بنی کاڈھگرگائوں ایک ماہ سے بجلی سپلائی سے محروم
حافظ قریشی
بنی// ضلع کٹھوعہ کی تحصیل بنی کے ڈھگر گاؤں میں ایک ماہ سے بجلی کی عدم دستیابی کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ایک ماہ پہلے ڈھکر گاؤں کا بجلی ٹرانسفر جل گیا تھا جس کے بعد سے اب تک ٹرانسفارمرکی مرمت نہ کی گئی ۔لوگوں نے کہاکہ گائوں میںبجلی نہ ہونے کی وجہ سے گاؤں کے لوگ گْھپ اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی طرف سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے یہاں کی مقامی آبادی کو ایک ماہ سے بغیر بجلی کے ہی دن اور راتیں گذارنی پڑ رہی ہیں جبکہ بچوں کے امتحانات بھی سرپرہیں جس کی وجہ سے طلباء بھی پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کو بار بار گذارشات کے باوجود بھی ابھی تک مذکورہ علاقے کی بجلی سپلائی کو بحال نہ کیا گیا نہ ہی نیا ٹرانسفارمرلگایاگیااور نہ ہی خراب ہوئے ٹرانسفارمر کی مرمت کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کی پریشانی پرمحکمہ ٹس سے مس نہیں ہورہاہے اور محکمہ بجلی، بجلی کی فیس باقاعدگی سے وصول کر رہا ہے جبکہ لوگ بجلی سپلائی کیلئے ایک ماہ سے ترس رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے جلدازجلد ٹرانسفارمرکی مرمت کامطالبہ کیاہے۔
جموں وکشمیر اور آسام کی صورتحال پرتبادلہ خیال کرنے کیلئے
وزیراعظم قومی یکجہتی کونسل کی میٹنگ طلب کریں:پروفیسربھیم سنگھ
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے ایکزیکیوٹیو چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے قومی یکجہتی کونسل کی ہنگامی میٹنگ طلب کرنے پر زور دیا جس سے تمام قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو اعتماد میں لیکر جموں وکشمیر ، آسام او ر دیگر ریاستوں کی سیکورٹی کو لاحق خطرات پرتبادلہ خیال کرکے اس کا حل نکالا جاسکے۔پنتھر س سربراہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار برس سے جب سے مودی جی نے حکومت ہند کی ذمہ داری سنبھالی ہے تب سے قومی یکجہتی کونسل قائم ہی نہیں کی گئی۔یہ حیرت کی بات ہے کہ وزیراعظم مودی قومی یکجہتی کونسل قائم کرنے کو نظرانداز کررہے ہیںاور اس معاملہ پر کوئی جواب بھی نہیں دے رہے۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نے قومی یکجہتی کونسل قائم کی تھی اور یہ سلسلہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے وقت تک جاری رہا۔پنتھرس سربراہ نے وزیراعظم پر قومی یکجہتی کونسل قائم کرنے کے لئے زور دیا جس سے ملک کی تمام قومی ، علاقائی جماعتوں اور طبقات کے نمائندوں کی شرکت سے ملک کو درپیش مسائل کا حل نکالا جاسکے ۔ یہی راستہ ہے سماج کے تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر قومی یکجہتی کو مضبوطی فراہم کرنے کا۔
محبوبہ مفتی دفعہ 35 اے کے دفاع کی باتیں کرنے کے بجائے اپنا گھر ٹھیک کرے: بی جے پی
یو ا ین آئی
جموں // بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہا ہے کہ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو دفعہ 35 اے کے دفاع کی فکر کرنے سے پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ مفتی آج کل دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 کے پیچھے پڑی ہیں جبکہ ان سے اپنا گھر سنبھالا نہیں جاتا۔ رویندر رینا نے یہ باتیں یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی ایک ناتجربہ کار وزیر اعلیٰ تھیں اور وہ صحیح سے کام نہیں کرپائیں۔ رویندر رینا نے کہا کہ پی ڈی پی صدر اب کہتی ہیں کہ ’بی جے پی سے اتحاد زہر کا گھونٹ پینے کے برابر تھا‘ جبکہ بحیثیت وزیر اعلیٰ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتی تھیں۔ انہوں نے محترمہ مفتی کے دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 سے متعلق بیانات کے ردعمل میں کہا ’جب آپ وزیراعلیٰ تھیں، تب تو آپ نے اس طرح کے بیانات نہیں دیے۔ تب تو آپ کو بی جے پی بڑی اچھی لگتی تھی۔ دراصل وہ کام نہیں کرپائیں، ان کے پاس تجربہ نہیں تھا۔ جب آپ اقتدار سے باہر آگئے تو آپ کو دفعہ 35 اے ، دفعہ 370 یاد آگیا۔ یہ عوام کو بیوقوف بنانے کی ایک کوشش ہے‘۔ انہوں نے کہا ’کبھی بیان دیتی ہیں کہ اب کشمیر سے صلاح الدین اور یاسین ملک پیدا ہوں گے۔ یہ سوچتی ہیں کہ ایسی باتیں کرکے ہم دہلی کو ڈرائیں گے۔ اپنا گھر تو سنبھالا نہیں جاتا۔ دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 کے پیچھے پڑی ہیں۔ ان کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے۔ جو ٹھیک نہیں ہے‘۔ خیال رہے کہ محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز اپنی جماعت پی ڈی پی کے 19 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں سری نگر میں منعقدہ ایک پارٹی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسند جماعتیں، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی اپنے نظریاتی اختلافات کو یکطرف رکھ کر دفعہ 35 اے کا دفاع کریں گی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ محبوبہ مفتی ایک ناتجربہ کار وزیر اعلیٰ تھیں اور وہ صحیح سے کام نہیں کرپائیں۔ انہوں نے کہا ’وہ کام نہیں کرپائیں۔ دراصل وہ کمزور اور ناتجرکار تھیں۔ وہ سوچتی تھیں کہ میں کام کروں گی لیکن ان کے دائیں بائیں گھومنے والے لوگ انہیں کام نہیں کرنے دیتے تھے‘۔ رویندر رینا نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا ’انہیں ڈھائی تین سال تک یہ نظر نہیں آیا کہ یہ زہر کا گھونٹ ہے۔ جب کبھی مودی جی جموں وکشمیر آتے تھے تو محبوبہ جی کے بیانات دیکھ لو۔ مودی جیسے لیڈر پوری دنیا میں کہیں نہیں ۔ نتن گڈگری جی، راج ناتھ سنگھ جی، سشما سوراج جی، نرملا سیتا رمن کے جیسا کوئی نہیں۔ مودی جی نے بھارت کے تمام خزانوں کا رخ جموں وکشمیر کی طرف موڑ دیا ہے۔ یہ سب کون کہتا تھا۔ محبوبہ جی کہتی تھیں‘۔ انہوں نے کہا ’جموں یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی جموں کے پروگراموں میں محبوبہ جی کے بیانات دیکھ لو۔ سرکار میں تھیں تو تعریفیں کرتے کرتے نہیں تھکتی تھیں۔ آج یہ اچانک زہر کا گھونٹ کیسے ہوگیا۔ جب انسان سے اقتدار چھن جاتا ہے، لاؤ لشکر کم ہوجاتی ہے، وہ سب جو آپ کو بحیثیت وزیر اعلیٰ ملتا تھا، وہ نہیں ملتا ہے۔ تو اس صورتحال میں انسان مایوس ہوتا ہی ہوگا۔ دکھ محسوس کرتا ہوگا۔ اور وہ دکھ کبھی کبھی چھلک جاتا ہے۔ وہی پریشانی اور وہی تکلیف ہے‘۔ یو این آئی
بندوق کی نوک پر 18لاکھ روپے کی چوری کا معمہ حل،3ملزمین گرفتار
یو ا ین آئی
جموں// جموں وکشمیر پولیس نے شہر جموں کے سب سے بڑے تجارتی مرکز باہو پلازہ میں اکتوبر2017کو ہوئی چوری کے معمہ کو حل کرنے کا دعویٰ کیاہے۔اس سلسلہ میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کیا جن میں سے دو سن 2010کوایک بچے کے سفاکانہ قتل میں بھی ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق چوری کی اس واردات میں تین نامعلوم موٹرسائیکل سوار بندوق کی نوک پر باہوپلازہ سے 18لاکھ روپے سے بھرے ایک تھیلے کو اُڑا لے گئے تھے۔ان نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ہوا میں گولی بھی چلائی تھی جس کی وجہ سے اس وقت افراتفری پھیل گئی تھی۔ معاملہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے آئی جی پی جموں نے ایس پی ساؤتھ، ایس پی آپریشن، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تریکوٹہ نگر پر مشتمل اعلیٰ سطحی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ ایس ڈ ی پی او گاندھی نگر رفیق منہاس کی زیرنگرانی اور ایس ایچ او گاندھی نگر سنیل جسروٹیہ کی قیادت میں ٹیم نے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی جموں نے میڈیا افراد کو بتایاچوری کی واردات میں استعمال کی گئی پستول، ایک کارتوس اور موٹرسائیکل ضبط کر لی گئی ہے جبکہ 18لاکھ روپے جوچوری کئے گئے تھے، ان کی بازیابی کے لئے بھی تحقیقات چل رہی ہے۔ ایس ایس پی نے بتایاکہ سال 2010میں نواشہرجموں میں علاقہ میں شالین گپتا نام کے بچہ کا جوسفاکانہ قتل ہوا تھا، اُس میں گرفتار کئے گئے تین میں سے دو ملزمین ملوث تھے۔ انہوں نے بتایاکہ شالین گپتا کو ان لوگوں نے پہلے اغوا کیا اور ان کی بازیابی کے لئے گھروالوں سے لاکھوں روپے مانگے۔بعد میں جب بچہ انہیں پہچان گیاتو انہوں نے اس کا قتل کر دیاتھا۔ اس کیس کورٹ میں پیش ہوا، چونکہ یہ اس وقت جوئنائل تھے، اس لئے عدالت نے انہیں ضمانت دے دی تھی ،ضمانت پر رہا ہونے کے بعد 18لاکھ روپے کی چوری کی بڑی واردات انجام دی۔یو این آئی
سماجی کارکن طالب حسین گرفتار
یوگیش سگوترہ
جموں//سماجی کارکن طالب حسین جوکٹھوعہ عصمت ریزی وقتل معاملہ میں متاثرہ کوانصاف دلانے کی جدوجہدکی قیادت کررہاتھاپراس کی راشتہ دار نے مبینہ طورپر عصمت دری کی کوشش کاالزام عائدکیاہے۔پولیس نے عصمت دری کی کوشش کامعاملہ درج کرکے طالب حسین کوگرفتارکرلیاہے۔پولیس کوموصولہ شکایت میں متاثرہ نے اپنی شناخت طالب حسین کی رشتہ دار کے طورپرکرائی ہے اورکہاکہ مذکورہ شخص نے سانبہ ضلع میں اُس وقت اس کی عصمت دری کرنے کی کوشش کی جب وہ مویشیوں کوجنگل میں اکیلے چرارہی تھی۔ایف آئی آر میں لکھاگیاہے کہ یہ واقعہ ڈیڑھ مہینے پہلے کاہے جب چیراواہ ،مانسرکے رہنے والی متاثرہ لڑکی قریب کے جنگلوں میں مویشیوں کوچرارہی تھی۔اس کے علاوہ یہ بھی متاثرہ نے بتایاہے کہ طالب کی ا س سے جنگل میں ملاقات ہوئی جہاں اس نے ہاتھ میں تیزدھارہتھیارہاتھ میں لے کراس کی عزت لوٹنے کی کوشش کی اوراس کے جسم کوچھوا،بعدمیں موقعہ سے فرارہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ شکایت میں متاثرہ نے بتایاہے کہ طالب نے اسے دھمکی دی ہے کہ وہ اس واقعے کے بارے میں کسی سے ذکرنہ کرے۔ایک مہینے کے بعدمتاثرہ خاتون نے واقعہ کے بارے میں اپنے شوہرکوبتایا۔پولیس کے مطابق پولیس سٹیشن سانبہ میں متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیاگیاہے اورمبینہ ملزم کو پلوامہ کے علاقہ ترال سے گرفتارکیاگیاہے۔بعدازاں پولیس نے اسے پولیس سٹیشن سانبہ لایاایس ایچ او پولیس سٹیشن سانبہ چنچل سنگھ نے طالب کی گرفتارکی تصدیق کی ہے۔ایس ایچ اونے کہاکہ ایک ایف آئی آر نمبر 221/2018 ،زیردفعہ 376آرپی سی اور4/15A آرمز ایکٹ معاملہ درج کیاگیاہے ۔
ہندوستان عمران خان کی بات چیت کی پیش کش کامثبت جواب دے:سکھ تنظیمیں
جموں وکشمیرکی خصوصی پوزیشن کے ساتھ چھیڑچھاڑکی کوششوں کی مذمت
جموں//مختلف سکھ تنظیموں بشمول سکھ انٹلیکچول سرکل ،انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن اورسکھ سٹوڈنٹس فیڈریشن نے پاکستان کے انتخابات میں جیت درج کرنے کیلئے عمران خان کو مبارکبادپیش کی ہے اوران کی کشمیرمسئلہ کے تئیں سنجیدگی کاخیرمقدم کرتے ہوئے توقع کی ہے کہ مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کیاجائے گا۔ اس سلسلے میں سکھ تنظیموں کااجلاس جموں میںمنعقدہواجس کی قیادت ایس نریندرسنگھ خالصہ نے کی ۔اس دوران اجلاس میں ایس رنجیت سنگھ ،ایس منموہن سنگھ ،ایس دویندرسنگھ،ایس سریندرسنگھ ،ایس امن دیپ سنگھ ،ایس منجیت سنگھ اورایس دلیپ سنگھ سنگھ نے شرکت کی۔اس دوران سکھ لیڈران نے پاکستانی انتخابات میں جیت درج کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے کی گئی تقریر کے دوران مسئلہ کشمیرکے حل پرزوردینے کوخوش آئندپیش رفت قراردیا۔ ایس نریندرسنگھ خالصہ نے حکومت ہندسے اپیل کی ہے کہ وہ عمران خان کی طرف سے بات چیت کی پیش کش کامثبت جواب دے اورمسئلہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کشمیرمیں معصوم لوگوں کے قتل عام کاسلسلہ تھم سکے اورخطے میں امن وامان کی فضاقائم ہوسکے۔ اس کے علاوہ سکھ لیڈران ایک دیگرقرارداد میں پی ایس اے ایکٹ میں ترمیم اور دفعہ 35A کوواپس لینے کی کوششوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اورکہاکہ سکھ طبقہ جموں وکشمیرکی خصوصی پوزیشن کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑچھاڑ کے خلاف پرامن احتجاج کرے گی۔
نیشنل کانفرنس کاایم کے رینہ کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں// ریاست جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرفاروق عبداللہ کے سپیشل اسسٹنٹ ایم کے رینہ کی والدہ نسبتی کی اچانک موت پر نیشنل کانفرنس نے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔اس ضمن میں بلائے گئے تعزیتی اجلاس میں نیشنل کانفرنس لیڈران نے ایم کے رینہ کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میںہمدردی کااظہارکیا ۔ تعزیتی پیغام میں نیشنل کانفرنس کے لیڈران نے کہاہے کہ ایم کے رینہ کی والدہ نسبتی بہت ہی نیک اورپرخلوص شخصیت کی حامل تھی اوران کی فوت سے کا فی دکھ ہوا ہے۔ قابل ذکرہے کہ مرحوم کی آخری رسومات جوگی گیٹ جموں ادا کی گئی جہاں پرکئی مقامی لوگوں کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے لیڈران موجود تھے۔
اخباری کاغذ صحت کیلئے مضر، پیکنگ کیلئے ممنوع قرار
جموں//فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈس اتھارٹی آف انڈیا نے تمام تجارتی اورکارر وباری اداروں سے کہا ہے کہ وہ سامان کی پیکنگ کے دوران یا پھرچیزوں کی سپلائی کے دوران کسی بھی قسم کے اخباری کاغذکو استعمال کرنے سے باز آئیں کیونکہ اخباری کاغذ صحت کیلئے بہت ہی مضر قرار دیاگیاہے۔ فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈس اتھارٹی آف نے صاف طورپر معطع کرتے ہوئے واضح کردیاہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کی پیکنگ کیلئے اخباری کاغذ کو استعمال کرنے پر پابندی عائد کی جاچکی ہے لہذاس کا قطعی طورپر مزید استعمال نہ کیاجائے ۔ محکمہ نے اپنے بیان میں تمام تجارتی اورکاروباری اداروں اورخاص طورپرتمام سٹیک ہولڈروں کو متنبہکرتے ہوئے کہاکہ عام طورپر یہ دیکھا گیاہے گوشت‘ پینر بیچنے والے نانوائی دکاندار روایتی طورپر غذاء سے متعلق ضروری اشیاء کو بیچنے کے دوران اخباری کاغذات کا استعمال کرتے ہیں جو باعث تشویش ہے لہذاس اس روایت کو جتنی جلدی بند کیاجائے اتنا ہی بہت اچھا ہے۔
زراعت و جنگلات یونیورسٹی سولن میں 5 روزہ تربیتی پروگرام
جموں//سوکھے پھولوں کے علاوہ کئی باغبانی پیداوار وں سے متعلق تربیت حاصل کرنے کیلئے ایک تربیتی مہم کے طورپر سولن ہماچل میں زراعت وجنگلات کی یونیورسٹی میں5روزہ تربیتی پروگرام کاانعقاد کیاگیا جس کی سربراہی سولن ہماچل یونیورسٹی کے ہی ڈاکٹر وائی ایس پرما ر کررہے تھے۔ تربیتی پروگرام میں جموں یونیورسٹی کے شعبہ باغبانی کے10افسران سے زائد اہلکاروں نے بڑھ چڑھ کرشمولیت کی۔ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق منعقدہ تربیتی پروگرام میں جدید ی تکینک اورپھولوں کو سکھانے کے کاموں کوعملانے کیلئے تمام اہلکاروںمیں اچھا خاصہ تربیت فراہم کی گئی۔ ذر ائع نے مزید کہاہے کہ تربیت حاصل کرنے والے افسران اب کسانو ں میں فراخدلانہ طورپر تربیت سے روشناس کریں گے۔
بھگوتی نگر یاتری نواس میں یوگا سیشن کا اہتمام
جموں//گزشتہ برسوں کی طرح اس برس بھی مقدس امرناتھ یاترا جو کہ امسال 28جون سے شروع ہوچکی ہے کے ضمن میں سی آر پی ایف نے یاتر ا کو آخری دنوں تک خوش اسلوبی سے چلا نے کیلئے ایک بہترین کردار ادا کیا ہے۔جانکار حلقوںنے بتایا کہ اس برس سی آرپی ایف کی 38بٹالین پر کئی ذمہ داریاں عائد کی گئی جس کے مطابق وہ یاتریوں کی حفاظت کے علاوہ ہ یاتریوں میں یاترا کے دوران طبی نگہداشت سے متعلق باتوں کے علاوہ کئی اہم جانکاریاں فراہم کررہی ہے ۔ قابل ذکرہے کہ اس برس 38بٹالین سی آرپی ایف نے جموں کے بیس کیمپ بھگوتی نگر میں ڈی آ ئی جی سی آرپی ایف شریمتی نیتو کی قیادت میںامرناتھ یاتریوںکیلئے یوگا سیشن کا بھی اہتمام کیا جس میں یاتریوںکو یوگا سے ہورہے استفادہ کے بارے میںجانکاری دے دی گئی۔ اس موقع پربولتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ یوگا سے جسم اوردماغ میں توازن کی بہتات میں اضافہ ہوتا ہے ۔ ذرائع نے خبر دی ہے کہ یاتریوںنے سی آرپی ایف کے عوامی خدمات کوسراہا اور حفاظتی دستوںکے طورپر معمور اہلکاروں کی بڑھ چڑھ کرتعریف کی۔ یوگا سیشن کے اہم واقعات کے دوران کمانڈنٹ 38بٹالین سی آرپی ایف شری بی ایس چوہان‘ سکینڈان کمانڈ 38بٹالین نوین رانٰا ‘ ڈپٹی کمانڈنٹ کے علاوہ دیگر افسران اورکئی اہلکاروں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا
محبوبہ مفتی کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت :پونیت جموال
جموں//پیلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر پونیت سنگھ جموال نے نوجوانوںسے کہاہے کہ پارٹی کی ساکھ کو مضبوط کرنے کیلئے وہ سرگرم رول نبھانے کیلئے آگے آئیں تاکہ آئندہ انتخابات میں پارٹی اکثریت کے ساتھ سرکار بنانے کی اہل ہوسکے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی ایک ایسی واحد پارٹی ہے جوخوشحال ریاست کے طورپر ریاست جموںوکشمیر کو دیکھنے کی متمنی ہے اورریاست کے تینوں خطوں میںیکساں اورمساوی طورپر ترقی کی خواہاں ہے۔ یہاں پی ڈی پی کی یوم تاسیس منانے کے سلسلے میں توپ شیرکھانیہ میں پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے جموال نے کہا ہے کہ لوگوں کو اس بات کو دوہراناچاہئے کہ محبوبہ مفتی نے جائیداد کی خرید وفروخت کرنے کے ضمن میں تمام خطوں میں عام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کودھیان میںرکھتے ہوئے سٹامپ ڈیوٹی کوختم کردیاہے علاوہ ازیںجو بھی انہوںنے فیصلہ لیاہے وہ ہروقت انہوںنے عوام کے حق انصاف کے طورپر لیا ہے۔ انہوںنے پارٹی ورکروں کو یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ محبوبہ مفتی نے خواتین کیلئے تمام سڑکوں پر الگ سے گاڑیوں کاچلانے کا بندوبست کرنے کے علاوہ خواتین پولیس سٹیشنوں کوقیام عمل میں لانے کے اقدامات بھی کئے ہیں۔ پونیت جموال نے مزید کہاہے کہ محبوبہ کی چھوٹے وقفے کے دوران بطوروزیراعلی کے طورپر عوامی خدمات بخوبی سے سرانجام دیتے ہوئے کئی ترقیاتی کاموں کو سرگرمیوں کے ساتھ انجام دینے کیلئے موثر اقدامات کئے جوقابل تعریف ہے۔ انہوں نے واضح کرتے ہوئے پارٹی ورکروں سے کہاہے کہ وہ متحد ہو کرپارٹی کی ساکھ کو مضبوط کرنے کیلئے کام کرے۔