جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے آج یہاںراج بھون میں وُلر کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی ( ڈبلیو یو سی ایم اے ) کی طرف سے وُلر جھیل کی شانِ رفتہ بحال کرنے سے متعلق کئے جا رہے اقدامات کا جائیزہ ایک میٹنگ کے دوران لیا ۔گورنر نے کہا کہ وُلر جھیل جو ایشیا میں صاف پانی کا ایک بڑا جھیل مانا جاتا ہے اور وادی کشمیر میں رام سر سائیٹ قرار دیا گیا ہے کی شانِ رفتہ بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے سی ای او ڈبلیو یو سی ایم اے مسٹر گیلانی کو صلاح دی کہ وہ ترجیح بنیادوں پر اس جھیل کو صاف کرنے اور وہاں ایکو ٹورازم کو فروغ دینے کے سلسلے میں تمام اقدامات عمل میں لائیں تا کہ منیجمنٹ ایکشن پلان کے تحت اس جھیل کی بدولت متعلقہ لوگوں کے روز گار کے مواقعوں میں اضافہ کیا جا سکے ۔ گورنر نے وُلر کے واٹر منیجمنٹ کیلئے معیاد بند طریقے پر کاروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ وُلر اور اس کے ساتھ منسلک دیگر ویٹ لینڈ وادی کشمیر کو سیلاب سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان پانی کے ذخائیر کے ذریعے زراعت شعبے اور پن بجلی پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ جھیل کی شانِ رفتہ بحال کرنے اور اُسے محفوظ رکھنے پر زور دیتے ہوئے گورنر نے جھیل کے علاقے میں درختوں کو اگانے کے عمل کو روکنے ، سبزیاں اگانے کے عمل کو روکنے کیلئے منظم طریقہ کار اپنانے کی ہدایت دی ۔ سی ای او ڈبلیو یو سی ایم اے نے اس موقعہ پر پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے سی ایم اے پی کے تحت پچھلے چھ برسوں کے دوران حاصل کی گئی پیش رفت کی تفصیلات پیش کیں ۔ مسٹر گیلانی نے اس مدت کے دوران وُلر جھیل کو محفوظ رکھنے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کی بھی تفاصیل پیش کیں ۔ گورنر کے مشیر کے وجے کمار ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری ، جنگلات و ماحولیات کے کمشنر سیکرٹری منوج کمار دویدی ، پی سی سی ایف /چیف وائیلڈ لائف وارڈن سریش چُگ ، سی ای او ڈبلیو یو سی ایم اے کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔