آصفہ کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی اپیل
پونچھ //کٹھوعہ کی 8سالہ معصوم آصفہ کے لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے پی ڈی پی کے بلاک صدر منڈی مولانا حکیم الدین نے اس کے قاتلوں کو جلد سے جلد کیفر کردار تک پہنچانے پر زور دیاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے مانگ کی کہ اس وحشیانہ اور سفاکانہ فعل کے پیچھے کارفرما مقاصد بھی بے نقاب کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے زور دار مہم شروع نہ کی ہوتی توحکام نے اس کیس کو کب کا گول کردیا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل کے حق میں مظاہرے شرمناک اور افسوسناک بات ہے اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس گھنائونے جرم کی پشت پناہی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو انکشاف کرائم برانچ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں پیش کئے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں اور اگر حکومتی سطح پر اس کا سنجیدہ نوٹس نہیں لیا گیا تو مستقبل میں اس کے سنگین نتائج برآمد ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں ہندو ایکتا منچ کی طرف سے احتجاجی ریلیاں منعقدکرانے میں کلیدی رول ادا کرنے والے سجنی رام کے بارے میں جو سنگین نوعیت کے انکشافات کئے گئے ہیں، موصوف محکمہ مال کا ریٹائر آفیسر ہے اور اِس وقت آر ایس ایس کا سرگرم کارکن ہونے کے ساتھ ساتھ اس جگہ کا نگران بھی ہے جس جگہ مقتولہ آصفہ کیساتھ 7دن تک زیادتی کی گئی اور پھر بے دردی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اب صاف ہوگئی ہے کہ معصوم آصفہ کے قاتلوں کو بچانے کیلئے نہ صرف ہندو ایکتا منچ میدان میں ہے بلکہ بھاجپا، ریاستی حکومت کے وزراء اور آر ایس ایس بھی ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔
متعدد کارکنان کی کانگریس میں شمولیت کادعویٰ
حسین محتشم
پونچھ//سینئر کانگریس لیڈر چوہدری عبدالغنی نے گاؤںبھینچ کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے علاقہ کے معزز شہریوں کے ساتھ گفتگو کی اور ان کے مسائل کی جانکاری حاصل کی۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ایک عوامی اجلاس منعقد کیاجس میںشامل لوگوںنے پینے کے پانی کی کمی، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ، سڑکوں کی خستہ حالت اور دیگر مسائل کو اجاگر کیا۔چوہدری غنی نے تمام لوگوں کے مسائل سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں حکام سے بات کریںگے ۔بیان میں دعویٰ کیاگیاہے کہ اس دوران این سی اور پی ڈی پی سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنان نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا جن میںحسین محمد، ریٹائر ماسٹر عبدالحمید، حاجی نذیر حسین، راجہ وسیم خان، طارق خان، بشارت خان، حاجی اصغر علی، محمد فاروق، حاجی محمد یوسف خان قابل ذکر ہیں ۔ غنی کے ہمراہ گلزار جٹ، عبدالقیوم، کمال الدین، شبیر راٹھور وغیرہ بھی تھے ۔
شہیدمنجیت سنگھ پارک کا افتتاح
حسین محتشم
پونچھ// بس اڈہ پونچھ کے قریب جنگجوئوں کے حملے میں مارے گئے ڈی وائی ایس ایس پی منجیت سنگھ کی یاد میں بنائی گئی پارک کا افتتاح کیاگیا ۔ اس پارک کا کام مکمل ہونے کے ساتھ ہی ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے اس کا افتتاح کیا ۔اس موقع پرسینئر پولیس اور سول افسران کے علاوہ معززشہری بھی موجود تھے جنہوںنے ڈی وائی ایس پی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے لوگوں کی قیمتی جانیں بچائیں ۔انہوںنے کہاکہ اس عظیم قربانی پر انہیں فخرہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی قربانی کبھی بھی ضائع نہیں ہوسکتی ۔اسی حوالے سے ایک اور تقریب پولیس لائنز پونچھ میں منعقد کی گئی جہاں مارے گئے اہلکاروںکی یادگار پر پھول چڑھائے گئے۔ اس موقعہ پر اے ایس پی پونچھ انوار الحق، ڈی ایس پی ڈی آر موہن لال شرما، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد نعیم، ڈی ایس پی آپریشن ڈاکٹر سلیم بھی موجودتھے۔
سرحدی عوام کے مسائل حل کرنے پر زور
جاوید اقبال
مینڈھر//پیر پنجال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے چیئرمین مولوی محمدفرید ملک نے منکوٹ تحصیل کے ساگرہ،بلنوئی ،دبڑاج،گاہنی،اوچھاد،رام کنڈ،منکوٹ اور چھجلہ کا دورہ کرنے کے بعد ایس ڈی ایم مینڈھر راہل یادو اور تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان سے ملاقات کرکے انہیں لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی ۔انہوں نے ایس ڈی ایم مینڈھر کو بتایاکہ لوگوں کو کئی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے اور وہ روز روز کی گولہ باری اور فائرنگ سے تنگ آچکے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ ان علاقہ جات میں بجلی وپانی کے علاوہ طبی نظام اور تعلیم کا کوئی بندو بست نہیں ۔انہوںنے کہاکہ بچوں کے امتحان سر پر ہیں لیکن پانی کی قلت کا یہ حال ہے کہ وہ صبح سے لیکر شام تک برتن سر پر لیکر سرگرداں رہتے ہیں اور ان کا دن اسی تلاش میں بیت جاتاہے کہ کب پانی چشمہ میں اکھٹاہوجائے گا اوروہ برتن بھر لیکر گھر جائیںگے ۔ان کاکہناتھاکہ پانی کے ذخائر موجود ہیں مگر اس جانب دھیان نہیں دیاجارہا،لفٹ سکیموں کے ذریعہ اس کمی کو پورا کیاجاسکتاہے۔انہوںنے کہاکہ بجلی سپلائی کا حال بھی خراب ہے اور سرحدی علاقوں میں کچھ ہی گھنٹے اس کی سپلائی ہوتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی علاقوں کے عوام کیلئے ایمرجنسی ہسپتال اور بلٹ پروف ایمبولینس گاڑیاں فراہم کی جائیں تاکہ فائرنگ اور گولہ باری کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کرنے میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہونے پائے ۔مولوی فرید نے مانگ کی کہ سرحدی علاقوں کے طلباء کی تعلیم کیلئے بندوبست کیاجائے۔ اس دوران ایس ڈی ایم نے یقین دلایاکہ وہ تمام مطالبات کو حکام کے نوٹس میں لائیںگے اور پانی و بجلی نظام میں بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی ۔
پاسپورٹ دفتر کا قیام تاریخ اقدام :وبودھ
راجوری //ممبر قانون ساز کونسل و بھاجپا لیڈر ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے پھلیانہ ، مراد پور ، ڈھانگری ، سرانو علاقہ جات میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے ان علاقوں کادورہ کیا اور ساتھ ہی عوامی اجلاس منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوںنے بتایاکہ انہیں کئی طرح کے مسائل کاسامناہے جنہیں گپتا نے حل کرنے کا یقین دلایا۔انہوںنے کہاکہ حکومت تعمیروترقی کے میدان میں نمایاں اقدامات کررہی ہے اور مرکزی معاونت والی سکیموںسے لوگوں کو فائدہ دیاجارہاہے جن سے سبھی کو مستفید ہوناچاہئے ۔انہوںنے حال ہی میں راجوری میں افتتاح کئے گئے پاسپورٹ دفتر کو ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ یہاں کی ترقی کیلئے ایک تاریخی اقدام ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سے راجوری پونچھ کے لوگوںکو فائدہ ملے گاجنہیں پاسپورٹ بنوانے کیلئے جموں جاناپڑتاتھا۔
مینڈھر کالج میں کوئز پروگرام کا اہتمام
جاوید اقبال
مینڈھر//گو رنمنٹ ڈگری کا لج مینڈھر کے شعبہ جغرافیہ میں بین کالج کوئز پرو گرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر شبیر حسین شاہ نے کی۔ اس موقعہ پر شعبہء جغرافیہ کے پندرہ طلبا نے حصہ لیا جن کو پانچ گروپوںپروفیسر سید رفیع اللہ گروپ، پروفیسر محمد شفیع گروپ، پروفیسر آرایل سنگھ گروپ ، پروفیسر مونس رضا گروپ اور پروفیسر سید مظفر حسین گروپ میں تقسیم کیا گیا۔ان میںسے پروفیسر محمد شفیع گروپ،پروفیسر رفیع اللہ گروپ اور پروفیسر مونس رضا گروپ نے باالترتیب پہلا ، دوسرا اور تیسرامقام حاصل کیا ۔اپنے خطاب میں شبیر حسین شاہ نے شعبہء جغرافیہ کے صدر ڈاکٹر ذوالفقار علی شاہ اور ددیگر اراکین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبا میں اپنے مضمون کے تئیں ذوق و شوق پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ کوئز پروگرام میں بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی ۔ آخر میں پرنسپل کے ہاتھوں طلباء میں انعاما ت بھی تقسیم کئے گئے ۔
تتا پانی میں ماحولیات دوست سیاحتی ڈھانچہ وجود میں لایاجائے
تصدق مفتی نے کالا کوٹ میں جاری سیاحتی ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا
جموں//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے متعلقہ ایجنسیوں پر زوردیا ہے کہ وہ تتاپانی کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لئے اقدامات کریں ۔ انہوںنے کہا کہ اس دوران مقامی علاقے کی ثقافت اور وسیع حیاتیاتی تنوع برقراررکھنے کی طرف توجہ دی جانی چا ہیئے ۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران تتا پانی میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی میں اس میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر نے علاقے میں سیاحتی انڈسٹری کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کے تکمیل کے بارے میں تفاصیل طلب کیں۔ انہیں اس موقعہ پر زمینی سطح پر بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے شروع کئے گئے اختراعی اقدامات کے بارے میں جانکا ری دی گئی۔تصدق مفتی نے کہا کہ تتا پانی کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جا نا چاہیئے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس کی طرف راغب ہوسکیں۔انہوں نے پروجیکٹوںکی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے لئے شجرکاری کی جانی چاہئے اور صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جانا چاہیئے ۔وزیرنے متعلقین پر زور دیاکہ پروجیکٹوں کی مؤثر عمل آوری یقینی بنانے کے باہمی تال میل سے کام کریں۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، چیف ایگزیکٹیو آفیسرراجوری ڈاکٹر طاہر کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ضلع بورڈ میٹنگ کا جائزہ اجلاس آج
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع بورڈ میٹنگ کا جائزہ اجلاس آج منعقد ہورہاہے جس دوران ضلع میں چل رہے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔اس میٹنگ کی صدارت وزیر برائے زراعت غلام نبی لون کریںگے جس میں مقامی ممبران قانون سازیہ بھی موجود ہوںگے ۔میٹنگ کے دوران ضلع میں ہورہے کاموں کے بارے میں وزیر کو آگاہ کیاجائے گا اور ساتھ ہی مسائل بھی ان کے گوش گزار ہوںگے ۔