بنی //گزشتہ روز رونما ہونے والے بنی سڑک حادثہ کے مزید 2 زخمیوںنے جی ایم سی جموںمیں دم توڑدیا ، اس طرح مہلوکین کی تعداد 3ہو گئی ہے ۔رضیہ بانو دختر عبدالغنی اور سکینہ بیگم زوجہ محمد قاسم کوان کی نازک حالت کے پیش نظر کل دیر شام بنی ہسپتال سے جموںمیڈیکل کالج منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے آج دم توڑ دیا ہے۔ ادھر جمعہ کی صبح جموں سرینگر شاہراہ پر رونما ہوئے ایک کار حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک جب کہ دیگر دو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔جموں سے سرینگر کی طرف جا رہی ایک نئی ویگن آر کار بوم چندر کوٹ کے قریب سڑک سے پھسل کر 300فٹ گہری کھائیمیں جا گری جس کے نتیجہ میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی جب کہ دیگر دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔ مہلوک کی شناخت سنجیت سنگھ ولد بلدیو سنگھ ساکن مٹھی جموں کے طور پر کی گئی ہے جب کہ زخمیوں میں پون دیپ سنگھ ولد ایشپال سنگھ ساکن چھانپورہ سرینگر اور نریندر سنگھ ولد بھجن سنگھ ساکن پریت نگر جموں شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کی شام قریب 5:30 بجے بنی سے چلوگ گاو¿ں کے جانب جا رہی ٹا ٹا سومو گاڑی جس پر ڈرائیور سمیت 21افراد سوار تھے چلوگ کے قریب حادثہ کا شکار ہو گئی تھی جسکے نتیجے میں ایک تین ماہ کی بچی جاں بحق ہو گئی تھی جبکہ 19افراد زخمی ہوگئے تھے ، چند زخمیوں کو دیر شام گئے جموں منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے دو افراد زندگی کی جنگ ہار گئے۔ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور فرار ہو گیا تھا جسے بنی پولیس نے جمعہ کی دوپہر چلوگ سے گرفتار کر لیا ۔اس کی شناخت حسن دین ولد شوکت علی ساکن چلوگ کے طور پر ہوئی ہے ۔