جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال سماج وجود میں لانے میں بُزرگ شہریوں کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوم کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے میں معزز شہریوں کے تجربات سے سیکھ حاصل کریں۔نائب وزیر اعلیٰ آج یہاں ایس سی آر سی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایم ایل سی وکرم رندھاوا کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت مختلف سکیموں اور پالیسیوں کے ذریعے سے بُزرگ شہریوں کو کئی مراعات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور جدید میں سماج میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جن کی وجہ سے بُزرگ شہریوں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے شہر جموں کی ترقی کے لئے ہاتھ میں لئے گئے کئی پروجیکٹوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے معزز شہریوں سے کہا کہ وہ ترقیاتی سرگرمیوں کے شراکت دار بنیں تا کہ پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بُزرگوں کے تجربات اور دانشمندی سماج میں اہداف حاصل کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔اس سے پہلے ایس سی آر سی کے صدر نے اس مرکز کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔