مہور // مہور علاقہ میں 2گروہوں کے آپسی تصادم میں متعدد غیر رہائشی ڈھوکوں کو نذر آتش کرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے دونوں گروہوں کے 14افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مورخہ17جون کو شوکت علی ولد مٹھو حال برزہ پتھری ڈھوک تحصیل مہور نے پولیس کے پاس ایک تحریری شکایت کی، جس میں بیان کیا گیا کہ اُسکے اور دیگران کے سیزنل ڈھوک(بغیر کسی رہائش کے) کو حاجی اسد اللہ ولد رحمان اور 09 دیگران نے،جو کہ موضع کھوڑ کے باشندے ہیں ، نے انکے ڈھوک نذر آتش کئے۔پولیس نے اس سلسلہ میں پولیس اسٹیشن مہور میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر40/2018 درج کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق پولیس کی ایک پارٹی جائے موقعہ پر روانہ کی گئی اور جب تک پولیس پارٹی موقعہ پر پہنچ گئی ،تو دونوں گروپوں میں تصادُم ہوا ، جس میں عبدالغفار ولد عبدالشعبان ،غلام محمد ولد غلام رسول، فاروق ولد عبداللہ ،محمد سلیم ولد جمال دین اور عبدالغنی ولد رمضان ساکنان کھوڑ حال برزہ پتھری زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر .41/2018 درج کیا ہے۔جھگڑے کے دوران دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کے غیر رہائشی ڈھوکوں کو نذر آتش کیا ۔اسکے علاوہ منگل کے روزمحمد حُسین ولد فتح محمد ساکنہ کالوا و دیگران نے ایک تحریری شکایت درج کی،جس پر پولیس نے عبداللہ و 24 دیگران کے خلاف ایک معاملہ زیر ایف آئی آر 42/2018 درج کیا ۔معاملات درج کرنے کے بعد ایس ایچ او پولیس اسٹیشن مہور نے نفری کے ہمراہ جا ئے موقعہ کا دورہ کیا اور رپورٹ کی کہ28 غیررہائشی ڈھوک نذر آتش کئے گئے ہیں۔پولیس نے اس سلسلہ میں 14اشخاص کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا ہے اور ایس ڈی ایم مہور کے اجرا دفعہ 144کو لاگو کرنے کے لئے موقعہ پر نفری تعینات کی گئی ہے۔پولیس بیان کے مطابق حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں۔