جموں صوبہ میں 108نئی واٹرسپلائی سکیمیں زیرتعمیر:شام
جموں//وزیربرائے پی ایچ ای ،آبپاشی وفلڈکنٹرول شام لال چوہدری نے محکمہ کے ایگزیکٹیوانجینئروں سے کہاہے کہ وہ زیرعمل واٹرسپلائی سکیموں کو مقررہ وقت کے اندرمکمل کریں۔ وزیرنے یہ ہدایات ان سکیموں کاجائزہ لینے کی غرض سے طلب کی گئی ایک میٹنگ کے دوران دیں۔میٹنگ میں پی ایچ ای ،آئی اینڈایف سی اورراوی توی ایریگیشن کمپلیکس کے چیف انجینئر ز اوردیگرافسران بھی موجودتھے۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ جموں میں 108واٹرسپلائی سکیمیں زیرتعمیرہیں۔وزیرنے سبھی سکیموں کورواں برس کے آخرتک مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے چیف سپرانٹنڈنٹ انجینئروں سے کہاکہ وہ ان سکیموں پرجاری کام کی ذاتی نگرانی کریں اورشفافیت کولازمی بنائیں۔اس کے علاوہ انہوں نے پی ایچ ای تنصیبات کے اردگردصفائی کانظام بہتربنائے رکھنے کی بھی ہدایات دیں۔
۔1947 کے متاثرہ مسلمانوں کے مسائل حل کرنے کامطالبہ
جموں //جموں مسلم فرنٹ نے حکومت کی توجہ مسلمانوں کے التوامیں پڑے ہوئے دیرینہ مسائل کوجلدحل کرنے کی جانب مبذول کرائی ہے جوکہ 1947 کے تاریخ کے بدترین سانحہ کے شکار ہیں۔ فرنٹ کے چیئرمین شجاع ظفر نے کہاکہ پانچ اضلاع کے مسلمانوں کوہردورمیں نظرانداز کیاگیا ہے جوقابل تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں وزیراعظم کے پیکیج میں جموں کے مسلمانوں کے سواباقی سبھی کوشامل کرناایک گتھلی مثال ہے۔ایسے حالات میں سب کاساتھ سب کاوکاس کے ایک معنی رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کسٹوڈین میں معاوضہ سے متعلق التوامیں پڑی ہوئی فائیلوں سے پی ڈی پی اوربی جے پی نے آنکھیں موندرکھی ہیں۔فرنٹ کے جنرل سیکریٹری نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ جموں کے مسلمانوں کودرپیش مسائل کوبغیرکسی تاخیرکے حل کریں اورہمیں احتجاج کاراستہ اختیارکرنے کیلئے مجبورنہ کیاجائے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے گورپرب کے انتظامات کاجائزہ لیا
جموں//ڈپٹی کمشنرجموں کمارراجیورنجن نے ایک میٹنگ کے دوران گورونانک دیوجی کے (پرکاش اُتسو) گوروپورب کے انتظامات کاجائزہ لیاجوکہ 4نومبر 2017 کومنایاجارہاہے۔ ڈی سی نے یکم نومبرکومنائے جارہے نگرکیرتن کے انتظامات کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے ان تہواروں کومذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منانے کے لئے متعددمحکموں کے حکام سے کہاکہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ اس دوران عقیدت مندوں کوکسی دشواری کاسامنانہ کرناپڑے۔ میٹنگ میں ان تہواروں کے دنوں کے دوران گاڑیوں کی آمدورفت کومعمول کے مطابق بنائے رکھنے ،موثر انتظامت کرنے ، طبی ٹیموں کی تعیناتی اورسڑکوں کی تجدیدومرمت کے امورزیربحث لائے گئے۔ڈی سی نے میونسپل حکام سے کہاکہ وہ شہرمیں اورگوردواروں کے گردونواح میں صحت وصفائی کوبہتربنائے رکھیں۔ بجلی اورپی ایچ ای محکموں کوتاکیدکی گئی ہے کہ وہ پانی سپلائی بغیرکسی رکاوٹ کے جاری رکھیں۔میٹنگ میں اے ڈی سی جموں ،ارون منہاس ،ایس ایس پی سیکورٹی اشوک شرما ،ایس ڈی ایم اوردیگرافسران بھی موجودتھے۔
جسٹس ماگرے و ہانجورہ کا آر ایس پورہ چلڈرنس ہوم کا دورہ
جوڈیشل ٹیم نے سہولیات کا جائزہ لیا
جموں//جسٹس علی محمد ماگر ے جو جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ جوینائل جسٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں کے ہمراہ ایم کے ہانجورہ نے آر ایس پورہ میں قائم اوبزرویشن ہوم ، چلڈرنس ہوم اور ناری نکیتن کا دورہ کیا اور وہاں رہائش پذیر افراد کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس ماگر ے نے کہا کہ ان اداروں میں دستیاب سہولیات مکمل طور پر مقررہ قوانین اور نارمز کے مطابق پائے گئے ۔انہوںنے مزید کہا کہ جوینائل کی کی باز آباد کاری کے لئے اقدمات اٹھائے جارہے ہیں۔پی او آئی ڈی ایس جموں کے علاوہ محکمہ سماجی بہبود کے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔