے بیداری پروگراموں کاانعقادکرنے کے لئے ڈی سی نے محکمہ سماجی بہبودکومبارکباددی۔