بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر بارشوں کی وجہ سے سڑک پر پیدا ہوئی ممکنہ پھسلن کے نتیجے میں کئی سڑک حادثے پیش آئے جس کی وجہ سے ایک درجن کے قریب مسافر زخمی ہوئے ہیں جس میں سے تین زخمیوں کو سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ چندرکوٹ کے قریب کشمیر سے جموں کی طرف جانے والی ایک ویگن آر گاڑی نمبرJK20_ 3527 مخالف سمت سے آنے والی ٹیمپو ٹرولر نمبرJK 12 _0494 سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں غیر اندراج شدہ دو خواتین سمیت سات امرناتھ یاتری زخمی ہوئے ہیں جنہیں پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔ یہ دونوں گاڑیاں غیر رجسٹرڈ شدہ امرناتھ یاتری گاڑیاں تھیں۔ اس حادثے میں زخمی مسافروں کی شناخت ضلع ہسپتال رام بن کی انتظامیہ نے حینا وجے سندھو ، وجے سندھو ، ڈرائیور رمن شرما ، نشا سرسوتی ، کلدیپ سنگل اور سْشیل بھوشن کے طور کی ہے۔ زخمیوں میں سے مزید علاج کیلئے حینا وجے سندھو اور کلدیپ سنگل کو بانہال ہسپتال سے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ادھر خونی نالہ کے مقام پر اونچی پہاڑی سے ایک گرتا پتھر بانہال سے رام بن جانے والی ایک ٹاٹا سو نمبرJK03B_2733کی چھت کو جالگا اور چھت کو توڑ کر سومو کے اندر ایک سوار عادل حسین ولد محمد شریف ساکنہ چندر کوٹ زخمی ہوا۔ زخمی کو وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر رامسو منتقل کیا جہاں اْس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ۔ دریں اثناء شاہراہ پر ہی بانہال کے نزدیک ٹھٹھاڑ علاقے میں جموں سے وادی کشمیر کی طرف جانے والی ایک کار نمبرDL 43 NE_7309ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر شاہراہ پر ٹھٹھاڑ کے قریب جموں وکشمیر بنک کے پاس شاہراہ سے لڑھک گئی جس کی وجہ سے اس میں سوار مشتاق احمد ولد حاکم دین خان ساکنہ ہندوارہ ضلع کپوارہ معمولی چوٹوں کے ساتھ بچ نکلا۔ اس کے علاوہ آج شام ریلوے سٹیشن بانہال کے نزدیک ٹی۔ چوک پر بھی ایک غیر ریاستی موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس میں دو سوار زخمی ہوئے ہیں اور انہیں پولیس اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت نتن اور یوراج ساکنان مہاراشٹر کے طور کی گئی ہے۔ شاہراہ پر ناشری کے نزدیک بھی ایک کار اور ٹرک ٹکر گئے ہیں تاہم کار میں سوار مسافر بچ نکلے ہیں۔ پولیس نے تمام معاملوں میں ضابطے کی کارروائی کی ہے۔