کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے محکمہ صحت عامہ کے اہلکاروں کی جانب سے اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کو پانی کا ناجائز کنکشن فراہم کرنے کے خلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈ سٹرکٹ ٹریجری افسر کو ہدایت دی کہ پانی کے کمرشل چارجز محکمہ کے اہلکاروں کی تنخواہوں سے کا ٹے جائیں۔یہ ہدایات ڈی سی نے قصبہ میںمحکمہ صحت عامہ کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے دوران منعقدہ ایک اجلاس میںجاری کئے ۔اجلاس میںقصبہ و ملحقہ دیہات میں پانی سپلائی کی تقسیم کاری کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران پایا گیا کہ محکمہ نے میسرز بٹ کنسٹریکشن کشتواڑ کو اینٹیں بنانے اور کرشر سروس اسٹیشن کو چلانے کے لئے چوبیس گھنٹے پانی سپلائی کرنے کے لئے کنکشن ڈومیسٹک ریٹس پر فراہم کیا ہے، جس سے خزانہ عامرہ کو کافی نقصان ہوا ہے۔ڈی سی نے واقعہ کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئیڈی ٹی او کشتواڑ کو میسرز بٹ کے حق میں کمرشل چارجز کا تخمینہ لگانے اور اسے محکمہ کے اہلکاروں و افسروں کے تنخواہوں سے کاٹنے کی ہدایت دی ،جو کہ اس فعل میں ملوث پائے جائیں گے۔دریں اثناء ایگزیکٹو انجینئر ہائیڈرالک ڈویژن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قصبہ اور اسکے ملحقہ منڈل علاقوں میں کام کر رہے بٹ کنسٹریکشن کشتواڑ اور سروس اسٹیشنوں کے مالکان کو فراہم کئے گئے پانی کے کنکشنوں کو باقاعدہ بنائیں اور انہیں کنکشن فراہم کرنے کی تاریخ سے انکے حق میںکمرشل چارجز مقرر کرے۔