جموں// گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے توی بیراج پروجیکٹ کے تحت جاری کام کی بروقت تکمیل کے احکامات دئیے ہیں جس کے لئے انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کے مابین بہتر تال میل اور پروجیکٹ کی لگاتار نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے 110کروڑ روپے لاگت والے اس پروجیکٹ کے جائزے کے لئے منعقدہ میٹنگ میں یہ احکامات دئیے۔ میٹنگ میں سیکرٹری صحت عامہ ، چیف انجینئر صحت عامہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ پروجیکٹ پر کام جلد مکمل کیا جائے گا او ر باقی ماندہ کام کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقین کو احکامات دئیے گئے ہیں۔سیکرٹری صحت عامہ نے پروجیکٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ توی میں مصنوعی جھیل کی بدولت آبپاشی کے لئے 120 کیوسک پانی کی فراہمی متوقع تھی جسے ضرورت پڑنے پر رنبیر کنال سے جوڑا جاتا جبکہ یہ پروجیکٹ جموں شہر کی جاذبیت کے لئے بھی اہم ثابت ہوگا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ جموں شہر کی جاذبیت سے متعلق پروجیکٹ پر ابھی تک 80فیصد کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ توی بیراج پروجیکٹ کو مئی 2019ء تک مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پروجیکٹ میں تکنیکی معاونت کے لئے آئی آئی ٹی رُوکری سے ماہرانہ مشاورت بھی حاصل کی جائے گی۔بعد میں صلاح کار نے ایک میٹنگ میں جموں صوبے کے سرحدی اضلاع میں 500کروڑ روپے تخمینہ لاگت والے بنکرپروجیکٹ کا بھی جائز ہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ 11649 میں سے ابھی تک 891بنکر تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ 60 کمیونٹی بنکر بھی مکمل کئے گئے ہیں ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مرکز ی سرکار سے ابھی تک 50کروڑ روپے موصول کئے گئے ہیں اور جون 2019ء تک 90فیصد بنکر تعمیر کئے جائیں گے ۔صلاح کار نے ان سرحدی بنکروں کی بروقت تکمیل کے احکامات دئیے تاکہ شلنگ کے وقت مقامی آبادی کو ان میں تحفظ دیا جاسکے اور قیمتی انسانی جانوں کے زیاں سے بچایا جاسکے۔