جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں اینڈ کشمیر پولیس کی طرف سے منعقدہ نیشنل پولیس ڈے پر پولیس ، آرمی ، پیرا ملٹی فورس کے اُن شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوںنے ملک کی سا لمیت اور بقا کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وزیر مملکت سیاحت و تعلیم پریاسیٹھی ، ارکان قانون سازیہ رومیش اروڑہ ، وکرم رندھاوا ، جی ایل رینہ ،کرشن لال،گگن بھگت ،ڈویژنل کمشنر جموں، آئی جی پی جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں کی موجود گی میں یادگاری پریڈ پر سلامی لی۔ پولیس کے شہداء کو گل دائروں کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے آرمی اور پولیس پرسنل کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ڈی ایس پی ایوب پنڈت، ایس ایچ او فیروز احمد اور لیفٹیننٹ عمر فیاض نے وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتیں جانیں قربان کیں اور ہم ان شہداء کو آج سلام پیش کرتے ہیں۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں اینڈ کشمیر پولیس کو امن کو یقینی بنانے کے لئے عظیم قربانیں دینے کی ستائش کی۔ بعد میں نائب وزیرا علیٰ نے جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے منعقد کئے گئے ایک خون کے عطیہ کے کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر سنگھ ، شہداء کے کنبوں کے افراد سے ملے اور ان سے ہمدردی ظاہر کی۔
کٹھوعہ
کٹھوعہ /حافظ قریشی ۔/ کٹھوعہ کی ضلع پولیس لائن میں شہید پولیس اہلکاروں کی یاد میں خراج عقیدت تقریب منعقد کی گئی۔اس موقعہ پرضلع پولیس کی جانب سے شہداء کی یاد میں روایتی طورپر مہلوک اہلکاروں کوشردھانجلی دی گئی۔اس دوران تقریب میں ممبراسمبلی کٹھوعہ راجیوجسروٹیہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ایس ایس پی سلیمان چوہدری کے علاوہ مہلوک اہلکاروں کے افرادخانہ بھی موجودتھے۔اس موقعہ پر ممبراسمبلی کٹھوعہ راجیوجسروٹیہ نے کہاکہ ریاست میں اس وقت دہشت گردی آخری دور میں ہے جس طرح سے حکومت کی ہدایت پر ریاستی پولیس اور سیکورٹی فورسز کام کر رہی ہے جلد ہی دہشت گردی پر قابو پالیاجائے گا۔اس دوران ایس ایس پی سلیمان چودھری نے کہا کہ 21 اکتوبر کو ملک بھر میں پولیس شہداء دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں ریاستی پولیس کے علاوہ مرکزی سیکورٹی فورسز شہید جوانوں کی یاد میں ہر سال خراج عقیدت تقریب منعقدکی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں جس طرح سے 1990 سے جاری دہشت گردی کے خلاف ریاستی پولیس کے جوانوں کو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔
ریاسی
ضلع پولیس لائن ریاسی میں بھی شہیدہوئے پولیس اہلکاروں کا یادگاری دن منایاگیا۔اس موقعہ پر ضلع پولیس لائن ریاسی میں منعقدہ تقریب میں شہیدپولیس اہلکاروں کوپھول مالائیں چڑھاکرخراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس دوران سول سوسائٹی کے ممبران اورشہیدجوانوں کے پریواروں کے افرادودیگران بھی موجودتھے۔
ادہم پور
ضلع ادھم پور میں بھی یوم پولیس کا انعقاد کیاگیااوراس سلسلے میںشہیدہوئے پولیس ملازمین کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس موقعہ پرادھم پور کے ممبراسمبلی پون گپتا مہمان خصوصی تھے۔ ادھم پور اور ریاسی اضلاع کے ڈی آئی جی وریندر شرمانے اس تقریب کی صدارت کی۔اس موقعہ پر شہیدہوئے افسروں اورجوانوںکے افرادکنبہ بھی موجودتھے۔ منتظمین نے ضلع ہسپتال ادھم پور کے تعاون سے خون کے عطیہ کاکیمپ بھی منعقدکیاتھا جس میں کئی پولیس اہلکاروں نے خون کاعطیہ دیا۔