جموں//جموں وکشمیر ریاستی کمیشن برائے خواتین نے جموں کی ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ایک جانکاری پروگرام منعقد کیا۔ پروگرام کے انعقاد کا مقصد شرکاءکو خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے تحفظ کے لئے جاری اقدامات/ سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا۔جانکاری پروگرام جس کا موضوع”خواتین کی عزت کرو‘ کے دوران خواتین کی ہر سطح پر با اختیاری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ پروگرام میں150 آنگن واڑی ورکرز، ہیلپر، آشا ورکر، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر افسران نے شرکت کی۔چیئرپرسن جموں وکشمیر ریاستی کمیشن برائے خواتین نعیمہ احمد مہجور،ڈپٹی کمشنر جموں کمار راجیو رنجن، سیکرٹری ریاستی کمیشن برائے خواتین اعجاز عبداللہ، اے ڈی سی جموں کے علاوہ دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔دوران پروگرام شرکاءکو مختلف ریاستی و مرکزی سکیم کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی تا کہ ان سکیموں کے تحت ہی بنیادی سطح کے کارکن مستحقین تک لازمی جانکاری پہنچا سکیں۔شرکاءکو مختلف سکیموں بشمول جننی سُرکھشا یوجنا، جننی شِشو سرکھشا کاریکرم، اے آر ایس ایچ سکیم، لاڈلی بیٹی، کمسن لڑکیوں کی بااختیاری کے لئے راجیو گاندھی سکیم، ایس اے بی ایل اے ،پردھان منتری مانہ توا وندنا یوجنا وغیرہ سے متعلق جانکاری فراہم کی گئی۔شرکاءکو مختلف قومی اور ریاستی خواتین، خواتین کے تحفظ سے متعلق قوانین، خواتین کے حقوق، گھریلو تشدد قانون، جہیز پر پابندی سے متعلق قانون کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے چیئرپرسن نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے لاگو کئے گئے قوانین و سکیموں کے بارے میں جانکاری دینا لازمی ہے۔