جموں// جموں و کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں بقایا اجرتوں اور ملازمت مستقلی کے مطالبات کے حق میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا مسلسل 37ویں روز بھی دھرنا جاری رہا ۔ آل جے اینڈ کے پی ڈی ڈی کیجول لیبرز یو نین کے بینر تلے بدھ کے روز سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ بجلی کے نیڈبیسڈاور کیجول ملازمین نے محکمہ بجلی کے چیف انجینئر دفتر کے سامنے37 ویںروز بھی اپنا احتجاج جاری رکھا ۔اس دوران احتجاجی ملازمین نے متعلقہ محکمہ اور ریاستی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔یونین کے صدر اکھل شرما نے بتایا کہ وہ بقایا اجرتوں کی ادائیگی اورملازمت مستقلی کے مطالبات کے حق میں گزشتہ 37دنوں سے چیف انجینئر دفتر پی ڈی ڈی کے سامنے احتجا جی مظاہرہ کررہے لیکن ریاستی حکومت ہمارے مطالبات پورے کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔اکھل شرما کا کہنا ہے کہ اگر صوبہ کشمیر میں ایس آر او 381لاگو کر کے 2012تک کے عارضی ملازمین کی ملازمت کو باقاعدہ بنایا گیا تو پھر جموں کے عارضی ملازمین کو کیوں مستقل نہیں کیا گیا؟. انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورا نہیں کئے گئے ہم چیف انجینئر دفتر کے دھرنے پر بیٹھے رہیں گے ۔