نوشہرہ //نوشہرہ کو ضلع کادرجہ دینے کی مانگ پر مسلسل 19ویں روز بھی بازار بند رہا اور لوگوںنے دوسرے روزبھی بھوک ہڑتال جاری رکھی ۔اس کے علاوہ بیوپار منڈل کی کال پراحتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔مقامی لوگ مانگ کررہے ہیں کہ نوشہرہ کو ضلع کادرجہ دیاجائے ۔منگل کے روز لوگوںنے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی جلوس نکالا ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے کہاکہ نکمی سرکار کو اٹھارہ دنوں سے کوئی اثر نہیں ہوا اور نوشہرہ کے لوگوں کو ان کا حق نہیں دیاجارہا ۔بھوک ہڑتال دوسرے روزبھی جاری رہی جس میں لگ بھگ دس افرادبھوک ہڑتال پربیٹھے ہیں ۔مظاہرین نے پٹیل چوک سے احتجاجی جلوس نکالا جو گلی کوچوںسے ہوتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹر پہنچااورلوگ دھرنے پربیٹھ گئے ۔اس موقعہ پر راجندرپرشاد، ڈاکٹراشوک شرما، ماسٹرسوم راج، دلجیت سنگھ،راجندرسنگھ وغیرہ نے سرکارسے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدسے جلدنوشہرہ کوضلع کادرجہ دیاجائے۔انہوں نے سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ پچھلے اٹھارہ دنوںسے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت کو کوئی ٹس سے مس نہیں ۔انہوںنے دس مارچ تک کا حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہاکہ اگر اس مدت کے اندر ضلع کادرجہ نہیں ملاتو وہ سرکار کو سنگین نتائج بھگتنے پڑیںگے ۔