شام میں قتل عام کی مذمت
مینڈھر //جموں و کشمیر پیپلز ویلفیئر فائونڈیشن کے صدر نے شام میں قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر اس کے روک تھام پر زور دیاہے ۔تنظیم کے صدر نے کہاکہ وہ وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہیں جو عام شہریوں کے خلاف کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ انسانیت کا قتل عام ہے اور اس معاملے میں اقوام متحدہ و دیگر تنظیموں کو سخت نوٹس لیناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ شام میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیاجارہاہے اور وہ عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ اس قتل عام پر روک لگائی جائے اور اس ملک کو مزید تباہ ہونے سے بچایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ شام کے مسئلہ کا جنگی نہیں بلکہ سیاسی حل تلاش کیاجائے ۔
انجمن رودالبشر کا اجلاس منعقد
سرنکوٹ //انجمن روداد البشر کا ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت اس کے چیئرمین محمد عزیز خان نے کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے تحصیل انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کے ساتھ لوٹ کھسوٹ کی جا رہی ہے اور انتظامیہ کو کوئی فکر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرنکوٹ میںکھاد کی بہت زیادہ قلت پائی جا رہی ہے اور اگر کہیں پر دستیاب بھی ہے تو اضافی قیمت وصولی جا رہی ہے۔ان کاکہناہے کہ سرنکوٹ کے متعدد علاقوں میں پانی کی سخت قلت پائی جا رہی ہے،خاص طور پر پوٹھہ، سنئی ،ہاڑی مرہوٹ اور گونتھل میں پینے کیلئے پانی دستیاب نہیں ۔ان کاکہناہے کہ سرنکوٹ میں بعض ملازمین پچھلی کئی دہائیوں سے ایک ہی کرسی پر بیٹھے ہیں جن کی وجہ سے سارا نظام خراب بناہواہے ۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ رشوت کا اڈہ بن چکا ہے اور کسی کو بھی لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ان کاکہناہے کہ غریب لوگوں کو کاموں پر اجرت نہیں دی جارہی اور نہ ہی ان کے کام ہورہے ہیں ۔اس دوران تنظیم کے ایک وفد نے اے ای ای پی ایچ ای سرنکوٹ سے ملاقات کرکے پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔
ڈاکخانہ تھنہ منڈی میں کام کاج متاثر
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی میں ڈاک خانہ کے قیام سے لیکر آج تک صرف دو ہی ملازم تعینات ہیں ۔ اگر اسکے ایک ملازم کو کوئی مشکل درپیش ہوجائے توسارا نظام ہی ٹھپ ہوکر رہ جاتاہے اور پیسوں کا لین دین بھی ختم ہوجاتاہے۔ مقامی ڈاکخانے میں ایک سب پوسٹ ماسٹر اور دوسرا پوسٹ مین تعینات ہے ۔سب پوسٹ ماسٹران دنوں گھریلومصروفیات کی وجہ سے چھٹی پر ہے جسکی وجہ سے کام کاج بری طرح متاثر ہورہاہے ۔ مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وہ ڈاکخانے کا چکر لگا رہے ہیںلیکن سب پوسٹ ماسٹر کی عدم دستیابی سے کمپیوٹر چلانے والا کوئی دوسرا ملازم دستیاب نہیں۔ اس ضمن میں سپرانٹنڈنٹ پوسٹ آفیسر راجوری نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ متعلقہ آفیسر چھٹی پر ہے تاہم کام چلانے کے لئے دوسرے سب پوسٹ ماسٹر کو چند یوم کے لئے تعینات کیاگیاہے ۔
مڈل سکول کٹار مل کیہیڈ ماسٹر کی تعیناتی پر تنازعہ
سمت بھارگو
راجوری //تعلیمی زون منجاکوٹ کے مڈل سکول کٹار مل میں ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی سے تنازعہ کھڑا ہوگیاہے اور لوگوںکی طرف سے انہیں جوائن نہ ہونے کی اجازت دینے کے بعد اس سلسلے میں پولیس کے پاس شکایت درج کروائی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پہلے اس سکول کا انتظام اضافی چارج کے طور پر دیکھاجارہاتھاتاہم حال ہی میں حکام نے ایک ہیڈ ماسٹر کو تعینات کیا تاہم مقامی لوگو ں نے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ وہ نئے ہیڈ ماسٹر کو جوائن نہیں ہونے دیںگے ۔ذرائع کاکہناہے کہ مقامی لوگ انتظام کو پہلے جیسا ہی رکھنے کے حق میں ہیں اور وہ نئی تعیناتی کے خلاف ہیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ جمعرات کو اس وقت سکول میں افراتفری کا ماحول پید اہوگیا جب نئے ہیڈماسٹر سکول پہنچے تاہم انہیں مقامی لوگوںنے جوائن نہیں ہونے دیا ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس موقعہ پر اساتذہ اور مقامی لوگوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی ہے جس کے بعد اساتذہ کی طرف سے پولیس تھانہ منجاکوٹ میں تحریری طورپر شکایت درج کرائی گئی اور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ ہیڈ ماسٹر نے شکایت درج کروائی ہے ۔
جناب فاطمہ زہرٰسلام اللہ علیہا کے یوم ولادت پر تقریب
پونچھ// انجمن جعفریہ پونچھ کے زیر اہتمام ولادت شہزادی کونین، جگر گوشہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں محفل سعید امام بارگاہ پونچھ میں منعقد کی گئی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا اور پھرمنقبت بحضور شہزادی فاطمتہ الزہراؑ پیش کی گئیں ۔ اپنے خطاب میں امام جمعہ وجماعت علی جامعہ مسجد پونچھ مولانا سید شاہین حیدر عابدی اورمولانا سید سجاد صفوی نے شہزادی کونین ؑ کے حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ؑکا کردار ہر دور کی خواتین کے لئے نمونہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بہترین دختر، زوجہ اور ماں ہونے کے ساتھ ساتھ آپؑ بہترین مجاہداسلام بھی تھیں ۔ انہوں نے شہزادی کے افکار اور کردار پہ روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آپ کی سیرت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ہر دور میں باطل کے خلاف کس طرح میدان عمل میں آنا ہے اور ہر طرح کے مصائب اور آلام کے باوجود الٰہی مقصد کے دفاع کی خاطر آپ ؑہر وقت اور ہر لمحہ تیار تھیں۔انہوں نے کہا کہ آپؑ اپنے بابا ختمئی مرتبت کے ساتھ شعب ابیطالب کے آلام اور والدہ سے جدائی کا صدمہ سہنا، مسلسل کفار کی ایذا رسانی اور پھر ہجرت،گویا اس الٰہی مقصد کی تکمیل میں آپ ؑجزرسالت بن کر ہر ہر لمحہ ساتھ تھیں۔علماء نے کہاکہ آپؑ نے عظیم ترین اور انتہائی الفت و محبت رکھنے والے بابا کی جدائی کا صدمہ کچھ کم نا تھا مگر رحلت رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد آپ ؑجس طرح ولایت کے دفاع اور اعلان حق کیلئے میدان میں آئیں ،وہ ہر دور کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پروردگارعالم نے اپنی عظمت کے نور سے جناب فاطمہ ؑ کے نور کو خلق کیا اور جب یہ نور آسمانوں پر روشن ہوا تو آسمانی مخلوقات کی آنکھیں خیرہ ہوگئیں ۔اس محفل کے اختتام پر پوری دنیا میں امن و امان کی دعا طلب کی گئی ۔ محفل میںتبرک کا اہتمام مقبول حسین قلی کی جانب سے کیاگیا۔
محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کا احتجاج
منیر خان
راجوری //محکمہ پی ایچ ای کے ڈپلومہ ہولڈروں اور لینڈکیس ورکروں نے چلڈرن پارک راجوری میں احتجاجی دھرنادیا اور مطالبہ کیاکہ انہیں پچھلے پندرہ ماہ کی بقایا تنخواہ فوری طور پر واگزار کی جائے ۔ان کاکہناتھاکہ تنخواہ نہ ملنے کے سبب ان کے بچوں کی تعلیم سمیت گھریلو نظام بری طرح سے متاثر ہواہے اور وہ اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کاسامنا کررہے ہیں ۔پی ایچ ای ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدر ارون شرما نے اس موقعہ پر ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی طرف سے عوام کو فراہم کی جارہی خدمات میں ان عارضی ملازمین کا اہم رول ہے لیکن حکومت نے 15ماہ سے انہیں تنخواہوں سے محروم رکھا ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ملازمین کو اپنے بچوں کے داخلے کرانے ہیں لیکن ان کے پاس اسکول فیس کی ادائیگی کیلئے بھی پیسے نہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر ان سے کام لیاجارہاہے تو پھر تنخواہیں ادا کرنے میں کیا مشکل ہے ۔ انہوںنے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ ان کی تنخواہیں فوری طور پر واگزار کی جائیں اور دیگر مطالبات بھی پورے کئے جائیں۔
کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لیاجائے: پیپلز مومنٹ
راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک منصوبہ بند طریقے سے کشمیری قوم کی نسل کشی کی جارہی ہے اور عالمی برادری خاموشی سے اس قتل و غارتگری کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق سینئر حریت رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے راجوری میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متنازعہ خطہ میں سیاہ قوانین کا نفاذ کر کے فوج کو قتل ِ عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔گزشتہ دنوں فوج کے ہاتھوں شوپیاں میں معصوم نوجوانوں کے قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فوج کشمیر میں جب چاہے جسے چاہے اور جہاں چاہے گولیوں کا شکار بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیتی ہے اور ان قاتلوں کے خلاف ایف آئی آر تک درج نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہاکہ ایک خطر ناک منصوبے پر کا م ہورہا ہے جس کا مقصد متنازعہ ریاست بالخصوص وادی ء کشمیر کو فلسطین بنانا ہے جہاں اسرائیلی فورسز جارحیت اور درندگی کا ننگا ناچ جاری رکھے ہوئے ہیں۔میر شاہد سلیم نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں جاری قتل و غارتگری کا سنگین نوٹس لے کر اسے رکوانے کے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے عالمی برادری کی جانب سے کشمیر پر اختیار کی گئی مجرمانہ خاموشی کو شدیدتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہ عالمی برداری نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تئیں دوہرا معیار قائم کر رکھا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ جموں کشمیر کے عوام حقِ خود ارادیت کے حصول کی خاطر ایک پر امن جدو جہد میں مصروف ہیں جبکہ سرکاری دہشت گردی کے ذریعہ اس پر امن جدو جہد کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا استعمال کر کے بھی کشمیریوں کی مبنی پر حق جدو جہد کو کچلنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم اپنے پیدائشی حق کے حصول کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے پر امن اور مستقل حل کی خاطر کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کا موقعہ فراہم کریں۔
عزیز بھٹی کی یاد میں تعزیتی اجلاس
پونچھ// غیر سرکاری تنظیم نیشنل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے مینڈھر گلہوتہ سے تعلق رکھنے والے مرحوم محمد عزیز بھٹی زونل ایجوکیشن افسر کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے ۔اس سلسلے میں تنظیم کے چیئرمین عظیم علی شاہ کی قیادت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس دوران مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی ۔مقررین نے بھٹی کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے پوری زندگی غریب ، ضرورتمندوں اور یتیموں و بے سہارالوگوں کی مدد کی ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی وفات ایک بہت بڑا نقصان ہے اور اس خلا کو پُر نہیں کیاجاسکے گا۔مرحوم کی وفات پر پروفیسر جتندر سنگھ، اسسٹنٹ پروفیسر عبدالحمید منہاس، امتیاز بانڈے، محمد اکرم، محمود خان، تحسین عباس، ماسٹر محمد رشید جٹ ،رزاق قریشی، ایم ایل شرما، ڈاکٹر بشارت انقلابی، سکندر اعظم، عبدالقیوم خان، کستوری لعل بنگوترہ، جاوید میر، اورنگزیب خان، راہول کمار شرماوغیرہ نے بھی دکھ کا اظہار کیاہے۔
ساتویں ریاضی کانفرنس
ہمالین ایجوکیشن سکول و کالج نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کی
نیوز ڈیسک
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبہ میتھی میٹکل سائنسز کی طرف سے منعقد ہ ساتویں میتھی میٹکل کانفرنس میں ہمالین ایجوکیشن مشن سکول و کالج نے پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ۔ اس کانفرنس میں راجوری اور پونچھ کے بیشتر اداروںسے کالج اور سکول سطح کے طلباء نے حصہ لیا۔ کالج اور سکول دونوں ہی سطحوںپر ہمالین ایجوکیشن مشن سکول و کالج نے اولین پوزیشنیں حاصل کرلیں ۔کامیاب طلباء کو یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت کی طرف سے انعامات دیئے گئے ۔