کوٹرنکہ میں پرامن بند رہا
سمت بھارگو
راجوری //کوٹرنکہ میں قائم کردہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ کو باری باری بنیاد پر کالاکوٹ میں بھی چلانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کوٹرنکہ میں مقامی لوگوں اور تاجروںنے پرامن بند رکھا اور اس دوران کسی قسم کی کوئی تجارتی سرگرمی نہیں ہوئی ۔یہ بند کال گزشتہ روز بیوپار منڈل صدر چوہدری محمد شفیع کی قیادت والی آل پارٹی کمیٹی نے دی تھی ۔بند کال پر عمل کرتے ہوئے قصبہ میں دکانداروںنے تمام طرح کی تجارتی سرگرمیاں معطل رکھیں اور بازار سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ۔مقامی لوگ بڑی تعداد میں مین چوک میں جمع ہوئے ار انہوںنے راجوری ۔ بدھل سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے حکومت مخالف نعرے بازی کی ۔اس دوران انہوںنے ٹائر بھی جلائے ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ کوٹرنکہ سب ڈیویژن ایک پسماندہ علاقہ ہے جس کیلئے حال ہی میں حکومت کی طرف سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ دی گئی ہے تاہم اب اسی پوسٹ سے کالاکوٹ میں بھی باری باری بنیاد پر کام چلانے کا فیصلہ لیاگیاہے جو انہیں قطعی منظور نہیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ کسی بھی طور پر اس فیصلے کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں اور حکومت کو فیصلہ واپس لیناہوگا نہیں تو ایجی ٹیشن کا سامنا کرناپڑے گا۔انہوںنے کہاکہ حکومت ان کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے ۔ کئی گھنٹوں کے احتجاج کے بعد سڑک کو اگرچہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال کردیاگیاتاہم تجارتی سرگرمیاں پورا دن ٹھپ رہیں اور مقامی لوگوںنے اس بات کافیصلہ لیاہے کہ وہ آئندہ روز بھی احتجاج کریںگے ۔
نوشہرہ میں 23ویں روز بھی ہڑتال
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کو ضلع کادرجہ دینے کی مانگ پر 23ویں روز بھی بند رہا اور مقامی لوگوںنے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس دفوران ایک جلوس نکال کر حکومت کا پتلا نذر آتش کیاگیا ۔واضح رہے کہ ضلع درجہ کی مانگ پر نوشہر ہ میں بیوپار منڈل کی کال پر پچھلے 23دنوںسے احتجاج کیاجارہاہے اور تمام تر تجارتی سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہیں ۔ سنیچر کو بھی لوگوںنے پٹیل چوک میں جمع ہوکر سرکاری مخالف احتجاجی ریلی نکالی ۔یہ ریلی بازار سے ہوتے ہوئے صدر مقام پر جاکر اختتام پذیر ہوئی ۔ مظاہرین کاکہناتھاکہ نوشہرہ کو اس کا حق دیاجائے ۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے جگدیش چندر ساہنی نے کہاکہ نوشہرہ کے عوام حکومت کی طرف سے باری باری کی بنیاد پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور علاقے کو مکمل طور پر ضلع کادرجہ دیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک مانگ پوری نہیں ہوگی تب تک بازار بند رہے گا اور ہڑتال جاری رہے گی ۔ریلی سے ارشد محمود ، ماسٹر محمد حسین ، سائیں خالق ، نریندر شرما، گوپال شرما ، چھوٹو رام چوہدری وغیرہ نے بھی خطاب کیا ۔نوشہرہ میں سرکاری دفاتر بھی بند ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔
مینڈھر کو ضلع درجہ دینے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر//کسان مزدور یونین کے صدر ماجد خان نے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر کو جلد از جلد ضلع کا درجہ دیا جائے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ مینڈھر علاقہ تین تحصیلوں پر مشتمل ہے اور آبادی کے لحاظ سے بھی بہت بڑا علاقہ ہے لہٰذا ریاستی سرکار کواس کی آبادی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جلد ازجلد ضلع کا درجہ دینا چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ ریاستی سرکار کو فوری طور کابینہ میٹنگ بلا کر مینڈھر کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ لینا چاہیے کیونکہ یہاں سے پونچھ جانے کیلئے کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں اور اگر کسی کو کوئی کام ہوتو اسے رات کو پونچھ میں ہی قیام کرناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ضلع کا درجہ ملنے تک مینڈھر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹھایاجائے ۔
مینڈھر میں کانگریس کارکنان کا اجلاس
جاوید اقبال
مینڈھر//پروین سرور خان کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا ممبر نامزد کرنے پر مینڈھر میں پارٹی کارکنان کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت حاجی امتیاز خان نے کی۔اس موقعہ پر وسیم احمد خان،محمد رزاق خان،ذراعت خان،طارق خان،نمبردار محمد رزاق خان،حاجی ظہیر خان،قیوم خان،نمبردار محفوظ خان اور محمد رزاق پرویز بھی موجو دتھے ۔سبھی نے پارٹی ہائی کمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پہلی بار خطہ پیر پنجال سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا ممبر نامزد کیا گیاہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے اور پروین سرور خان اس سے قبل پارٹی کی ریاستی سیکریٹری کے عہدے پر رہ کر بھی فرائض انجام دے چکی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اس فیصلے سے کانگریس زمینی سطح پر اور مضبوط ہو گی ۔
پی ڈی پی کی مینڈھر میں اے ڈی سی کی مانگ
مینڈھر//پی ڈی پی کے ضلع نائب صدر الحاج ماسٹر محمد دین پسوال نے مینڈھر کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی مانگ کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے اقدامات کی سراہناکرتے ہیں جنہوںنے چند دن قبل ضلع پونچھ کے کونے کونے سے آئے ہوئے وفود کے 18گھنٹے سے زائد عرصہ تک مطالبات سنے اور موقعہ پر ہی ان کو حل کیا ۔اپنے ایک بیان میں ان کاکہناہے کہ مینڈھر تین تحصیلوں او ر ہرنی علاقے پر مشتمل ہے ،3 تحصیلوں میںتحصیلدار بیٹھے ہیں اورہرنی میں قدیم سے تحصیلدار بیٹھا کرتا تھا مگر اب کی بار نہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہرنی میں نیابت کا درجہ بڑھا کر تحصیل کا درجہ دیا جائے اور مینڈھر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے جو یہاں کے مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدام ہے ۔
محکمہ امورصارفین پر لوٹ کھسوٹ کا الزام
بختیار حسین
سرنکوٹ//آل انڈیا فاروڈ بلاک پارٹی کے صوبائی صدر جموں جاوید چوہدری نے پریس کے نام جاری بیان میں محکمہ خوراک ،شہری رسدات و امور صارفین پر لوٹ کھسوٹ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ رسوئی گیس کی ہوم ڈیلوری کے نام پر لوگوںسے پیسے تو وصول کئے جاتے ہیں مگر زمینی سطح پر کہیں ہوم ڈیلوری کا کوئی تصور نہیں ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ میں دیگر خامیاں بھی پائی جارہی ہیں اور بی پی ایل فہرستوں میں غریبوں کے بجائے امیروں کو شامل کیاگیاہے ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ حکومت غریب کش پالیسی پر کام کررہی ہے اور ذرائع ابلاغ میں جھوٹے وعدے او ر اعلانات کئے جاتے ہیں ۔
تھنہ منڈی کی خان برادری کو صدمہ
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کی خان برادری کو پچیس سالہ ساحل شکور کی موت پر صدمہ پہنچاہے ۔ نوجوان کی راجوری میں حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوگئی۔ ساحل شکور ولد محمد شکور خان تھنہ منڈی کے خان محلہ کا رہنے والاتھاجس کی اچانک موت سے پورا محلہ صدمہ سے دوچار ہے۔ مرحوم ساحل شکور کو راجوری سے آبائی قصبہ تھنہ منڈی لایاگیا جہاں لوگوں کی کثیر تعداد میں سپردخاک کیا گیا۔مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے نوجوان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔
رہبر تعلیم اساتذہ کا 15مارچ کے بعد ہڑتال کا اعلان
عشرت بٹ
منڈی//رہبر تعلیم ٹیچرز فورم ایس ایس اے کی تنخواہیں واگزار نہ ہونے کی صورت میں پندرہ مارچ کے بعد کام چھوڑ ہڑتال کرنے کا انتباہ دیاہے ۔ منڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے ریاستی سٹیٹ میڈیا انالسٹ ایم ایم پٹھان نے سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر پندرہ مارچ سے پہلے ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کی واگزاری نہ ہوئی تو ریاست کے تمام پرائمری و مڈل اسکول بند رہیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کشمیر میں ٹائم بونڈ پروموشن کی فائلیں بلا جواز روکی گئی ہیں او رریاستی سرکار کی پالیسی میں کھوٹ نظر آرہی ہیں جسکو قطعی برداشت نہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پندرہ مارچ تک مسائل حل نہ ہوئے تو فورم کی طرف سے دی گئی کال کو من و عن عمل کیاجائے گا ۔فورم کے ضلع صدر پونچھ حمید نباض نے کہا کہ ریاستی سرکار اساتذہ برادری کو اندھیرے میں رکھنے کی کوشش نہ کرے اور نہ ہی ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیاجائے ۔ ان کاکہناتھاکہ ٹرانسفر پالیسی،مستقلی اور سر پلس جیسے مسائل جوں کے توں ہیں جن کو حل کرنے کے صرف کھوکھلے وعدے کئے جارہے ہیں اور کوئی پیشرفت نہیں ہورہی ۔انہوں نے کہاکہ فورم کے ریاستی چیئرمین فاروق تانترے نے تین مارچ کو احتجاج کے دوران پندرہ مارچ تک کا وقت دیا ، اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ضلع پونچھ کے مڈل تک کے تمام اسکول متواتر بندرہیںگے ۔ اس موقعہ پرصوبائی نائب صدر نشاط تانترے،طفیل لون،طارق نائیک،اکرم شیخ،منیر بھٹی،جاوید مغل،عظیم ملک وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
کانگریس نے ADCپوسٹ منصوبہ مسترد کردیا
راجوری //کانگریس نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ کوٹرنکہ کو باری باری بنیاد پر کالاکوٹ اور کوٹرنکہ کو دینے کے سرکاری فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیاہے ۔کوٹرنکہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے بلاک صدر راج محمد راتھر ، شفیق راز ، شیر باز ، محمد یونس ، بشارت راتھر و دیگران نے کہاکہ وہ کسی بھی ایسے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں جس کے تحت کوٹرنکہ کو حاصل اختیارات میں تخفیف کی گئی ۔ ان کاکہناتھاکہ اس کے خلاف احتجاج کیاجائے گا ۔ان کاکہناتھاکہ سابق حکومت کے دورمیں کوٹرنکہ کو ایس ڈی ایم پوسٹ دی گئی اور اس حکومت نے اس کادرجہ بڑھاکر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تک پہنچایا تاہم اب ایک نئے فیصلے کے تحت اس درجہ کو کم کرکے اے ڈی سی پوسٹ کو کالاکوٹ اور کوٹرنکہ کے لئے باری باری چلانے کا کہاگیاہے جو مقامی لوگ کسی بھی طور پر قبول نہیں کریںگے ۔ ان کاکہناہے کہ اس فیصلے سے کوٹرنکہ کے لوگ نقصان میں ہیں اور وہ حکومت کو انتباہ دیتے ہیں کہ فیصلے کو واپس لیاجائے نہیں تو احتجاج کا سامنا ہوگا۔کانگریس لیڈران نے کہاکہ یہ حکومت کی ناکامی ہے کہ وہ لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے اور انہیں احتجاج کیلئے مجبور کیاجارہاہے ۔
ڈی ایس پی پونچھ کے تبادلے پرالوداعیہ
حسین محتشم
پونچھ// سر سید ایجوکیشن مشن اور ایس آر کے پیس فاونڈیشن کے باہمی اشتراک سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں ڈی وائی ایس پی آپریشن ڈاکٹر سلیم کے تبادلے پر ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے و دیگر افسران اور معززین بھی موجو دتھے ۔ ایس آر کے پیس فائونڈیشن چیئرمین سید نصرت حسین شاہ نے تمام شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم کی بحیثیت ڈی وائی ایس پی آپریشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت ہی سنجیدگی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی انجام دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کی عوام موصوف کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ایس ایس پی پونچھ نے کہا کہ سلیم نہایت ہی قابل افسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ وہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی کریں۔دونوں تنظیموں کی جانب سے ڈاکٹر سلیم کو مومنٹو پیش کئے گئے اور ان کی عزت افزائی کی گئی ۔ آخر پر پروفیسر سرفراز میر نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
ڈھوک گائوں میں ٹرائبل ماڈل ولیج کا سنگ بنیاد رکھاگیا
طارق شال
تھنہ منڈی // ممبر اسمبلی راجوری ایڈووکیٹ قمر حسین چوہدری نے ڈھوک گائوں میں ٹرائبل ماڈل ولیج کا سنگ بنیاد رکھا۔اس دوران پی ڈی پی کے زونل صدر حاجی محمد اقبال شاہ، جنگباز چوہدری، عبدالحق ،حاجی لال حسین، مختار چوہدری، مشتاق چوہدری، مختار احمد ، محمد حسین کوہلی، ایڈووکیٹ ممتاز چوہدری،ایڈووکیٹ محمد رزاق،محمد رفیق چوہدری، محمد بشیر پٹھان ،سب ڈیویژن مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا، تحصیلدار تھنہ منڈی شاہد اقبال، محکمہ بجلی، محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ تعمیرات کے افسران بھی موجو دتھے ۔ ممبر اسمبلی نے کہا کہ علاقہ ڈھوک کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ سرکار نے اسکی ترقی کے لئے 9 کروڈ اور 45 لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نے اسمبلی انتخابات میں بدلاؤ نے نام ووٹ دیئے تھے اور بدلائو نمایاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے آخر تک تمام لوگوں کے بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاستی سرکار ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور راجوری میں بھی نمایاں ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں ۔بیان کے مطابق اس موقعہ پر کچھ کارکنان پی ڈی پی میں شامل ہوئے ۔
ہمالین بی ایڈ کالج میں توسیعی خطبہ دیاگیا
راجوری //ہمالین ایجوکیشن مشن سوسائٹی کی طرف سے ’’ٹیچر ایجوکیشن میں پیشہ وارانہ ‘‘کے موضوع پر ایک توسیعی خطبے کا اہتمام کیا ۔ یہ پروگرام بی ایڈ کالج کیمپس ٹھنڈی کسی میں ہوا۔اس موقعہ پرگورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے اسسٹنٹ پروفیسر برائے ایجوکیشن محمد شوکت نے توسیعی خطبہ دیا ۔اس پروگرام کا مقصد طلباء کو تعلیم کی موجودہ اقدار کے بارے میں بتانااور ان کے حوصلہ کو بڑھاناتھا۔اس موقعہ پر ہمالین کالج کے پرنسپل محمد شریف چوہان ، محمد اصغر ، سنیل کمار ، وسیم ملک ، پردیپ شرما، محمد آصف ، فلاہور نکیش اور سلمہ اکرم بھی موجود تھیں ۔ توسیعی خطبے میں بی ایڈ کے چوتھے اور دوسرے سمسٹر کے طلباء نے شرکت کی ۔
افضل جنجوعہ کی پنجابی نغموں کے بعد ہندی موسیقی میں بھی دھوم
حسین محتشم
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے کئی نوجوانوں نے فلمی دنیا میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھائے ہیں ۔انہی نوجوانوں میں سے ایک سرنکوٹ اور پونچھ کے درمیان واقع گائوں کلائی کے افضل خان جنجوعہ بھی ہیں جنہوںنے پنجابی کے بعد اب ہندی موسیقی میں بھی اپناراستہ بنالیاہے ۔اس نوجوان نے حال ہی میں پنچابی گانوں کی البم میں بہترین اداکاری دکھا کر سب کو متاثر کیا اور ان کی اسی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں ’’میرے خدا ‘‘نامی ہندی نغموں پر مشتمل البم میں کام کرنے کا موقعہ دیاگیاجس میں بھی انہوںنے اپنی قابلیت کے جوہر دکھائے ۔ افضل حان جنجوعہ ایک عام سے گھرانے میں پلے بڑھے اور اپنے والد محمد حسین جنجوعہ کی تربیت میں بنیادی تعلیم پونچھ ضلع میں حاصل کی ۔
بالاکوٹ میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب
مینڈھر//گورنمنٹ مڈل سکول بھروٹ بالاکوٹ میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے فوج کی طرف سے ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر بریگیڈ کمانڈر اور متعلقہ سی او سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے ۔اس دوران فوجی افسران نے مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے عوام پر زور دیاکہ وہ ان سے فائدہ اٹھائیں ۔اس موعہ پر مقامی سطح پر چل رہے سلائی سنٹر میں کام کرنے والی خواتین کو دس مشینیں دیں اور ان میں پچیس اسناد تقسیم کی گئیں ۔فوج نے عوام سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہاکہ امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے میں بھرپور تعاون دیاجائے۔