بانہال // جموں وکشمیر سخاوت سینٹر شاخ بانہال کی طرف سے غریب ، نادار اور مستحق کنبوں میں راشن کی مفت فراہمی کیلئے مرکزی جامع مسجد بانہال سے ایک مہم کا آغاز کیا گیا جو مہم عید سے پہلے تک اشیاء ضروریہ کے سامان کو مستحق افراد کے گھروں تک پہنچانے تک جاری رہے۔ مرکزی جامع مسجد بانہال کے احاطے میں رسمی طور منعقد کی گئی تقریب کے موقع پر علاقے کی نامور دینی ، سماجی اور مخیر شخصیات موجود تھیں اور اْن کے ہاتھوں سے اس مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پرجموں وکشمیر سخاوت سینٹر بانہال کی طرف سے بانہال کے آ س پا س کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے مستحق کنبوں میں یہ راشن اور اشیاء ضروریہ کی چیزیں موقع پر تقسیم کی گئی جبکہ سب ڈویژن بانہال کے آڑھائی سو سے زائد غریب اور مستحق کنبوں کیلئے یہ راشن سخاوت سینٹر بانہال کے رضاکار آئیندہ چند روز میں انہیں گھر پہنچا کر دیں گے۔ اس موقعہ پر جماعت اسلامی کے سابقہ ضلع امیر عبدالاحد مسرور ، ایڈمنسٹریٹرسخاوت سینٹر ضلع رام بن حاجی عبدالغنی تانترے ، سماجی کارکن ماسٹرعبدلمجید نجار، شوکت احمد لون ، عبدالوحید وانی ، غلام حسن میر، فاروق احمد بٹ ، شمس الدین گیری ، کے اے ایس افسراور سماجی کارکن تنویر المجید وانی قابل ذکر تھے۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ اہل ایمان اور مخیر لوگوں کو اللہ کے حکم کے عین مطابق ہمارے سماج کے غریبوں اور محتاجوں کو ہمیشہ دھیان میں رکھنا چاہئے اورر اْن کی مدد کیلئے حسب طاقت سامنے آنا چاہئے۔ انہوں نے سخاوت سینٹر کی طرف سے دور دراز کے پہاڑی علاقوں تک یہ مدد مستحق افراد اور کنبوں تک پہنچانے کیلئے ان کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملت اور سماج کے اہل خیرات اور رضار نوجوان جہاں اللہ کے حقوق نماز، روزہ اور زکات کی ادائیگی بخوبی انجام دے رہے ہیں وہیں وہ اپنے بندوں کے حقون کا خیال رکھ کر اللہ کے احکامات کو بجا لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقوق العباد ادا کرنے کیلئے جو کوشش سخاوت سینٹر کی طرف سے کی جا رہی ہے اللہ اسے قبول فرمائے اور انہیں مزید وسعت عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی بندگی اور واحدانیت کے حق کے ساتھ ساتھ غریب ، مسکین اور محتاج لوگوں کی مدد کرنا بھی مسلمانوں پر فرض ہے اور اس حق کی ادائیگی کیلئے ہمیں ہمیشہ متحرک رہنا چاہئے تاکہ غریب ، نادار اور یتمیوں کی مدد کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف اللہ کا قرب اور رضا حاصل ہوگی بلکہ غریب اور محتاج لوگوں کی مدد کرکے انسان کو اطمینان قلب بھی ہوتا ہے۔اس موقعہ پر اپنے کلمات میں ایڈمنسٹریٹر جموں وکشمیر سخاوت سینٹر ضلع رام بن حاجی عبدالغنی تانترے نے ذرائع ابلاغ کے نمائیندوں کو بتایا کہ قصبہ بانہال اور اس کے اطراف میں بیشتر علاقوں میں مقامی سطح پر قائم کئے گئے بیت المال کی امداد سے مستحق افراد اور کنبوں کی مدد کی جاتی ہے جبکہ ابھی بھی حلقہ انتخاب بانہال کے دور دراز کے پہاڑی علاقوں میں آباد محتاج اور مستحق افراد کو مدد کی بہت ضرورت درکار ہے اور اس کیلئے بانہال کے باشعور اور اہلخیر حضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ان مستحق افراد اور غریب لوگوں کی مدد کو اپنی زندگی کا شعار بنالیں اور انکی مدد کیلئے سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ خود ان لوگوں کی براہ راست مدد کریں کیونکہ سخاوت سینٹر جموں کشمیر لوگوں میں اپنے سماج کے کم پایہ لوگوں کی مدد کرنے کی ہمیشہ ترغیب دیتا آیا ہے تاکہ ہمارے سماج میں کوئی بھی غریب اور مستحق کنبہ غریبی اور مفلسی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا نہ کرے۔ تانترے نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں غریبوں کی حالت بہت خراب ہے اور اْن کی مالی اور جنسی مدد کیلئے سامنے آنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی کسی مستحق کو قصبہ بانہال میں نہیں بلایا جا رہا ہے بلکہ سخاوت سینٹر کے رضاکار پہلے ہی سے مستحق قرار دیئے گئے کنبوں کو یہ مدد اْن کے گھر پہنچا کر دیں گے اور اس کیلئے کھڑی ، مہو منگت ، چریل ، ٹھٹھاڑ اور ڈولیگام وغیرہ کے علاقوں میں اس مہم کے رضاکار سامان کو گاڑیوں میں لیکر خود جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف اور صرف اْن لوگوں کو اطمینان دلانے کیلئے قصبہ بانہال سے شروع کی گئی ہے جو لوگ اپنے عطیات اور امداد سے سخاوت سینٹر کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ لوگوں کو اپنے سے کم پایہ لوگوں اور کنبوں کی ہروقت مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری کوشیشوں کو کامیاب بنائے۔