رام بن میں صحافیوںکا اجلاس منعقد
لال سنگھ کے بیان کو برادری کیلئے کھلی دھمکی سے تعبیر کیا
ایم ایم پرویز
رام بن //رام بن کے صحافیوں نے بی جے پی ممبر اسمبلی لال سنگھ کی جانب سے مجرمانہ ریمارکس کو صحافی برادری کے لئے ایک کھلی دھمکی سے تعبیر کیا ہے۔ یاد رہے کہ لال سنگھ نے صحافیوں کو خبر دار کیا کہ وہ اپنے طریقہ کار میں سدھار لائیں بصورت دیگر سینئر صحافی مرحوم شجاعت بُخاری کی ہلاکت کی مثال دیتے ہوئے خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہنے کی دھمکی دی۔ضلع کے صحافیوں کی رام بن میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ،جس میںزور دیا گیا کہ آزاد میڈیا ،جمہوریت کا ایک اہم جُز ہے اور سرکار کو چاہیے کہ میڈیا کو کام کرنے کے لئے ایک محفوظ ماحول مہیا کرے۔اجلاس میں ایک ممبر اسمبلی اور سابق کابینہ وزیر کی جانب سے میڈیا کو دھمکی دینے پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور کا کہ ا یسی ہی دھمکیوں کی وجہ سے اب تک ملک کے مختلف حصوں میں 2014سے 18صحافی ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے سرکار سے اس کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا۔
ریاسی میں بیداری
پروگرام کا اہتمام
ریاسی // جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولئیج انڈسٹریز بورڈ ریاسی کی جانب سے پنچایت گھر ڈادوراکے نوجوانوں کو نیشنل شیڈولڈ کاسٹ اورشیڈولڈ ٹرائب ہب پروگرام (NSSH)کے متعلق جانکاری فراہم کرنے کے لئے یک روزہ بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پرسننا راما سوامی جی نے بطور مہمان خصوصی کیمپ کا افتتاح کیا،جس میں بیروز گار نوجوانوں کے علاوہ اہلکاروں ، بینک کے نمائندوں ،سابقہ سرپنچوں اور پنچوں نے بھی شرکت کی۔کیمپ منعقد کرنے کا مقصد نیشنل شیڈولڈ کاسٹ اورشیڈولڈ ٹرائب ہب پروگرام (NSSH)کے متعلق بیداری پھیلانا تھا ۔اس سے قبل ضلع کھادی اینڈ ولیج افسر کے وی آئی بی نے شرکا کو کے وی آئی بی کی سکیموں اور قرضہ درخواستی فارم آن لائن پیش کرنے کی تفصیلی جانکاری دی ۔انہوں نے شرکا کو ان سے استفادہ لینے پر زور دیا اور دیگران کو بھی ان سکمیوں کا فائدہ حاصل کرنے کی ترغیب دی۔اس سلسلہ میں انہوں نے ضلع کے مختلف کامیاب اینٹر پیرینورس کی مثال پیش کی اور نوجوانوں کو آمدنی پیدا کرنے والے یونٹس قائم کرنے کی صلاح دی ۔
ممبران اسمبلی کی خرید وفروخت کا خدشہ ، ریاستی اسمبلی کو تحلیل کیا جائے :محمدشریف نیاز
رفیع چوہدری
گندو// کانگریس کے سینئر لیڈر محمد شریف نیاز نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط سرکار گرنے اور اسمبلی کے معطلی کے بعد کسی بھی سیاسی پارٹی نے سرکار بنانے کا دعویٰ گورنر کے سامنے پیش نہیں کیا۔انہوں نے حیرانگی کا اظہارت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اسمبلی کو تحلیل کیوں نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں بکنے والے ممبران اسمبلی کی بولی لگنے والی ہے اور ہارس ٹریڈنگ اور خرید و فروخت کرکے ایک اور ناپائیدار اور ناپاک گٹھ جوڑ کی سرکار بنانے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ نیاز نے کہا کہ کانگریس کے سبھی ممبران اسمبلی چٹان کی طرح کانگریس پارٹی اور کانگریس لیڈر شپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔کانگریس ممبران کا باغی ہونا بی جے پی کے لئے دل بہلانے والا خیال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سرکار بنانے کی افواہ کے دوران بی جے پی کے کئی دکھی ممبران اسمبلی کانگریس پارٹی کو سرکار بنانے کیلئے سپورٹ دینے کے لئے تیار تھے، لیکن کانگریس نہ ہی ممبران کی خرید و فروخت کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور نہ ہی 135 سالہ کانگریس کی تاریخ میں کسی فرقہ پرست سیاسی پارٹی سے کوئی مفاہمت یا گٹھ جوڑ کیا۔نیاز نے کہا کہ غلام نبی آزاد کے دور حکومت میں دل بدلی قانون پاس ہوا ہے یہ قانون مرکز اور دیش کی ریاستوں کے دل بدلی قانون سے بلکل مختلف ہے۔اس قانون کے تحت کسی پارٹی کا ایک ممبر، ایک گروپ یا پوری پارٹی دل بدلی کرنا چاہے تو اسے اسمبلی کی ممبر شپ سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔نیاز نے کہا کہ آزاد ممبران بھی ریاستی دل بدلی قانون کے تحت کسی پارٹی میں شامل نہیں ہو سکتے ہیں۔آزاد ممبران کو ووٹران نے کسی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کے لئے نہیں بلکہ آزاد حیثیت سے عوام کی خدمت کے لئے چنا ہوتا ہے۔نیاز نے کہا کہ 2008 کے اسمبلی چناو میں لگ بھگ ایک درجن کے قریب آزاد امیدوار جیتے تھے ، نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے غلام نبی آزاد کو حکومت سازی لئے سپورٹ کی تھی۔
ڈاکٹر طارق جی ایم سی ڈوڈہ کے پرنسپل تعینات
مکینوں و محکمہ صحت کے ملازمین کاتعیناتی کے فیصلہ کی ستائش
ڈوڈہ // ڈوڈہ کے عوام خصوصاً محکمہ صحت کے ملازمین نے ڈ اکٹر طارق آزاد کو بطور پرنسپل جی ایم سی ڈوڈی تعینات کرنے کے فیصلہ کی سراہنا کی ہے۔ایک پریس بیان میں ڈاکٹرس ایسو سی ایشن ڈوڈہ کے صدر ڈاکٹر شبیر حُسین پاٹیگڑو نے سر زمین ڈوڈہ کے فرزند ڈ اکٹر طارق آزاد کو جی ایم سی ڈوڈہ کا پرنسپل تعینات کرنے پر سرکار کے فیصلہ کی ستائش کی ہے۔ڈاکٹر طارق آزاد کو بطور ایک ایماندار ،مجاذ اور ایک اچھی کارکردگی والا افسر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکار کے اس فیصلہ سے یقینی طور خطہ چناب کے عوام کو فائدہ ہوگا۔این ایچ ایم ایمپلائز ایسو سی ایشن ڈوڈہ کے صدر فیضان اے ترنبو نے بھی ڈاکٹر طارق آزاد کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ سرکار کے اس قدم سے نہ صرف خطہ کے عوام کے مشکلات کم ہو جائیں گے بلکہ اس سے ملازمین کے مسائل کا ازالہ بھی ہو جائے گا۔ڈوڈہ کے عوام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جی ایم سی ڈوڈہ فعال بنانے کے بعد مقامی ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر آزاد خطہ میں ہیلتھ کئیر میں بہتری لانے کی ہرممکن کوشش کریں گے ا ور لوگوں کو گھروں کی دہلیز پر ہی بہتر طبی خدامت فراہم ہونگی اور انہیں مکمل حمیات کا اعلان کیا۔قابل ذکر ہے کہ سرکا رنے ڈاکٹر طارق آزاد کو جی ایم سی ڈوڈہ میں بطور پرنسپل فرائض انجام دینے کی ذمہ واری سونپی ہے۔ ڈاکٹر آزاد تا حال جی ایم سی جموں میں بطور پروفیسر سرجری کام کر رہے ہیں۔
گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں قومی کانفرنس کا اہتمام ہوگا
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//’’ہندو پاک کے اُردو ادب میں انسان دوستی و محبت کا پیغام‘‘ کے موضوع پر ماہ ستمبر میں گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں منعقد ہونے والی دو روزہ مجوزہ قومی کانفرنس پر ریاست جموں کشمیر اور ریاست سے باہر ادیبوں دانشوروں قلمکاروں میں بھاری جوش و جذبہ پایا جاتا ہے ۔ پٹنہ سے معروف افسانہ نگار رومانہ تبسم ، حیدرآباد سے کالم نگار فارو ق طاہر،بہار کی جواں سال شاعرہ فریدہ انجم دراس کرگل سے کالم نگار مصباح شبیر نے اپنے الگ الگ پیغام میں مجوزہ کانفرنس کے انعقاد پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شفقت حُسین رفیقی کے نام نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ان تمام ادیبوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے دور دراز پہاڑی دشوار گذار علاقہ میں و سائل کی کمی کے باوجود ایسی کانفرنس کا انعقاد ایک بہت بڑا تاریخی فیصلہ ہے انشا ء اللہ اس کے کامیاب انعقاد کے بعد یہ ایک تاریخ ہوگی جس پر آنے والی نسلیں فخر محسوس کریں گی اور یہ یہاں کے فن ، ادب ، علم دوستی اور یہاں کے لوگوں کی ادب سے محبت و عقیدت کی علامت کے طور یاد کی جائے گی اور ہندو پاک کے ادبی حلقوں میں ڈوڈہ اپنا ایک منفرد مقام بنائے گا اور آئندہ آنے والے برسوں میں ڈوڈہ میں ادب کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد کے لئے راہ ہموار کرے گا۔ ان ادیبوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ دو روزہ کانفرنس میں شرکت کے لئے ڈوڈہ آنے کے لئے بے چین ہیں۔
بی ایس این ایل صارفین ناقص
سروسز سے پریشان
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع کے بی ایس این ایل کے صارفین نے کمپنی کی جانبسے ناقص خدمات فراہم کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔صارفین کا مبینہ الزام ہے کہ کمپنی کے موبائل اور لینڈ لائن خدمات روز بروز خراب ہو رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ کمپنی کی انٹرنیٹ سروس بھی ناقص ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو سرکار ڈیجٹل انڈیا پر زور دے رہی ہے اور ملک بھر میں جی ایس ٹی موبائیل اور انٹرنیٹ کے ذریعہ فراہم کی جاتی ہے لیکن اور ملک بھر میں ہر کاروباری موبائیل اور انٹر نیٹ خدمات پر منحصر ہے۔ضلع کے طلاب نے بھی الزام لگایا ہے کہ بی ایس این ایل لوگوں کو ضروری خدمات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے جبکہ دیگر نجی کمپنیاں صارفین کو اچھی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ضلع کے عوام نے جنرل منیجر ،بی ایس این ایل جموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کریں،تاکہ بی ایس این ایل کے ساتھ رجسٹر صارفین کو اطمینان بخش سروسز فراہم ہوں،جیسے کہ پرائیویٹ کمپنیاں فراہم کر رہی ہیں۔