منجاکوٹ //ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں پیرپنجال پیپلز ویلفیئر فورم کی ماہانہ میٹنگ اس کے چیئرمین ایڈووکیٹ استخار علی خان کی قیادت میں منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر سرحدی آبادی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ساتھ ہی دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔ استخار علی خان نے کہا کہ تحصیل منجاکوٹ ایک وسیع علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقہ بھی ہے مگر اس کے باوجود بھی سرحد کے نزدیک رہ رہے لوگوں کی بری حالت ہے اور حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں ۔استخار خان کاکہناتھاکہ سرحد کے نزدیک رہ رہے لوگوں کو روزانہ گولہ باری سے پریشان ہوناپڑتاہے اور سکول بند رہنے سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشی بھی ہلاک ہورہے ہیں اور مارٹر گولے لوگوں کے گھر پر گرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کوکوئی فکر نہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ دونوں ممالک کے درمیان فوری طور پر بات چیت شروع کرکے مسائل حل کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ منجاکوٹ میں کالج کی جلد سے جلد منظوری دی جائے تاکہ اعلیٰ تعلیم کیلئے طلباء کو دربدر نہ ہوناپڑے ۔انہوں نے کہا کہ پانی ،بجلی اور سڑکوں کی بھی خستہ حالت ہے جس کی طرف توجہ دی جائے ۔ استخار خان نے کہاکہ سرحدی علاقوں کیلئے ایمبولینس منظور کی جائیں اور پختہ بنکر تعمیر کئے جائیں تاکہ لوگوں کے جان و مال کو تحفظ مل سکے ۔اس موقعہ پر بلاک صدر محمد نواز شاہ،ماسٹر غلام،ماسٹر معروف خان،حاجی افسر اور محمد اسلم بھی موجو دتھے ۔