جموں ائر پورٹ پر بچوں کی نگہداشت کیلئے کمرے مختص
مرکزی وزیر کی پھٹکار کے بعد انتظامیہ کی کارروائی
عظمیٰ نیوز
جموں//ائر پورٹ جموں پر بچوں کی نگہداشت کے لئے کمرے قائم کئے گئے ہیں۔ چند روز قبل تک ایک باتھ روم کو ہوائی اڈہ پر آنے والی خواتین کی طرف سے اپنے نوزائد بچوں کی دیکھ بھال کے لئے استعمال کیا جاتا رہا تھا ، ایسے میں مرکزی وزیر ہوا بازی نے جموں کے دورہ کے دوران جب یہ صورتحال دیکھی تو ائر پورٹ حکام پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بچوں کی نگہداشت کے لئے کمرے قائم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ڈائریکٹرائر پورٹ ڈی گوتم نے بتایا کہ بے بی کیئر روم میں جدید ترین سہولیات دستیاب ہیں اس کے علاوہ ملحقہ باتھ روم، بچوں کے لئے کھلونے وغیرہ بھی رکھے گئے ہیں۔ ہر کمرے میں چار سے پانچ بچوں کو بیک وقت رکھا جا سکتا ہے جس دوران مائیں انہیں دودھ پلانے کے علاوہ دیگر ضروریات پورا کر سکتی ہیں۔
عام آدمی پارٹی کارکنان کا وجے پور میں اجلاس
عظمیٰ نیوز
جموں//عام آدمی پارٹی کی ایک میٹنگ سانبہ ضلع کے وجے پور علاقہ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت وجے پور حلقہ کے انچارج راکیش کمار نے کی۔ یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق اس موقعہ پر عام آدمی پارٹی کی طرف سے اپنائے جا رہے پروگراموںکے بارے میں لوگوں کو بتایا گیا اور انہیں دہلی کی آپ سرکار کی جانب سے تعلیمی اور طبی شعبہ جات کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جار ہے اقدامات کی تفاصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقعہ پر کانگریس کے مقامی لیڈران کلدیپ کمار کوہلی اور کیپٹن وجے کمار نے اپنے درجنوں حمایتیوں سمیت عام آدمی پارٹی میں شمولیٹ اختیار کر لی۔ کلدیپ کمار رائو انچارج ضلع سانبہ اور رام سنگھ چوہان او بی ٹی ممبر نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ضلع سانبہ کے کارکنوں کو اپنی سرگرمیوں میں سرعت لانے کے لئے کہا ۔ انہوں نے پوسٹر کمپین دس روز کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 9ستمبر کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں حصہ لینے کی اپیل کی تا کہ ریاست میں ہونے والے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے لئے حکمت عملی طے کی جا سکے ۔
مفرور ملزم گرفتار
نیوزڈیسک
جموں//پولیس نے ایک مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ضلع سانبہ کا یہ شخص منشیات فروخت کے معاملات میں ملوث ہے اور پچھلے ایک برس سے پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر گرفتاری سے بچ رہا تھا۔ گرفتار شدہ شخص کی شناخت محمد حسین نامی شخص کے طور پر کی گئی ہے جسے باڑی براہمناں میں چھاپہ کے دوران حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ اس کے خلاف 2017میں انسداد منشیات ایکٹ کی متعدد دفعات کے تحت ایف آئی آر درج ہے ۔
پی ڈی پی ورکروں کی میٹنگ
پارٹی کی حصولیابیاں لوگوں تک پہنچانے پر زور
عظمیٰ نیوز
جموں //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنان کا ایک اجلاس جنرل سیکرٹری فقیر چند کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مرحوم مفتی محمد سعید کی طرف سے پی ڈی پی کے قیام کے اغراض و مقاصد پر تفصیل ڈالی گئی۔ پریس ریلیز کے مطابق اس موقعہ پر بتایاگیا کہ پی ڈی پی کی تشکیل کا بنیادی مقصد یہاں کے تینوں خطوں کے عوام کی خواہشات کی تکمیل تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی لوگوں کو باوقار مقصد حیات فراہم کرنے کا ایجنڈہ رکھتی ہے ۔ سہ سالہ حصولیابیوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پارٹی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ سابق مخلوط سرکار کا دور حکومت اس بات کا گواہ ہے کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ اقتدار کو زمینی سطح تک پہنچانے کے لئے کام کیا ہے ۔ اس موقعہ پر جموں ویسٹ سے پارٹی لیڈر پنیت سنگھ جموال نے کہا کہ پارٹی کارکنان ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کا نوجوان پی ڈی پی کی پالیسی اور پروگرام سے اتفاق رکھتا ہے اور اس پر عمل پیرا رہے گا۔ انہوں نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی طرف سے دئیے گئے ایجنڈہ پر کاربند رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈہ سے ہوشیار رہنا چاہئے ۔ اسموقعہ پر راجندر منہاس، رجت گپتا، ششو گنڈوترہ، سچن بھگت، وجے آنند، دیویندر ڈوگرہ، رسال سنگھ، منسا رام، جرال جی، مانک ابرول، سوہن سنگھ، سوہن شاہ، بلبیر سنگھ، ورون شرما، شام شرما، اشوک چپ اور دیگرا ن بھی موجود تھے۔
۔33رکنی جوڈو ٹیم
ہماچل پردیش روانہ
جموں//33رکنی جوڈو کھلاڑیوں اک ایک وفد سب جونئر نیشنل جوڈو چمپئن شپ کے لئے اونا ہماچل پردیش کے لئے روانہ ہو رہا ہے ۔ یہ چمپئن شپ سات سے 13ستمبر تک منعقد ہو رہی ہے ۔ اس سے قبل ان جڈو کھلاڑیوں کے لئے ایک تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ اس سے قبل انہیں ڈویژنل سپورٹس آفسیر سپورٹس کونسل روی سنگھ نے بھی انہیں مبارک باد دی۔ اس وفد میں 15لڑکے اور 14لڑکیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تین کوچ اور ایک منیجر بھی ٹیم کے ہمراہ جا رہا ہے ۔ لڑکیوں کی ٹیم میں شوانشی، ارشد، خیر النساء، قمرین ارشد میر، فضا اختر، جانیس ظفر، عرتبہ جاوید، شیب ِ بلال، نرالی شرما، ارشی راجپوت، پایل کشپ، ساکشی دیوی، اونی سنگھ، تعظیم فیاض پر مشتمل ہے ۔ لڑکوں کی ٹیم میں گورو شرما، دانش سجاد، عمر نظیر، ارہانت مہاجن، وپل ، وجل گپتا، محمد شانب، صابر حسین، ارنو گپتا، رجت ، راگھو، احسان سینی، وسیم اکرم ، نتیش کمار، اور پرنجل شرما پر مشتمل ہے ۔
آرٹی سی کے رضاکار ملازمین کا احتجاج
بقایہ جات کی فوری ادائیگی، گورنر سے مداخلت کی اپیل
عظمیٰ نیوز
جموں//سٹیٹ روڈویز ٹرانسپورٹ کارپوریشن SRTCسے رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ حاصل کرنے والے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ روز بکرم چوک میں احتجاج کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ان کے بقایہ جات کی ادائیگی کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے۔ مقررین نے الزام لگایا کہ کارپوریشن کے افسران اپنے نجی اخراجات کے لئے بھاری بھر کم رقومات نکال لیتے ہیں لیکن جب وی آر ایس ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی بات آتی ہے تو رقومات کی تنگی کا رونا رو دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کی حکومت نے انہیں سبز باغ دکھا کر رضاکارانہ طور پر ریٹائر منٹ لینے کی ترغیب دی تھی اور وہ جھانسے میں آگئے لیکن اب انہیں بقایہ رقومات نہیں دی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے وہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پہلی فرصت میں ان کی بقایہ رقوما ت ادا کی جائیں تا کہ وہ بھی اس مہنگائی کے دور میں معاشی تنگیوں سے نبٹ سکیں۔