رام بن // ضلع کے عملہ کو کھسرا اور روبیلا (Measles and Rubella)کے صحیح ٹیکہ کاری کے سلسلہ میں تربیت فراہم کرنے کیلئے عالمی صحت تنظیم کے نیشنل پبلک ہیلتھ سرویلائنس پروجیکٹ جموں نے ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفئیر ،میٹرنٹی چائیلڈ ہیلتھ اینڈ ایمو نائزیشن کے اشتراک سے ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیاگیا۔اس موقعہ پر چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف الدین خان مہمان خصوصی تھے،جنھوں نے تربیت حاصل کرنے والوں کو ویکسین کے طریقہ کار کو صحیح طریقہ سے سیکھنے کی تلقین کی، تاکہ ضلع میں ایم آر ویکسین پروگرام کامیاب رہے۔ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر محمد اقبال بٹ نے بھی شرکت کرنے والوں سے خطاب کیا۔ریسورس پرسن ڈاکٹر رویندر پال سنگھ اور ڈاکٹر اکشے کمار نے عملہ کو پائور پوائنٹ پرینزینٹیشن سے تربیت فراہم کی۔ورکشاپ کے دوران دو نشستیں منعقد کی گئیں،جس میں گول ،بانہال، بٹوت اور اکھڑال کے بی ایم اوز ،ڈاکٹر بہیر احمد ترگوال، ڈاکٹر تنویر احمد، ڈاکٹر شکیل احمد اور ڈاکٹر اے ایچ بٹ ، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال رام بن ڈاکٹر ڈی وی سنگھ ، ڈاکٹروں ، زونل ایجوکیشن افسروں ،انچارج چائیلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ افسران، کیمونٹی ہیلتھ افسران، پیرا میڈیکل عملہ اوراساتذہ کو مائیکرو اور مارکو پلاننگ کی تربیت دی گئی ۔ضلع میں سو فیصدی ٹیکہ کاری پروگرام کامیاب بنانے کے لئے تربیت فراہم کی گئی۔ 9 ماہ سے لیکر16سال کے بچوںکیلئے ویکسین مہم کا افتتاح یکم ستمبر سے کیا جا رہا ہے۔ مہم کے پہلے مرحلہ میں تما م سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے طلاب کو کھسرا کی ویکسین فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلہ میں گھر گھر جاکر مہم چلائی جائے گی۔