چھاترو // ریاست بھر کی طرح تعلیمی زون اندروال میں رہبر تعلیم اساتذہ نے آل جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے بینر تلے زونل ایجوکیشن آفیسر اندروال کے دفتر کے باہر سرکار مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اساتذہ مانگ کر رہے تھے کہ وہ پانچ مہینے سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ سخت مشکلات میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں لیکن سرکار ان کے جائز مطالبات کو پورا کرنے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کر کے وقت گزار رہی ہے جس کے باعث اس وقت اساتذہ کو فاقہ کشی کا مسئلہ درپیش ہے۔ مقررین نے کہا کہ انہوں سرکار سے مانگ کی ہے ان کی تنخواہوں کو ریاستی بجٹ میں شامل کر کے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے اس مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے لیکن سرکار اس مسئلہ کے فوری حل کے لئے سنجیدہ نہیں ہے ۔ایک مدرس ہارون الرشید نایک نے کہا کہ سرکار نے جہاں اساتذہ کو چھٹے پے کمیشن میں شامل کیا تھا وہیں اب ساتویں پے کمیشن سے انکار کر رہی ہے جس کے تحت اساتذہ کے حق میں ساتویں پے کمیشن کے بغیر ایک ماہ کی تنخواہ واگزار کی ہے جو نا قابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی اساتذہ مخالف حکمت عملی کی وجہ سے جہاں اساتذہ پریشان ہیں وہیں درس و تدریس بھی متاثر ہو کر رہ گیا ہے ۔مقررین نے کہا کہ اگر سرکار نے ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنے میں ناکام رہی تو اساتذہ احتجاج میں مزید شدت اختیار کرنے کو مجبور ہوں گے ۔ انہوں خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی مانگوں کو فوری طور پر پورا نہیں کیا گیا تو وہ عید الفطر کو پرتاب پارک سرینگر میں یوم سیاہ کے طور پر منا کر احتجاج کریں گے ۔ادھر اساتذہ کی احتجاج کے باعث تعلیمی زون اندروال میں تعلیمی ادارے بند رہے جس کے باعث طلباء و والدین پریشان نظر آئے وہیں ۔والدین بھی سرکار کی اساتذہ مخالف پالیسی سے سخت ناراض ہیں ۔لوگوں کا کہنا کہ اگر اساتذہ کو وقت پر تنخواہیں ملتی تو ان بچوں کا تعلیمی سیشن متاثر نہیں ہوتا ۔ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے مطالبات کے فوری حل جانب خصوصی توجہ دے کر طلباء کے مستقبل کو مخدوش ہونے سے بچانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں ورنہ والدین بھی اساتذہ کے مطالبات کے حق میں سڑکوں کا رخ کر کے ان کے حق میں احتجاج میں شامل ہوں۔ اس موقعہ پر سابق زونل صدر حاجی محمد شریف نایک۔ترجمان رفاض احمد ملک جواز حسین ملک شیراز حسین ملک،سراج الدین اہنگر،کلدیپ سنگھ،محمد اشرف شیخ ،شاہد حسین،عبدالحمید، فاروق احمد نایک،ماجد حسین،محمد رفیق میر، شیر محمد، یاسر رشی و دیگران نے خطاب کیا جبکہ اساتذہ کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کی ۔