جموں//میگھالیہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس محمد یعقوب میرنے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔گورنر اور چیف جسٹس نے قانونی نظام کو مزید فعال بنانے سے متعلق کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا تا کہ لوگوں کی اُمنگوں اور ان کے مطالبات کو پورا کیا جاسکے۔چیف ویجی لینس کمشنر پی ایل گپتا نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں کمیشن کے ساتھ ساتھ اینٹی کورپشن بیورو کے کام کاج سے جڑے متعددامور کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے عوامی نوعیت کے اداروں کے کام کاج میں شفافیت بنائے رکھنے کی اہمیت کو اُُجاگر کیا۔ انہوں نے ریاست میں ویجی لینس کمیشن اور اینٹی کورپشن بیورو کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے راشی عناصر سے نمٹنے میں ایک کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں۔چیف جنرل منیجر سٹیٹ بنک آف انڈیا چنڈی گڑھ سرکل اشوتوش کمار سنگھ رانا نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔اس دوران انہوں نے گورنر کو جموں وکشمیر میں ایس بی آئی کے کام کاج، اس کے مستقبل کے توسیعی منصوبوں اور دستیاب خدمات و دیگر امور کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے ’’فلو انڈیا تھرو واٹر‘‘ کے موضوع کے تحت ایک کتاب بھی گورنر کو پیش کی۔سنجوئی مونگا کی اس کتاب کا تعاون ایس بی آئی نے کیا ہے جس میں مختلف صورتوں میں پانی کو موثر طریقے پر بروئے کار لانے کے طور طریقوں کو اُجاگر کیا گیا یہے۔گورنر نے صارفین کو بہتر بنکنگ سہولیات دستیاب کرانے کے لئے ایس بی آئی کے رول کی تعریف کی اور کہا یہ بنک ملک کی مجموعی ترقی اور مختلف سیکٹروں کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔وائس چانسلر شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی پروفیسر سنجیو جین نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ پروفیسر جین نے گورنر کو پچھلے چند ماہ کے دوران یونیورسٹی کی طرف سے تدریسی، انتظامی اور بنیادی ڈھانچے کے سیکٹروں میں حاصل کی گئی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے زور دے کر کہا کہ ادارے میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ موزوں تحقیقی پروجیکٹوں کی عمل آوری کی طرف سے خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔اس دوران کشمیر فروٹ گروورس اینڈ ڈیلرس ایسوسی ایشن سوپور کا ایک وفد اس کے صدر ایف اے ملک کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ کسانوںکو دئیے گئے کے سی سی قرضے معاف کئے جانے چاہئیں کیونکہ ناساز گار موسمی حالات کی وجہ سے میوہ فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ وفد نے بیرونِ ریاست تازہ میوؤں کی بلا خلل منتقلی ، سوپور فروٹ منڈی کو ترقی دینا ، مناسب نرخوں پر جراثیم کُش ادویات کی دستیابی ، بارہمولہ سے کپواڑہ جانے والے ریلوے ٹریک کو فروٹ منڈی کے راستے سے نکالنے ، تلبال سوپور میں ٹرک ٹرمنل قایم کرنے اور دوواب گاہ میں یوس پلانٹ بحال کرنے جیسے مطالبات کو اجاگر کیا ۔ گورنر نے تمام مطالبات پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ ادھربی جے پی مینارٹی مورچہ کا ایک وفد حاجی طارق حسین کین، ممبر سٹیٹ ایگزیکٹو باڈی بھارتیہ جنتا پارٹی نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ وفد نے اندروال حلقے میں ترقیاتی پروجیکٹ شروع کرنے ، سڑک رابطے بڑھانے اور صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں سہولیات کو بڑھاوا دینے سے متعلق مطالبات کا میمورنڈم گورنر کو پیش کیا ۔ گورنر نے مطالبات پر غور کرنے کا یقین دلایا ۔ ٹھاکر پورن سنگھ سابق ایم ایل اے بلاور نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ انہوں نے گورنر کو اپنے علاقے کے ترقیاتی معاملات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں ریاست میں پُر امن طریقے پر پنچائیتوں اور شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات منعقد کرانے کیلئے مبارکباد دی ۔ ورنر اور سابق ایم ایل اے نے ریاست میں بنیادی سطح پر ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے سے متعلق پنچائیتوں اور شہری بلدیاتی اداروں کی اہمیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔