منڈی //ستمبر 2014کے سیلاب نے جہاں پوری ریاست میں تباہی مچائی وہیں سرحدی علاقے اڑائی کو جانے والی سڑک بھی سیلاب سے شدید نقصان پہنچا اوراس کا کچھ حصہ ڈھہ گیا ۔تاہم حیران کن طور پرساڑھے تین سال گزر جانے کے بعد بھی حکام نے اس سڑک پر کوئی توجہ نہیں دی اور اسے آج تک اسی حالت میں رکھاگیاہے ۔اڑائی گائوں وسیع آبادی پر مشتمل ہے جہاںسے روزانہ سکولی طلباء اور دیگر لوگ اسی سڑک سے چل کر آتے جاتے ہیں ۔ محمد نذیر نامی ایک شخص نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے تین سال س وہ اس سڑک پر سفر کررہے ہیں مگر ان کو یہ پتہ نہیں ہوتاکہ کب گاڑی نیچے لڑھک جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ متعدد دفعہ مقامی لوگوںنے سڑک کی تعمیر کے حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر اور دیگر حکام کو گزارشات کیں مگر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوںنے کہاکہ اڑائی گائوں کو جانے والی یہ واحد سڑک ہے جس کو عدم توجہی کاشکار بنادیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ سیلاب کے بعد کابینہ وزیر ذوالفقار چوہدری نے بھی اس علاقے کادورہ کیا اور یہ یقین دہانی دلائی کہ سڑک کی جلد مرمت کی جائے ی لیکن آج تک اس کی حالت ویسی ہی ہے ۔ مقامی لوگوںنے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے اس سڑک کی تعمیرو مرمت کی ہدایت جاری کریں ۔