بالاکوٹ کو نظرانداز کرنیکا الزام
رقومات پر غیر جانبدرانہ تحقیقات کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//پیر پنجال عوامی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری مشتاق احمدفانی نے کہا ہے کہ بالاکوٹ کے مظلوم عوام کے تحفظ کے لئے واگزار فنڈز کی تحقیقات کروائی جائے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ اب تک مرکزی و ریاستی سرکار نے کتنی رقومات دیں اور زمینی سطح پر کتنے پیسے صرف کئے گئے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ BRGFاورBADPکے لئے مختص رقومات کو سرحدی علاقوں کے بجائے دیگر علاقوں میں خرچ کیاجارہاہے اور بالاکوٹ کے لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔انہوںنے کہاکہ بالاکوٹ کے لوگ جان کی امان مانگ رہے ہیں اور اگر مقامی ممبران قانون ساز یہ نے اپنے حلقہ اختیاراتی فنڈز میںسے ایک سال کی رقومات ہی اس مقصد کیلئے خرچ کی ہوتی تو 300سے بینکر ایک ہی سال میں تعمیر کئے جاسکتے تھے ۔انہوںنے کہاکہ مقامی لیڈران اس علاقے کا دور ہ خالی نمائشی طور پر کررہے ہیں اور انہیں لوگوں کے مسائل سے کوئی فکر نہیں ۔ فانی نے کہاکہ مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت دی گئی رقومات پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائے ۔
نڑول لفٹ سکیم برائے نام
عوام پانی کیلئے ایک ماہ سے ترساں ،گھوڑے والوں کے وارے نیارے
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے نڑول علاقے کوپانی سپلائی کرنے والی لفٹ سکیم پچھلے ایک ماہ سے خراب پڑی ہے جس کے نتیجہ میں بہت بڑی آبادی پانی کی بوند بوند کو ترساں ہے اور اسے منہ مانگی قیمت پر گھوڑے والوں کے ذریعہ دور دور سے پانی لاناپڑتاہے ۔اس سکیم کوکسبلاڑی ،نڑول ،چھونگاںاور چک بنولہ میں پانی فراہم کرنے کیلئے لگایاگیاہے لیکن محکمہ کی لاپرواہی کا عالم یہ ہے کہ ایک ماہ سے موٹر ٹھیک نہیں کروائی جاسکی ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہ سکیم ان کیلئے کبھی بھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوئی اوربہت کم دنوں میں انہیں پانی ملا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ یہ معمول بن گیاہے کہ موٹرخراب ہوجاتی ہے جس کے بعد مہینوں تک اس کو ٹھیک نہیں کروایاجاتا۔انہوںنے کہاکہ اگرموٹر ٹھیک ہوتوپمپ خراب کر دیا جاتا ہے تاکہ ملازمین کو ڈیوٹی کی تکلیف نہ کرناپڑے ۔مقامی لوگوں نذیر حسین،محمدرشید،مقصود احمد،جمال دین اورخادم حسین کہناہے کہ کاغذات میں تو یہ بہت بڑی سکیم ہے لیکن وہ ایک ماہ سے پانی سے محروم ہیں کیونکہ اس کی موٹر جلادی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر کچھ عرصہ کے بعد موٹر خراب ہوجاتی ہے اور پھر اسے ٹھیک کرانے میں کئی مہینے لگتے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ چاہڑاں کلیاں اور چھونگاں کے عوام گھوڑوں والوں سے قیمتی پانی لانے پر مجبور ہیں اور انہیں دو گیلن کیلئے 100روپے دینے پڑتے ہیں ۔انہوںنے متعلقہ حکام خاص طور پر محکمہ کے وزیر سے اپیل کی کہ وہ ان پر ترس کھاکر پانی کی سپلائی فراہم کرائیں اور مقامی سطح پر تعینات ملازمین سے باز پرس کی جائے ۔
عید گاہ چوک تا باغ ڈیوڈی
بے تکی پارکنگ سے راہگیر پریشان
حسین محتشم
پونچھ // قصبہ پونچھ میںغلط پارکنگ اور ناجائز تجاوزات نے راہگیروں کے راستے مسدود کردیئے ہیں۔خصوصی طور پر پونچھ قصبہ کی سب سے اہم شاہراہ پر عید گاہ چوک تا باغ ڈیوڈی تک مسافر گاڑیوں کے علاوہ لوگ اپنی موٹر سائیکل اور دیگر نجی گاڑیاں کھڑی کر کے اِدھر اُدھر نکل جاتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑتا ہے اور ہر روز لوگ پریشان ہوجاتے ہیں۔اگر چہ اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ اور ضلع پولیس کی جانب سے اس سڑک پر ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں یک طرفہ ٹریفک چلایا گیا لیکن غلط پارکنگ کی وجہ سے یک طرفہ ٹریفک کے باوجود جام لگ جاتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی تجاوزات اور غلط پارکنگ کی وجہ سے کئی گھنٹے ٹریفک جام رہا ۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے ادبی شخصیت پردیپ شرما نے کہا کہ پونچھ میں ٹریفک کا کوئی نظام ہی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور مارکیٹ کے گردونواح میں رش کے اوقات میں غلط پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک بسنت رتھ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف دوہفتوں میں جموں میں نمایاں تبدیلی لائی اوراسی طرح سے پونچھ کے بے ڈھنگے ٹریفک نظام کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کے افسران کو سڑک پر تعینات رکھاجائے تاکہ غلط پارکنگ نہ ہوسکے ۔
مینڈھر میں سابق فوجیوں کا اجلاس
مینڈھر// سابقہ فوجیوں کی ایک میٹنگ چھترال مینڈھرمیں منعقد ہوئی جس میںسابقہ فوجیوں اور مارے گئے فوجیوںکی بیوائوں نے بھی شرکت کی ۔ اس دوران خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے حوالدار محمد شمیم ضلع صدر ایکس سروس مین نے فوجیوں کے مسائل بھی اجاگر کئے ۔ انہوںنے مسائل کو ڈائریکٹر سینک ویلفیئر آفیسر کے نوٹس میں لاتے ہوئے انہیں حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔اس دوران حال ہی میں سبکدوش ہونے والے سابقہ فوجیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ انہیں سمارٹ کارڈ کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی جبکہ کینٹین کارڈ بھی تقسیم کئے گئے ۔ سینک ویلفیئر افسر نے یقین دلایاکہ تمام مسائل حل کئے جائیںگے اور سابق فوجیوں اور ان کے کنبوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہیں آئے گی۔اس دوران نائیک محمد سلیم اور نائیک محمد فرید کے کنبوں کوفوج کی طرف سے دس دس ہزار روپے کا نقد چیک دیا گیا۔اس موقعہ پر کیپٹن معروف احمد ، صوبیدار محمد ایوب، حوالدار محمد زمان ، حوالدار کلرک )ایس ڈی(محمد رشید، وسیم چوہدری، کیپٹن امحمد رزاق،کیپٹن محمد صدیق، حوالدار محمد لطیف، نائیک گلزار حسین ، حوالدار ذاکر حسین اور حوالدار محمد سرور خان بھی موجو دتھے ۔
یوتھ سول سوسائٹی منڈی کا اجلاس
منڈی //منڈی تحصیل کے نوجوانوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران یوتھ سول سوسائٹی کی دیہی کمیٹی تشکیل دی گئی ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ آئے دن سماج میں کئی قسم کی برائیاں پھیل رہی ہیں جن کو ہر ممکن کوشش کرکے روکنا ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سماج کو بچانے کیلئے ہر ایک فرد کو کمر بستہ ہوجاناچاہئے اور منشیات سمیت تمام برائیوں کا قلع قمع کیاجائے ۔ اس دوران ایک دیہی تنظیم تشکیل دی گئی اور اتفاق رائے سے عبدالرزاق بٹ کو یوتھ سول سوسائٹی منڈی کا صدر بنایاگیا جبکہ مشتاق بٹ اوررشید احمد کو بھی تنظیم میں شامل کیاگیا ۔ رزاق بٹ نے کہاکہ سماج دن بدن برائیوں کی سمت جارہاہے جن سے روکنا ہر ایک کا فرض ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت بھی یہاں کے لوگوں کو نظرانداز رکھ رہی ہے اور سیاسی جماعتیں اپنے اپنے ورکروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے منڈی کیلئے ڈگری کالج کا اعلان نہ کرکے لوگوںکے جذبات سے کھلواڑ کیاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ لوگوں کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ ساوجیاں ، لورن ، بیلہ بالا سے چالیس اور پچاس کلو میٹر طے کرکے اپنے بچوں کو پونچھ کالج بھیج کر تعلیم دلواسکیں ۔ اس موعہ پر مشتاق بٹ ، رشید احمد ، شکیل احمد ، محمد صابر ، محمد اسحق ، منظو ر احمد ، نذیر حسین ، محمد طارق ، عبدالرشید ، شیخ اسحق ، جمیل احمد ، ڈار رشید ، ریاض لون وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
خطہ پیر پنچال کے متعدد ملازم و افسران سبکدوش
راجوری +پونچھ// خطہ پیر پنچال کے متعدد افسران و ملازم 28فروری کو اپنے اپنے عہدوںسے سبکدوش ہوگئے ۔ان کے اعزا زمیں تقاریب منعقد کی گئیں اور مقررین نے ان کی خدمات کی ستائش کی ۔
اسسٹنٹ سب انسپکٹر افسر خان
اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد افسر خان بدھوار محکمہ پولیس سے سبکدوش ہو گئے۔ ان دنوں وہ مینڈھر سیکٹر میں کائونٹر انٹیلی جنس میں بطور انچارج کام کر رہے تھے۔ بدھوار کو ڈی ایس پی (سی آئی ) اور ان کے اہلکاروں نے پونچھ سے ان کو الوداع کیا جس کے بعد وہ مینڈھر تھانہ میں پہنچے جہاں سے سی آئی ڈی سے وابستہ اہلکاروں نے ان کو اپنے گائوں اڑی پہنچایا۔ ان کے ہمراہ ڈی ایس پی ریاض احمد تانترے ،ڈی ایس پی (سی آئی ڈی ) سی آئی ، ایس ایچ او مینڈھر محمد امین چوہدری و دیگر افسران بھی تھے ۔وہیں گھر پہنچنے پر مقامی لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ محمد افسر خان 39سال محکمہ پولیس میں تعینات رہے اور انہیں خوشی ہے کہ اس دوران انہوں نے ایمانداری سے کام کیا جس بناپر انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔آخر پرمحمد افسر خان نے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔
ماسٹر رزاق بجاڑ
گورنمنٹ ہائی سکول جڑانوالی میں تعینات ماسٹر محمد رزاق بجاڑ 42 سال کی خدمات کے بعد سبکدوش ہوئے ۔ ان کے اعزاز میں سکول میںایک تقریب منعقد کی گئی جہاں سے ان کو ہار ڈال گھر تک لایا گیا۔اس موقعہ پر چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ ،ایس ڈی ایم مینڈھرراہل یادو،تحصیلدارمینڈھر، ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے ،پرنسپل ہائر اسکنڈری سکول بھاٹہ دھوڑیاں ،زیڈ ای اوچوہدری قمر دین ،چوہدری محمد صادق ،نذیر حسین ،محمد شفیع وغیرہ بھی موجو دتھے ۔مقررین نے بجاڑ کی کارکردگی کی سراہنا کی ۔
پرنسپل زیب النساء
ہائر اسکینڈری اسکول گونتھل سے میڈم زیب النساء بطور پرنسپل سبکدوش ہوگئیں ۔ان کے اعزاز میں ان کی رہائش گاہ اقبال نگر سرنکوٹ میں تقریب منعقد کی گئی جس میں اساتذہ کے علاوہ معززین نے بھی شرکت کی۔انہوںنے میڈم زیب النساء کو ایک ہمدرد اور فرض شناس آفیسر قرار دیااور محکمہ تعلیم کے تئیں ان کی خدمات کی سراہنا کی۔
محمد یعقوب خان
37 سالہ خدمات کے بعدبالاکوٹ کے محمد یعقوب خان محکمہ زراعت سے سبکدوش ہوگئے ۔ محکمہ کے افسران اور عملہ نے انہیں ہار پہنا کر الوداع کیا او ران کی خدمات کی ستائش کی ۔انہوںنے کہاکہ موصوف کا حسن اخلاق اعلیٰ درجہ کا ہے اور انہوںنے ایمانداری سے خدمات انجام دی ہیں ۔
سرداری لعل
محکمہ آئی ڈبلیو ڈی میں33سالہ خدمات کے بعد محکمہ دیہی ترقی(DRDA)سے سبکدوش ہونے والے اکائونٹ اسسٹنٹ سرداری لعل کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ، ہیڈ اسسٹنٹ عبدالغنی، اکائونٹ افسر بشیر چوہدری، ستویر کور، منجوت سنگھ، رونیت دلیر سنگھ، پریا شرما، فوزیہ مشتاق اور رسمیت کور کے علاوہ محکمہ کے دیگر ملازمین نے بھی شرکت کی ۔ایڈیشنل ڈی سی نے سرداری لعل کی33سالہ خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ اپنی ملازمت کے دوران سرداری لعل نے نہایت ہی ایماداری اور ذمہ داری سے فرائض منصبی انجام دیئے۔دیگر مقررین نے بھی ان کی سراہنا کی ۔ملازموں کی جانب سے سرداری لعل کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انہیں تحائف بھی پیش کئے ۔بعد از آں ایک ریلی کی صورت میں انہیں ان کے گھر پہنچایا گیا۔
خواجہ غلام محمد شیخ اور محمد تقی بانڈے
محکمہ پی ایچ ای میں بطو رلائن مین کام کرنے والے خواجہ غلام محمد شیخ اور محمد تقی بانڈے سبکدوش ہوگئے ۔اس سلسلے میں محکمہ کی طرف سے ایک تقریب منعقد کی گئی جہاںدونوں لائین مینوں کی خدمات کی ستائش کی گئی ۔ پروگرام کی صدارت اے ای ای سلیم بانڈے نے کی جبکہ نظامت کے فرائض پی ایچ ای ایسوسی ایشن تحصیل صدر پیر شہاب الدین کر رہے تھے ۔مقررین نے کہا کہ دونوں ہی لائین مین اپنے انداز میں عوام کی خدمت سرانجام دیتے رہے اور جہاں پر بھی گئے ،وہاں ہر ایک کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر اپنے فرض کوادا کیا ۔اس دوران ماسٹر اکبر علی انصاری، مبشر بانڈے اورنجم جعفری وغیرہ نے سبکدوش لائین مینوں کو مبارک باد دیتے ہوے کہا کہ ہر ایک انسان کی یہی مثال ہے ایک دن پیدائش کا ہے اور ایک موت کا اسی طرح ایک دن انسان اپنی ملازمت کا آغاز کرتا ہے اور ایک دن اس کو الوداع کہہ کر اپنے گھر کا رْخ کرتا ہے لیکن اس دور میں باعزت طریقہ سے سبکدوش ہونا کسی سرکاری ملازم کے اعزاز کیلئے باعث فخر ہے۔
دیش کمار شرما
35سال تک محکمہ پلاننگ میں اپنی خدمات انجام دینے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محکمہ تعلیم دیش کمار شرما عہدے سے سبکدوش ہوگئے ۔وہ دسل جٹاں گائوں کے رہنے والے ہیں جو چیف ایجوکیشن افسر راجوری میں تعینات تھے ۔ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں محکمہ تعلیم افسران و ملازمین اور معززین نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر ان کی کارکردگی کی سراہنا کی گئی اور مقررین نے کہاکہ انہوںنے سادگی سے اپناکام کیا ۔اپنے خطاب میں شرما نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کو محنت اور لگن سے کام کرناچاہئے ۔
اردو کونسل کے قیام کا خیر مقدم
راجوری //خطہ پیر پنچال کے شعراء و ادبا ء نے اردو کونسل کے قیام کیلئے ریاستی حکومت کی ستائش کرتے ہوئے اسے اردو زبان کی ترویج و ترقی کیلئے ایک اہم فیصلہ قرار دیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس فیصلے سے اردو زبان کا درجہ بحال ہوگا۔شعراء و ادباء شہباز راجوروی ، اے آر فدا ، نثار راہی ، خورشید بسمل ، اے ایس بہار ، ایس ایم اعظم شاہ ، محمد اقبال شال ، اشوک کمار شرما، خورشید جانم ، مہاراجکر ایشر ، مرزا خان وقار ، رشید قمر ، اقبال نازش ، پروفیسر حقیقت سنگھ ، پروفیسر اقبال رینہ ، ستپال شرما، کنو بڈیال، لیاقت نیئر ، پرویز ملک ، سوہن لعل شرما ودیگران نے اس فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک خوش آئند اقدام ہے جس کیلئے وہ وزیر اعلیٰ ، وزیر تعلیم اور کمشنر سیکریٹری برائے اعلیٰ تعلیم کاشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوںنے ذاتی دلچسپی لیکر اردو کونسل کے قیام کو ممکن بنایا ۔انہوںنے کہاکہ ایڈوائزری کونسل میں فاروق مضطر کی شمولیت قابل سراہنا ہے اور اس کیلئے موصوف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ فاروق مضطر نے بطور ماہر تعلیم اور قلمکار اپنانام کمایاہے او ران کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔
پونچھ میں ناجائز تجاوزات ہٹائی گئیں
حسین محتشم
پونچھ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرپونچھ بشارت حسین انقلابی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد نعیم اور چیف ای افسر محکمہ میونسپل کمیٹی ارشاد حسین صوفی نے پونچھ کے صدر بازار کا دورہ کرکے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا ۔انہوںنے بازار میں دوکانوں پر اشیائے خوردنی کی جانچ کر کے کئی دوکانداروں کے خلاف چالان بھی کاٹے ۔ انہوں نے اس دوران پالیتھین بھی ضبط کئے اور انتباہ دیاکہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی پر کارروائی کی جائے گی ۔
درویش ذاکر نظامی کی قیادت نظامی ویلفیئر ٹرسٹ قائم
حسین محتشم
پونچھ// روحانی شخصیت درویش ذاکر حسین نظامی کی قیادت میں جامع مسجد پنجتن پاک میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ یہ پروگرام غوث اعظم ؒ کی گیارہویں شریف سے منسوب تھا۔اس موقعہ پر مولانا مفتی سید بشارت حسین رضوی ،مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی ،بشارت خان ، مولانا حافظ عبد المجید مدنی ناظم اعلیٰ جامعہ انوارالعلوم ، مولانا سیدفداحسین شاہ پرنسپل جامعہ انوار العلوم ،مولانا اختر رضا مصباحی ،مولانا سید فاضل حسین شاہ ،مولانا سید خالد حسین شاہ وغیرہ بھی موجود تھے ۔اس دوران نظامیہ ویلفیئر ٹرسٹ کی تشکیل عمل میں لائی گئی اوراس کا چیئرمین شعبان رضا چشتی کو بنایاگیا۔ علاوہ ازیں وائس چیئرمین محمد بشیر ،جنرل سیکریٹری محمد یونس قادری ،سیکریٹری فاروق حسین شاہ ،خازن محمد فاروق اور مشتاق احمد ممبر بنایاگیا۔اس ٹرسٹ کی رجسٹریشن بھی کروائی گئی ہے ۔درویش ذاکر حسین نظامی نے بتایا کہ مسجد پنجتن پاک کی دوسری منزل لینٹر سطح تک پہنچ چکی ہے اور مدرسہ نظامیہ کے آٹھ کمرے تیار ہیں ،بہت جلد درس نظامی شروع کردیا جائے گا ۔
محکمہ دیہی ترقی پر سیاسی بنیادوں پر کام کرنیکا الزام
راجوری //کنٹریکٹر ایسو سی ایشن راجوری یوتھ کے صدر اشفاق ماگرے نے محکمہ دیہی ترقی پر سیاسی بنیادوں پر کام کرنے الزام عائد کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ بی اے ڈی پی کے تحت بے ضابطگیاں کی گئی ہیں اور رقومات کی تقسیم ممبران قانون سازیہ کی ایماپر ہورہی ہے ۔اپنے بیان میں ماگرے نے کہاکہ تمام تر لوازمات پورے کرنے کے بعد کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑدیاگیاہے اور ان کی رقومات ادا نہیں کی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ اس کے برعکس حکمران جماعتوں کے کارکنان کو کام دیئے جارہے ہیں اور یہ سب ممبران قانون سازیہ کی ایماپر ہورہاہے ۔انہوںنے یہ الزام بھی لگایاکہ کاموں کی الاٹ منٹ بغیر لوازمات کے ہوتی ہے اور اس میں صرف سیاسی وابستگی دیکھی جاتی ہے ۔ماگرے نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور محکمہ کے وزیر سے اپیل کی کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور کام مناسب طریقہ سے کروائے جائیں ۔ انہوںنے رقومات کے تصرف پر تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ۔
اے ڈی سی راجوری کا عہدہ کئی ماہ سے خالی
سمت بھارگو
راجوری //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری کا عہدہ پچھلے کئی ماہ سے خالی پڑاہواہے جس کی وجہ سے کام کام متاثر ہورہے ہیں ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ جولائی 2017میں اس وقت کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ممتاز علی کو تبدیل کرکے ان کی جگہ نئے افسر کو تعینات کیاگیا تاہم مذکورہ افسر نے جوائن کرنے کے کچھ ہی دن بعد پانچ ماہ سے زائد عرصہ کیلئے لمبی چھٹی لے لی جس کے بعد اگرچہ انہوںنے کام دوبارہ شروع کیا تاہم انہیں کچھ ہی دن بعد تبدیل کردیاگیا۔ ذرائع کاکہناہے کہ پچھلے چھ ماہ سے اے ڈی سی دفتر راجوری میں کوئی کام نہیں ہوا اور لوگ متاثر ہورہے ہیں ۔ وہیں 25جنوری 2018کو حکومت نے ڈپٹی لیبر کمشنر شیر سنگھ کو تبدیل کرکے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے طور پر تعینات کیا لیکن اس حکمنامے کے دو دن کے اندر ہی حکام نے یہ ہدایت دی کہ وہ اے ڈی سی پوسٹ راجوری پر تعینات نہ ہوں ۔ ذرائع کاکہناہے کہ اس بارے میں جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ ہی بتاسکتاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ سننے میں یہ آیاہے کہ حکومت نے یہ حکمنامہ نہ ہی واپس لیاہے او ر نہ ہی اس میں کوئی ترمیم کی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس وقت اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال اے ڈی سی کا اضافی چارج سنبھالے ہوئے ہیں لیکن کام کا بوجھ زیادہ ہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ ضلع کو اس وقت کئی طرح کے مسائل کاسامناہے اور جہاں ایک طرف سرحدی کشیدگی جاری ہے وہیں نوشہرہ ،سندر بنی اور کالاکوٹ میں ایجی ٹیشن ہورہی ہے لیکن اے ڈی سی پوسٹ خالی پڑی ہوئی ہے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ ضلع انتظامیہ راجوری نے بھی اس سلسلے میں حکام کو بتایاہے مگر ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔