جموں//سرمائی دارالحکومت جموں کے مضافاتی قصبہ نگروٹہ جوکہ فوج، این سی سی اور سیکورٹی فورسز دفاتر کی وجہ سے جاناجاتاہے،میں ان دنوں 10روزہ پری تھال سینک کیمپ مرحلہ اول زوروشور سے جاری ہے۔جمعہ کے روز برگیڈیئر سنجے کاڈیان گروپ کمانڈرجموں نے پری تھال سینک کیمپ کادورہ کیاجہاں پران کاوالہانہ سیکنڈجے اینڈکے گرلزبٹالین این سی سی نے استقبال کیا۔اس دوران انہیں کیمپ میں دی جارہی تربیت کے بارے میں جانکاری دی گئی جسے انہوں نے کافی سراہا۔سیکنڈ جے اینڈ کے گرلز بٹالین این سی سی کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے اس کیمپ میں صوبہ جموں کے تمام کالجوں، ہائر اسکینڈری اسکولوں، آئی ٹی آئی کالجوں وغیرہ سے سینکڑوں این سی سی کیڈٹس حصہ لے رہے ہیں۔ سول ڈیفنس آرگنائزیشن جموں این سی سی کیڈٹوں کوتربیت فراہم کررہی ہے ۔20اگست کو کیمپ کمانڈینٹ سیکنڈ جے اینڈ کے گرلز بٹالین این سی سی نے کیمپ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ملکی سطحی تھال سینک کیمپ کی اہمیت بتائی۔ انہوں نے کیڈٹس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے زور دیاکہ وہ د س روزہ کیمپ میں محنت ولگن سے کام کریں۔ نگروٹہ ریاست بھر میں این سی سی سرگرمیوں کا مرکز ہے، جہاں پر سال بھر مختلف کیمپوں جن میں قومی یکجہتی کیمپ، سی ڈی ایس، آر ڈی سی، تھال سینک وغیرہ کیمپوں کے تحت نیشنل کیڈٹس کارپس(این سی سی)کو تربیت دی جاتی ہے اور ان کی سیکورٹی فورسز میں شمولیت کے لئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ این سی سی سکولی طلاب کی زندگی میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔ ہر سال سینکڑوں این سی سی کیڈٹس ملکی وعالمی سطح پر جموں وکشمیر کی نمائندگی کرتے ہیں۔بتادیں کہ نئی دہلی میں منعقد ہونے والاتھال سینک کیمپ میں ملک بھر سے منتخب کیڈٹس حصہ لیتے ہیں جوکہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔