جموں//فوج کی9 ویں کور کے جنرل افسر کمانڈنگ لیفٹنٹ جنرل جے ایس نین نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کر کے جموں کی مجموعی سلامتی صورتحال کے بارے میں انہیں جانکاری دی۔گورنر نے ریاستی پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو تعاون فراہم کرنے اور امن برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرنے کے لئے فوج کی سراہنا کی۔ادھر سیکرٹری سیاحت ریگزن سیمفل نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر سیکرٹری موصوف نے ریاست میں جاری سیاحتی پروجیکٹوں، سیاحوں کی آمد اور سیاحت کے فروغ کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو آگاہ کیا۔گورنر نے محکمہ سیاحت کی سرگرمیوں اور کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سیاحت کو کافی فروغ حاصل ہوا ہے اور اس وقت معروف سیاحتی مقامات بشمول گلمرگ اور پتنی ٹاپ میں سیاحوں کا کافی رش ہے۔گورنر نے سیکرٹری موصوف سے تلقین کی کہ وہ تمام سیاحتی مقامات کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ان مقامات کی جانب راغب کیا جاسکے۔