تہران//ایرانی اسپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ خطے میں امریکا کی غیرقانونی پابندیوں کو دیکھ کر ہم سمجھتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داری ادا نہیں کررہی۔ علی لاریجانی نے تہران میں چھ ملکی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران اور روس کے خلاف یکطرفہ امریکی پابندیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق نہیں ہیں۔ انہوں نے اس کانفرنس میں 6 ملکوں کے اسپیکروں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کانفرنسوں کے انعقاد کی ایک وجہ سلامتی کونسل کا اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کرنا ہے۔ قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ اسلامی روایت، ثقافت اور ہمسائیگی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور پاکستان اپنے ہمسایہ برادر اسلامی و دیگردوست ممالک کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اسپیکر اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے ممالک کو اپنے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید تیز کرنا ہو گا اور خطے کے امن اور سلامتی کو بہتر بنانے، علاقائی ترقی اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے خطے کے تمام ممالک کو خصوصی اقدامات اْٹھانے ہوں گے۔