سری نگر//ٹرانسپورٹ کمشنر سواگت بسو اس نے آج یہاں ایم وی ڈی کی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران اعلان کیا کہ ریاست میں نئی خریدی جانے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن اسناد کے لئے ہوم ڈیلی وری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25؍جولائی 2018ء کے بعد خریدی جانے والی تمام گاڑیوں کے مالکا ن تک رجسٹریشن اسناد سپیڈ پوسٹ کے ذریعے پہنچائی جائے گی جس کیلئے لوازمات اور دیگر خدو خال آج کی میٹنگ میںطے کئے گئے ۔ کمشنر نے تمام آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوز کو ہدایت دی کہ وہ اس حوالے سے تیاریاں مکمل کریں۔ڈاک محکمہ سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں لازمی نظام کو تیار رکھیں۔ریاست میں ڈرائیونگ لائسنس اور رجسٹریشن اسناد کی ہوم ڈیلی وری سے ہر ماہ لگ بھگ 25ہزار لوگ مستفید ہوں گے اور انہیں یہ خدمات اپنی دہلیز پر مہیا ہوگی ۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے ریاست کے تمام آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم وی ڈی محکمہ میں ’’ مشن ۔ زیرو فٹ فال‘‘ شروع کیا گیا ہے۔ان افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ دستیاب خدمات کے بارے میں عام شہریوں میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کریں۔میٹنگ کے دوران ’’مشن ۔ زیر فٹ فال ‘‘ کو مکمل طور سے حاصل کرنے کے لئے 6ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے اور اس کے بعد عام شہریوں کو مختلف سہولیات کے لئے آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوزکے دفاتر کے چکر نہیں کاٹنا پڑیں گے ۔بسواس نے مزید کہا کہ مختلف سہولیات کو ایک ماہ کے اندر اندر آن لائن نظام کے دائرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے فیلڈ افسروں پر واضح کر دیا کہ رشوت خوری کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوزکوہدایت دی کہ وہ رشوت خوری سے متعلق شکایات کے ساتھ سختی سے نمٹیں۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر پوسٹس جے اینڈ کے گورو شری واستو نے کہا کہ حال ہی میں ڈرائیونگ لائسنس سپیڈ پوسٹ کے ذریعے سے لوگوں تک پہنچانے کا عمل کامیابی سے جاری ہے ۔ آر ٹی او جموں اور آر ٹی او کشمیر نے کہا کہ اس قدم سے آر ٹی او دفاتر میں لوگوں کی بھیڑ کافی کم ہوئی ہے اور انہیں راحت نصیب ہوئی ہے ۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے جموں اور سرینگر میں پائیلٹ بنیادوں پر اس نظام کی کامیاب عمل آوری پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے باقی اضلاع کو بھی اگست مہینے تک اس نظام کے دائرے میں لایا جانا چاہیئے۔ٹرانسپور ٹ کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ اور ریاست کے تمام اضلاع میں آٹومیٹک ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریکس قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ سائنسی طریقے پر ڈرائیونگ ٹیسٹ منعقد کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ اس عمل سے سڑک حادثات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوزکوہدایت دی کہ وہ فوری طور سے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ اشتراک کریں تاکہ اس مقصد کے لئے مناسب سرکاری اراضی حاصل کی جاسکے ۔میٹنگ میں ڈائریکٹر پوسٹس جے اینڈ کے گورو شری واستوا ، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر جے اینڈ کے مہیندر سنگھ ، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر جے اینڈ کے وِکاس شرما ، آر ٹی او کشمیر خورشید احمد ، آر ٹی او جموں دیپ راج اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔