پانی کی عدم دستیابی :محلہ سینڈی گیٹ کے لوگوں کا احتجاج
پونچھ//حسین محتشم//ضلع پونچھ میں پانی کی قلت کی وجہ سے ہر طرف ہاہا کار مچی ہوئی ہے۔دوردراز علاقہ جات کی بات تو دور رہی پونچھ قصبہ کی عوام بھی پانی کی عدم دستیابی سے پریشان ہے ۔اس سلسلہ میں محلہ سینڈی گیٹ وارڈ نمبر10پونچھ کے مقامی لوگوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس دوران احتجاج میںمحلہ کے مردو خواتین اوربچے و بزرگ سب شامل ہوئے اور محکمہ پی ایچ ای کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے محکمہ کے لائین مین ، جے ای اور دیگر ملازموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔انہوںنے متعلقہ لائین مین پر الزام لگایا کہ وہ سیر و تفریح میں لگا رہتا ہے اورعوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے ذاتی مداخلت کریں اور محکمہ کے اعلیٰ افسرکو پانی کی سپلائی میں بہتری لانے کی ہدایت دی جائے ۔رابطہ کرنے پر محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے پانی میں کمی پائی جارہی ہے تاہم ان کا محکمہ پوری کوشش کرتاہے کہ ہر گھر تک پانی پہنچایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ محلہ میں بھی پانی کی سپلائی فراہم کی جائے گی ۔
ڈگری کالج گرائونڈ پونچھ میں صفائی مہم چلائی گئی
پونچھ//حسین محتشم// پونچھ میں عوام کو صفائی کے تئیں بیدار کرنے کے لئے محکمہ پولیس کے افسران اور پونچھ کے کھلاڑیوں کی جانب سے صفائی مہم چلائی گئی۔اس دوران اے ایس پی پونچھانوار الحق کی قیادت میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور افسران نے گرائونڈکی صفائی کر کے عوام کو اپنے ارد گرد صفائی رکھنے کا پیغام دیا۔ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد نعیم،ڈی وائی ایس پی ڈی آر موہن لعل اور ڈی وائی ایس پی محمد سلیم نے کہا کہ مذہب اسلام میں صفائی کو جزوِ ایمان قرار دیا گیا ہے جبکہ دیگر مذاہب میںبھی صفائی کو اہمیت دی جاتی ہے۔انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ گرائونڈ کی صفائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے گھروں کے ارد گرد بھی صفائی رکھیں اور دوسروں کو بھی صفائی کا پیغام دیں۔اس موقعہ پر پرویز احمد آفری، آصف گنائی ، فیصان علی وغیرہ بھی موجود تھے۔
آنگن واڑی ورکروہیلپر یونین کا اجلاس
پونچھ//حسین محتشم//پونچھ ضلع کی آنگن واڑی کارکنوں اور آنگن واڑی ہیلپروں کا ایک اجلاس پریڈ گراؤنڈ پارک میں منعقدہوا۔اس موقعہ پر ضلع بھر سے کارکنان نے شرکت کی ۔یہ اجلاس آنگن واڑی ورکرس اینڈ ہیلپریونین پونچھ کے بینر تلے منعقد کیا گیا جس میں یونین کی صدرنصیب جان ، سینئر نائب صدر نعیم سلیمی،نائب صدرشمیم اختر ،جنرل سیکریٹری وحیدہ تبسم،زولیخابیگم اور زرینہ بیگم ،نشرو اشاعت سیکریٹری ہرجیت کو ر وغیرہ بھی موجود تھیں ۔اس دوران مقررین نے مخلوط سرکار پر الزام لگایا کہ وہ ملازموں کے ساتھ استحصال کی پالیسیاں اپنائے ہوئے ہے ۔انہوں نے محکمہ آئی سی سی ڈی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آنگن واڑی ورکرس اور ہیلپرس کے مطالبات پورے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے آنگن واڑی کارکنوں کی اجرتوں میں اضافہ ، تجربے کی بنا پر ان کوترقی دینے ، زیر التوا فائلوں کو مکمل کر کے فہرستوں کو فوری نکالنے،نئی پنشن اسکیم عملانے،انشورنس اسکیم عملانے، موبائل ری چارج اور ایم ایم آر آن لائن اخراجات کے لئے رقومات فراہم کرنے اور دیگر ملازموں کی طرح تمام سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پرچیئرمین جموں کشمیر انصاف مومنٹ جاوید اقبال ریشی، عبدالرشید شاہپوری، فوجی محی الدین، اعجاز کٹاریہ وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
تانترے کا کربلائی سے اظہار تعزیت
پونچھ//ایم ایل اے کرگل اصغر علی کربلائی کی صاحبزادی کی وفات پر ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں موصوف نے اُن کی مرحومہ صاحبزادی کے انتقال پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ اپنی کم سنی میں ہی صوم و صلوٰۃ کی کافی پابند تھیں۔ تانترے نے کہا کہ چند روز قبل گیس اخراج کے پیش آئے حادثے کے وقت بھی مرحومہ نفلی روزے کی سحری کھانے کا اہتمام کر رہی تھیں کہ وہ حادثے کا شکار ہو گئیں۔ اُنہوں نے لواحقین کے ہمراہ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اِن دُکھ بھرے لمحات میں اُن کے ساتھ برابر شریک ہیں۔ موصوف نے مرحومہ کی تسکین روح اور جنت الفردوس میں اُن کے اعلیٰ مقام کے لئے اپنی رہائش گاہ پر ایک دُعائیہ مجلس منعقد کی جس میں اُن کی حتمی مغفرت کے لئے دُعائے خیر کی گئی۔
درہ تھنہ منڈی میں طبی سہولیات نہ دارد
حاملہ خواتین راستہ میں دم توڑ دیتی ہیں
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ درہ کی عوام نے علاقے میں سب سنٹر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں محمد سعید نجار، چوہدری شبیر احمداور چوہدری محمد ریاض نے بتا یا کہ درہ ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں طبی سہولیات فراہم نہیں اس لئے علاقے میں طبی مراکز کھولاجائے ۔ان کاکہناہے کہ پنچایت درہ کی 2000 سے زائد آبادی ہے اور یہ پنچایت تحصیل تھنہ منڈی کے کونے میں پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے جہاں موسم خراب ہوتے ہی برف باری کا سلسلہ شروع ہوجاتاہے۔ان کاکہناہے کہ مقامی خواتین اور بزرگوں کو بیماری کی حالت میں پیدل 6سے7 کلو میٹر سفر طے کر کے تھنہ منڈی کے مرکزی سنٹر پر لا نا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کی راستہ میں موت واقع ہوجانے کا احتمال رہتاہے اورگزشتہ دنوں موسم کی خرابی کی وجہ سے درہ سے تعلق رکھنے والی ایک حاملہ خاتون کووقت پر تھنہ منڈی نہ پہنچایاجاسکاجس نے برہون کے مقام پر ہی دم توڑ دیا۔انہوںنے کہاکہ سرکاردیہی علاقوں میں طبی خدمات کی فراہمی کے دعوے تو کرتی ہے لیکن درہ کے عوام کو ایسی کوئی سہولت میسر نہیں ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ فوری طور پر حکومت اور انتظامیہ کو اس سلسلے میں اقدامات کرکے درہ میں ایک سب سنٹر قائم کرناچاہئے ۔انہوں نے دیہاتوں کو قصبہ تھنہ منڈی کے ساتھ جوڑنے والی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کے علاقہ کے دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں ۔
نیشنل کانفرنس کو اپنا محاسبہ کرناچاہئے
پی ڈی پی نے نظام میں شفافیت اور جوابدہی لائی :شہزاد خان
راجوری //پی ڈی پی کے ریاستی سیکریٹری شہزاد خان نے نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعت کے شفافیت اور جوابدہی کے کھوکھلے دعوئوں کی حقیقت سب کے سامنے ہے ۔اپنے ایک پریس بیان میں شہزاد خان نے کہاکہ بھرتی عمل میں ہر قسم کا فراڈ ، غلط کاری ، اقرباپروری اور چور دروازے سے تعیناتیاں صرف نیشنل کانفرنس کے دور میں ہوئیں اور اس جماعت کی قیادت میں بننے والی ہر ایک حکومت نے بدحکمرانی کی مثالیں قائم کیں ۔شہزاد خان نے کہاکہ وہ نیشنل کانفرنس لیڈران سے پوچھناچاہتے ہیں کہ وہ کوئی ایک ایسی بھرتی بتائیں جس میں شفافیت اور جوابدہی سے کام لیاگیاہو ۔ ان کاکہناتھاکہ نیشنل کانفرنس کی غلط کاریوں کی وجہ سے باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی اور نظام پر بہت خراب اثر پڑا۔پی ڈی پی نوجوان لیڈر کاکہناتھاکہ پی ڈی پی نے اپنے دور میں نہ صرف صاف و شفاف طریقہ کار اپنایا بلکہ ریاست کے تینوں خطوں کے ساتھ مساویانہ سلوک کیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ بغیر کسی تفریق کے مستحقین کو ان کا حق دیاگیا اور کسی کی حق تلفی نہ ہوئی ۔ ان کاکہناتھاکہ پولیس کانسٹبل بھرتی کو صاف و شفاف طریقہ سے انجام تک پہنچانا ایک واضح مثال ہے ۔شہزاد نے کہاکہ پولیس کانسٹبل بھرتی ہمیشہ سے جانبداری اور اقربا پروری و دیگر خامیوں کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہی لیکن پی ڈی پی نے اس میں شفافیت اور جوابدہی لائی اور حالیہ بھرتی میں انہی نوجوانوں کو حق ملا جو اس کے حقدار تھے ۔انہوںنے کہاکہ چاہے میڈیکل ، انجینئرنگ ، گزیٹیڈ ، نان گزیٹیڈ یا درجہ چہارم کی بھرتی ہو ، موجودہ حکومت نے ہر ایک معاملے میں شفافیت لائی اور حقداروں کو ان کا حق دیا ۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس لیڈران کو حکومت پر انگلی اٹھانے سے قبل اپنا محاسبہ کرناچاہئے کہ ان کی جماعت نے کس قد ر نظام کو تباہ کیا ۔
نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا
مینڈھر کا سکالر مغربی بھارت کیلئے کوآرڈی نیٹر نامزد
مینڈھر //مینڈھر کے سلواہ گائوں سے تعلق رکھنے والے اعجاز علی شاہ کوقومی سطح پر نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا کا مغربی بھارت کیلئے کوآرڈی نیٹر چناگیاہے ۔انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مقامی سطح پر کورآرڈی نیٹر وں کی تعیناتی کریں اور انہیں اکتیس مارچ سے قبل تربیت بھی فراہم کی جائے ۔اعجاز جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی سکالر ہیں اور وہ یونیورسٹی کی این ایس یو آئی ونگ میں بھی اہم عہدے پر فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ دیگر 31کوآرڈی نیٹروں کے ساتھ ان کی تعیناتی پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد این ایس یو آئی کے قومی صدر فیروز خان کی طرف سے عمل میں لائی گئی ہے ۔اتنی بڑی ذمہ داری تفویض کئے جانے پر انہیں فیس بک اور دیگر سماجی روابط کی ویب سائٹوں پر مبارکباد پیش کی جارہی ہے ۔
اردو کونسل کا قیام تاریخی فیصلہ:پی ڈی پی
وزیر اعلیٰ کو اہل اردو مدتوں یاد رکھیں گے
پونچھ//پی ڈی پی ضلع پونچھ کے جنرل سیکریٹری تنویر احمد ڈار نے ریاست میں پہلی بار اُردو کونسل کے قیام کے لئے ریاستی وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے ایک پریس بیان میں تنویر ڈار نے کہا کہ دیر آئید دُرست آئید کے مصداق یہ محبوبہ مفتی حکومت کا ایک اور تاریخی کارنامہ ہے جس کے لئے اُنہیں مُدتوں یاد رکھا جائے گا۔ تنویر ڈار نے ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ایوانِ اسمبلی میں وہی ایک واحد ایم ایل اے تھے جنہوں نے زور دار انداز میں وزیرِ اعلیٰ کی گرانٹس پر اُردو کونسل قائم کئے جانے اور پولیس کو کے پی ایس کیڈر دئیے جانے کی مانگ کی تھی۔ ڈار نے تانترے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے دونوں مطالبات کو منظور کر لیا گیاہے۔ تنویر نے کہا کہ تانترے نے اس سال بھی پونچھ کے مسائل کے علاوہ ایوان میں سکھ طبقہ کو اقلیتی درجہ بندی دیئے جانے کی وکالت کی جس سے اُن کے دور اندیشانہ عزائم کا پتہ چلتا ہے۔ اُنہوں نے محبانِ اُردو اور دانشوران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام حضرات بھی ایم ایل اے پونچھ کی اس کائوش پر اُنہیں تہنیت پیش کریں ۔ ڈار نے کہا کہ ہمیں وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو بھی تسلیم کرنا چاہئے کہ اُردو کونسل کے قیام میں ایم ایل اے پونچھ کا بڑا ہاتھ ہے اور وہ اس کی بھی مبارک بادی کے برابر مستحق ہیں۔ تنویر ڈار نے کہا کہ تانترے کے اسمبلی میں پونچھ کی بے حدمتاثرانہ قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ پونچھ کی گونگی سیاست کے دور کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے۔
خاتون کی پراسرار موت
نیوز ڈیسک
راجوری //راجوری میں ایک خاتون کی پراسرار طور پر موت ہوگئی ہے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ 23 سالہ خاتون رضیہ کوثر زوجہ نذیر حسین ساکن ٹھکریاں راجوری نے کوئی زہریلی شے کھالی جس سے اس کی موت ہوگئی ۔خاتون کی حالت بگڑ جانے پر اسے ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں سے ڈاکٹروں نے سے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیا جہاں اس نے دم توڑ دیا ۔پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ خاتون کی موت کا اصل سبب کیاتھا ۔