سری نگر /اَرکان قانون سازیہ کے ایک وفد نے یہاں ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے اپنے حلقہ ہائے انتخاب سے جُڑے ترقیاتی معاملات اور ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وفد میں ارکان قانون سازیہ کویندر گپتا ، ست پال شرما، شیام لال چودھری ، راجیو جسروٹیہ اور شکتی راج پریہار شامل تھے۔اِن اَرکان نے اپنے اپنے حلقہ ہائے انتخاب میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی تکمیل کے تعلق سے سپیکر موصوف کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر سپیکر نے اِن اَرکان کو یقین دلایا کہ وہ یہ معاملات ذاتی طور متعلقہ حکام کے نوٹس میں لائیں گے۔ڈاکٹر سنگھ نے ایک میٹنگ کے دوران اسمبلی سیکرٹریٹ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے علاوہ سیکرٹریٹ میں جدیدیت لانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔سپیکر کو اسمبلی کے سیکرٹری آر ایل شرما نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے کام کاج کے بارے میں مجموعی جانکاری دی ۔سپیکر موصوف نے تمام افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کو کپسٹی بلڈنگ کے بارے میں مناسب تربیت فراہم کرنے کی بھی تلقین کی ۔سپیکر نے ایم ایل اے ہوسٹل میں موجودہ اور سابق ممبران اسمبلی کو اقامتی سہولیات فراہم کرنے کے طریقے کار کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کو یقین دِلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو عنقریب پورا کیا جائے گا۔میٹنگ میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے سیکرٹری آر ایل شرما کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری نسیم جان ، ڈپٹی سیکرٹری عبدالقیوم میر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔