پونچھ//لین دین کے آن لائن طریقہ کار کو رائج کرنے سے قبل واجب الادا رقومات کی واگزاری کے مطالبے کے ساتھ ٹھیکیدار ایسو سی ایشن پونچھ نے دسویں روز بھی احتجاج جاری رکھا جس دوران محکمہ تعمیرات عامہ ، محکمہ پی ایچ ای و محکمہ فلڈ کنٹرول کو تالا لگادیاگیا۔ٹھیکیداروں کاکہناہے کہ حکومت نئے نئے فیصلہ لیکر انہیں پریشان کررہی ہے ۔ ان کاکہناہے کہ جب تک واجب الا دا رقومات ادا نہ ہوجائیںتب تک نیا نظام رائج نہ کیاجائے ۔ٹھیکیدار ایسو سی ایشن پونچھ کے صدر آصف اقبال میر نے کہاکہ وہ تب تک ہڑتال جاری رکھیںگے جب تک کہ حکومت فیصلہ واپس نہ لے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکداروں نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے اور حکومت ان پر نئے نئے قوانین ٹھونس کر سڑکوں پر اتر نے کیلئے مجبور کر رہی ہے۔ان کاکہناتھاکہ ریاستی حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹھیکیدار برادری کے پہلے بقایاجات کو واگزار کرے اور اس قانون کو نافذ کرنے سے پہلے اس پر نظرثانی کی جائے ۔
سرنکوٹ میں بھی مظاہرہ کیاگیا
بختیار حسین
سرنکوٹ//ٹھیکیدار یونین کی جانب سے سرنکوٹ میں بھی احتجاج کیاگیا ۔ٹھیکیدار محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور انہوںنے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ آن لائن لین دین سے قبل ان کی واجب الادارقومات واگزار کی جائیں ۔انہوںنے کہاکہ ان کا یہ جائز مطالبہ ہے جس کو پورا کیاجائے ۔ٹھیکیداروں کاکہناتھاکہ صرف پندرہ فیصد رقومات کی واگزاری سے ان کا کچھ بننے والا نہیں اس لئے پوری رقم جاری کی جائے۔انہوںنے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت یہ جواب دے رہی ہے کہ اس کے پاس پیسے نہیں توپھر کس کے پاس پیسے ہیں جو انہیں دے گا۔