بانہال
ریاست کے دیگر حصوں کی طرح وادی چناب میں بھی عید الفطر کی تقریب نہایت ہی مذہبی احترام سے منائی گئی ضلع رام بن میں ہفتے کو عید الفطر کی نماز کے سلسلے میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے اور ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے ضلع رام بن کے قصبوں اور شہر و گام کے علاقوں میں قائم عیدگاہوں اور جامعہ مساجد میں نماز عید ادا کی۔ نماز عید اور عید کے سلسلے میں پولیس نے ضلع بھر خصوصاً بانہال میں سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے اور کسی بھی قسم کے امن و قانون کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ ضلع رام بن میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ بانہال میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی اور اندازہ ہے کہ اس اجتماع میں دس ہزار سے زائد لوگ موجود تھے۔ اس موقعہ پر امام مولانا نظیر احمد وانی اور دیگر علما نے نماز عید کے فلسفے پر روشنی ڈالی ۔ اسی طرح نوگام ، ٹھٹھاڑ ، ڈولیگام ، کھڑی ، مہومنگت ، رامسو ، مگرکوٹ ، چملواس ، بزلہ ، ترگام ، نیل ، اکڑال پوگل پرستان ، رام بن ، میترہ ، چندروگ ، چندرکوٹ ، گول سنگلدان بٹوٹ ، سناسر اور راجگڑھ تحصیلوں کے عید گاہوں اور مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز عید مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ ادا کی ۔ اس کے علاوہ اپنے مال مویشی سمیت گرمیوں کے دوران دور پہاڑوں پر اپنے ادوار اور ڈھوکوں میں مقیم میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے سرسبز جنگلوں اور خوبصورت پہاڑوں سے گھرے سبزاروں میں بنائے گئے عید گاہوں میں عید الفطر کی نماز ادا کی جن میں مہو کے اچھن ، ناون ، دبدلو، رتن ، سرگلی ، سن سیری ، سناسر ، شروا اور جنتھان وغیرہ کے علاقے قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر عالم اسلام اور عالمی امن اور تقوی اور امت مسلمہ کی مشکل کشائی کیلئے اللہ کے حضور دعائیں کیں گئیں اور ریاست اور ملک میں امن و امان کی فضا اور تعمیر وترقی کیلئے ائمہ نے دعا کی گئی ۔ عید کے موقعہ پر ہندو بھائی مسلمان بھائیوں کو مبارکباد دے رہے تھے اور خوشی کے اس موقع پر تمام مذاہب کے لوگ مسلمان دوستوں اور جاننے والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے مبارکبادی اور نیک خواہشات کے پیغامات بھیج رہے تھے ۔ خوشی کے ان پیغامات کی واٹس اپ ، فیس بک اور دیگر سوشل سائٹس پر جیسے باڑ آئی ہوئی تھی اور یہ سلسلہ عید سے پہلے اور عید کے روز جاری رہا ۔ایس ایس پی رام بن موہن لعل ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ڈاکٹر گرورجیت سنگھ اور دیگر افسران بذات خود نماز عید کے موقعہ پر رام بن میں موجود تھے اور انہوں نے مسلمانوں کو عید مبارک پیش کی اور اپنی نیک خواہشات اور دعاؤوں کا اظہار کیا۔ بانہال سمیت ضلع بھر میں امن و امان سے نماز عید کے انعقاد کیلئے پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے ۔
بھدرواہ
بھدرواہ میں عید کے سلسلہ میں صُبح سویرے ہی لوگوں کا اجتماع جامع مسجد بھدرواہ میں اکٹھا ہوا ،جہاں سے وہ عید گاہ کی جانب ایک بھاری جلوس کی شکل میں مذہبی نعرے لگاتے ہوئے روانہ ہوئے ۔عید نماز کے بعد ملک خصوصاً ریاست کی خوشحالی اور امن ،بھائی چارے کی دعا کیلئے ایک خصوصی دعائیہ مجلس منعقد ہوئی۔وادی چناب میں کئی مقامات پر نماز عید کے بعد خصوصی دعائیہ مجلس منعقد کی گئی جس میں نامور صحافی شجاعت بُخاری کو زبر دست خراج عقیدت ادا کیا گیا ۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ اور اسکے ملحقہ علاقوںکے عوام نے بھی عید نماز متعلقہ عید گاہوں میں ادا کی ۔عید گاقہ ڈوڈہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جامع مسجد ڈوڈہ نے مذہبہ خطبہ دیا اور ریاست کی ترقی، امن و خوشحالی و بھائی چارے کی دعا کی۔عید الفطر کے موقعہ پر انتظامیہ نے امن و قانون برقرار رکھنے کے لئے بھدرواہ اور ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔انجمن ء اسلامیہ بھدرواہ کے صدر پرویز احمد شیخ نے اپنے خطبہ میں نامور صحافی کی ہلاکت کو جمہوریت کا قتل قرار دیا اور سرکار سے اس واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ،تاکہ قصور واروں کو کیفر و کردار تک پہنچایا جا سکے۔
کشتواڑ
کشتواڑ میں بھی عید الفطر نہایت ہی مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا ۔اطلاعات کے مطابق عید نماز ادا کرنے کے لئے ضلع کے مختلف حصوں سے آئے لوگوں کا اژدھام چوگان گرائونڈ کشتواڑ میںاکٹھا ہوا اور نماز عید ادا کی۔ضلع کی مختلف مساجد میں بھی لوگوں نے عید نماز ادا کی۔ نماز عید ادا کرنے کے بعد ریاست کی ترقی۔ امن اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
گندو
ریاست کے ساتھ ساتھ ضلع ڈوڈہ کے گندو بھلیسہ و ٹھاٹھری سب ڈویژن میں متعدد مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے عید الفطر کی نماز ادا کی ،اس دورن صدر مقام ٹھاٹھری و صدر مقام گندو میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید کے اجتماعات میں شرکت کی ۔امام جامع مسجد گندو چودھری محمد شفیع نے خطاب کیا اور کہا اسلام ہی واحد ایک ایسا مذہب ہے جو امن و امان کا درس دیتا ہے اور جس پر ہر ایک مسلمان کو عمل کر نا چاہئے۔انہوں نے تمام لوگوں کو عید کی مبارک باد پیش کی اور ریاست جموں و کشمیرمیں امن و امان کے قیام کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔