راجوری+پونچھ //عالمی یوم خواتین کے موقعہ پر راجوری اور پونچھ میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں ۔اس سلسلے میں ایک تقریب طارق کالج آف ایجوکیشن راجوری کی طرف سے کالج کے کیمپس ڈسل میں منعقد ہوئی ۔ پروگرام کا اہتمام پرنسپل کالج امن دیپ نے کیا جبکہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی پرنسپل ڈی پی ایس راجوری دیپک کمار تھے ۔اس دوران طلباء نے اس دن پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے خیالات کااظہار کیا ۔ مقررین نے اس بات پر زور دیاکہ جنسی تفریق کا خاتمہ کیاجائے اور لڑکیوں کو بھی برابر کا حق دیاجائے ۔دریں اثناء اسی طرح کی ایک تقریب گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت پرنسپل ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے کی ۔ اس دوران دنیا کی معروف خواتین کے نام سے سیمپوزیم کا انعقاد بھی کیاگیا جس میں آٹھ طلباء نے حصہ لیا ۔ سیمپوزیم میں دانش بشیر اور فلاور چاند نے پہلی جبکہ حق نواز اور محمود احمد نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اپنے خطاب میں شکیل رینہ نے کہاکہ سماج کی ترقی میں خواتین کا اہم رول ہے اور مرد و خواتین دونوں کی خدمات کی وجہ سے سماج کی مکمل ترقی ہوتی ہے ۔اسی سلسلے میں پونچھ میں بھی سٹیٹ بینک آف انڈیا نے گرلزہائر سیکنڈری سکول شیش محل میں مفت طبی کیمپ منعقد کرکے پچاس سے زیادہ طالبات کی طبی جانچ کی ۔ اس موقعہ پر سٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے چیف منیجرروی شنکر کمار، اسسٹنٹ منیجر سندیپ بٹ، اسسٹنٹ منیجر سندیپ بنٹی، اسسٹنٹ منیجر سنیت سنگھ، ڈپٹی سی ایم او، ڈاکٹر شمیم بھٹی، ڈاکٹر روبی بھٹی اور دیگران موجود تھے ۔