بالاکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے کہاکہ اقتصادی اور معاشی اعتبار سے ریاست جموں و کشمیر ملک کے دوسرے خطوں کی نسبتاً زیادہ ہی پسماندہ ہو چکی ہے اورآج تمام ترقیاتی منصوبے روبہ زوال ہیں۔اخبارات کے نام جاری بیان میں انہوںنے کہاکہ جی ایس ٹی کے نفاذ کی وجہ سے ریاست میںتاجر برادری کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ،یہاں تک کہ چھوٹے بڑے تمام تاجر اس کی زد میں ہیںاور ملازمین کو وقت پر تنخواہیں نہیں ملتی۔ان کاکہناتھاکہ ٹھیکیدار طبقہ کی واجب الادا رقومات کی ادائیگی میں بلاوجہ تاخیر اس بیمار معیشت کی طرف ایک واضح اشارہ ہے۔رانا نے دعویٰ کیا کہ جب سے مخلوط اتحاد اقتدار میں آیا ہے تب سے ریاست اور ریاستی عوام گوناںگوں مسائل سے دوچار ہے،آج ریاست میں قانون کی بالادستی کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے اورنفرت ،تقسیم اور تفریق کا رجحان عروج پر ہے۔انہوںنے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک حد تک محدود کرد یا گیا ہے اوررجعت پسندی زور پکڑ رہی ہے ۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ ریاست کو داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے،اہل اقتدار ریاست کی بقا اور سالمیت کے بجائے اپنے اقتدار کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ان کاکہناہے کہ ریاست میں تمام زیر تعمیری منصوبے یا تو مکمل طور پر بند کر دیئے گئے ہیں یا پھر ایک گہری سازش کے تحت ان منصوبوں کو التوا میں رکھا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ خشک سالی کی وجہ سے تمام قدرتی چشمے خشک ہوتے جا رہے ہیںجبکہ زیر تعمیر تمام لفٹ اسکیموں پر کام التوا میں رکھا گیا ہے ۔انہوںنے سرکار سے مطالبہ کیا کہ زیر تعمیر تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام شد و مد سے شروع کیا جائے اور مینڈھر کی لفٹ سکیموں کو کارگر بنایاجائے ۔