کٹھوعہ //قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے بلاور کے میونسپل کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے وارڈ نمبر 8,9,10 اور 11 میں مختلف ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ان ترقیاتی کاموں کے معیار کا خیال رکھتے ہوئے بروقت مکمل کرنے کو یقینی بنائیں ۔ دورے کے دوران کئی وفود سپیکر موصوف سے ملے اور انہیں اپنے وارڈوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے وفود کے مسائل اور مطالبات بغور سُنے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل کو حل کرنے کیلئے مرحلہ وار طریقے پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف بہبودی پروگراموں اور سکیموں کے فوائد مقررہ لوگوں تک پہنچانے میں اپنا رول ادا کریں ۔ ایم سی بلاور میں کئی ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بلاور قصبے میں 36 کروڑ روپے کی رقم سے کئی عوامی اثاثے تعمیر کئے گئے اس کے علاوہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے سڑکوں کی تعمیر پر 1.16 کروڑ روپے بھی صرف ہوئے ۔ سپیکر نے کہا کہ ناز گراؤنڈ میں زمین کھسکنے کو روکنے کیلئے 36 لاکھ روپے کی لاگت سے ایک رٹنشن وال تعمیر کی جا رہی ہے اس کے علاوہ بلاور قصبے کیلئے 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سیوریج نظام تعمیر کرنے کا معاملہ بھی زیر غور ہے ۔