راجوری //حد متارکہ پر شدید گولہ باری کے باوجود طلباء کا ایک گروپ نویں جماعت کا امتحان دینے گورنمنٹ ہائی سکول گھمبیر براہمناں پہنچنے میں کامیاب رہا۔محمد زبیر ، محمد مہجور ،محمد معروف ، آصف حسین اور عزیز چوہدری نامی یہ طلباء حد متارکہ کے نزدیکی گائوں نائیکہ پنج گرائیں میں رہتے ہیں جہاں سے وہ نویں جماعت کا امتحان دینے گھمبیر براہمناں پہنچے ۔ واضح رہے کہ منگل کے روز نائیکہ پنج گرائیں میں شدید گولہ باری اور فائرنگ ہوتی رہی اور لوگ گھروںسے باہر بھی نہیں نکلے ۔طلباء کے مطابق وہ صبح جب سکول کیلئے تیاری کررہے تھے تو اچانک سے فائرنگ اور گولہ باری شروع ہوئی لیکن انہوںنے اس کی پرواہ نہیں کی اور امتحان دینے چلے گئے ۔ان کاکہناتھاکہ ان کے پاس صرف دو ہی راستے تھے یاتو وہ گھر میں ہی بیٹھے رہیں اور امتحان چھوڑ دیں یاپھر کسی طرح سے سکول پہنچ کر امتحان میں شامل ہوجائیں اور انہوںنے دوسرے متبادل کو چنا اور سکول چلے گئے ۔انہوںنے بتایاکہ وہ گولہ باری ہونے والے علاقے سے نکل کر سکول پہنچے اور کسی طرح سے امتحان دینے میں کامیاب رہے ۔ محمد زبیر نے حکام پر زور دیاکہ سرحدی کشیدگی کو ختم کیاجائے اور انہیں پڑھائی کرنے کا موقعہ دیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ ان کے سکول بند رہتے ہیں جس کی وجہ روزانہ مشکلات کاسامنا کرناپڑتاہے ۔ جہاں یہ طلباء امتحان دینے میں کامیاب رہے وہیں کچھ طلباء ایسے بھی تھے جو امتحان نہیں دے پائے ۔