یوم جمہوریہ سے قبل ’منی میراتھن ‘کا اہتمام
جموں //ملک کے 70ویں یوم جمہوریہ کی تقریب کے سلسلہ میں فوج کی جانب سے بی ڈی بڑی ملٹری اسٹیشن میں سکولی بچوں کیلئے ’منی میراتھن ‘کا اہتمام کیا گیا ۔ٹائیگر ڈویژن کی جانب سے منعقدہ اس میراتھن میں مختلف اسکیموں کے 320سے زائد طلباء نے شرکت کی ۔اس دوڑ کو منعقد کرنے کا اصل مقصد طلباء کو ملکی یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں بیدار کرنا کر نا تھا ۔اس منی میراتھن کے اختتام پر فوجی آفیسران کی جانب سے کھلاڑیوں میں انعامات و ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔
پٹوار ایسو سی ایشن کا مطالبات پور ا کرنے پر زور
جموں //آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پٹواریوں کی مانگوں کو جلداز جلد پورا کیا جائے ۔جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر مشتاق احمد گنائی نے کہا کہ آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے بینر تلے ملازمین کی جانب سے کی گئی سلسلہ وار احتجاجی مظاہروں کے بعد ریاستی انتظامیہ کی جانب سے ایک حکم نامے زیر نمبر 170-Rev/NG-2017کے تحت ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی ۔کمیٹی کی جانب سے پٹواریوں کی مانگوں کے حق میں سفارشات پیش کی گئی تھی لیکن اس کے بعد ریاستی انتظامیہ کی جانب سے ان پر کوئی بھی عمل نہیں کیا گیا ۔موصوف نے کہاکہ س سلسلہ میں کئی مرتبہ پٹواریوں کے وفود نے سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ اور وزیر مال کے علا وہ سابقہ چیف سیکریٹری کیساتھ ملا قاتیں کیں تھی جبکہ ان کی جانب سے صرف یقین دہانیاں ہی کروائی گئی ہیں لیکن عملی طورپر ان کی مانگوںکی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پٹو اریوں کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کو جلداز جلد پورا کیا جائے ۔
مختلف شخصیات و وفود کی گورنر سے ملاقات
جموں//مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے علا وہ متعدد وفود نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔اس دوران سابق وزیرحکیم یٰسین گورنر سے ملاقات کے دوران ریاست میں عملائی جارہی مختلف سماجی و اقتصادی بہبود کی سکیموں سے متعلق امور پر گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے موصوف کو عوامی بہبودی کے لئے کام کرتے رہنے کی تلقین کی۔اسی دوران جموں میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی میئر پورنیما شرما نیگور نر کے ساتھ ملا قات کر کے ریاست میں شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات منعقد کرانے پر گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں عوامی خدمات کی بہتری کے لئے زیر عمل اقدامات اور جے ایم سی کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی۔شہری بلدیاتی اداروں کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے گورنر نے موصوفہ سے تلقین کی کہ وہ عوامی معاملات کا بروقت نپٹارہ کر کے اپنے حد اختیار والے علاقے میں صفائی ستھرائی کے نظام کو یقینی بنائیں۔ان کے علا وہ سابقیہ ریاستی وزیر عبدالغنی کوہلی نے گورنر کیساتھ ملا قات کر کے کالا کوٹ کی ترقی اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔گورنر نے موصوف کو اپنے علاقہ کی ترقی اور عوامی بہبود کے لئے کام کرتے رہنے کی تلقین کی۔اسی دوران سابقہ ایم ایل اے نوبرا دلدان نمگیال نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے لداخ خطہ میں کلسٹر یونیورسٹی کے قیام پر گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں سخت سردی کے ایام میں نوبرا کے عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری دی۔ان سیاسی شخصیات کے علا وہ آل انڈیا جاٹ مہا سبھا کے ایک وفد نے چودھری منموہن سنگھ کی قیادت میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ وفد نے1947 , 1965 اور1971 کے بے گھر کنبوں کے لئے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت باقی ماندہ معاوضہ کی واگذاری، کسٹوڈین اراضی کے مالکانہ حقوق، بیکورڈ ایریا لسٹ میں سرحد کے نزدیک8 کلو میٹرکے دائرے میں رہنے والے لوگوں کو لانے، سرحد پار شیلنگ کے معاملات میں معاوضہ میں اضافے، نیم فوجی دستوں میں سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے لئے خصوصی بھرتی مہم اور دیگر بہبودی ضروریات سے متعلق گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے جائیز مطالبات پر کاروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سا مون نے ریاست میں لائیو سٹاک سینسز کی پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں//پشو و بھیڑ پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے منعقدہ ایک میٹنگ میں ریاست میں جاری20 ویں لائیو سٹاک سینسز کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں کشمیر اور جموں صوبوں کے متعلقہ ڈائریکٹروں کے علاوہ مختلف اضلاع کے چیف انیمل ہسبنڈری افسران نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست میں ابھی تک87 فیصد سینسز مکمل کیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ کو دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔انہیں بتایا گیا کہ یہ سینسز کمپوٹر ٹیبلٹس کے ذریعے این آئی سی نئی دہلی کی سروروں کے ذریعے کرایا جارہا ہے اور پہلی مرتبہ بریڈ وائیز جانکاری یکجا کی جارہی ہے۔ڈاکٹر سامون نے سینسز کے احسن انعقاد کے لئے سافٹ وئیر، ٹریننگ اور پبلسٹی جیسے اُمور کا جائیزہ لیتے ہوئے بتایا کہ سینسز کی بدولت مویشی پالن شعبۂ سے وابستہ افراد کی اقتصادی حالت میں بہتری لانے میں مدد ملے گی اور ریاست کی کُلہم گھریلو پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔دریں اثنا موصوف نے ایک الگ میٹنگ میں ریاست میں لیکویڈ نائٹروجن پلانٹس کے قیام کا بھی جائیزہ لیا۔میٹنگ میں کئی متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
کوآپریٹو سوسائٹیز نے این سی ڈی سی ایوارڈز حاصل کئے
جموں//نیشنل کواپریٹوڈیولپمنٹ کارپوریشن نے جموں وکشمیر کی دو کواپریٹو سوسائٹیوں کو کواپریٹو سیکٹر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایوارڈز سے نوازا۔این سی ڈی سی کی طرف سے ایوارڈ کے لئے منتخب کئے گئے پرائمری ایگری کلچر کواپریٹو سائٹیوں کوسیکرٹری کواپریٹو اور قبائلی امور محکمہ عبدالمجید بٹ نے ایوارڈ تقسیم کئے ۔اس موقعہ پر رجسٹرار کواپریٹو سوسائٹیز ایم ایم رحما ن گھاسی اور ریجنل ڈائریکٹر این سی ڈی سی چنڈی گڑھ انیرود سنگھ اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری موصوف نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایوارڈ حاصل کرنے والی کواپریٹوسوسائٹیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایوارڈ پانے والی سوسائٹیوں کے نمائندوں کے لئے آنند گجرات کے لئے دورے کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ این سی ڈی سی کی طرف سے نامزد کی گئی دیگر کواپریٹو سوسائٹیوں کے لئے بھی ایکسپوزر دوروں کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔ریجنل ڈائیریکٹر این سی ڈئی سی نے اس موقعہ پر کہا کہ ایوارڈ عطا کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کواپریٹو سیکٹر میں مقابلہ آرائی کے جذبے کو فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے این سی ڈی سی کی سکیموں کا مجموعی خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ این سی ڈی سی کواپریٹو سوسایٹوں کو مدد دینے کے لئے مختلف سکیمیں عملا رہی ہے۔رجسٹرار کواپریٹو سوسایٹیز نے اس طرح کے پروگرام منعقد کرانے کے لئے متعلقین کا شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ڈی سی وویک کمار تریپاٹھی نے شرکاء اور ریاستی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ادہم پور میں آل اِنڈیا ریڈیو سٹیشن کا افتتاح
سکیموں اور پروگراموں کی جانکاری کیلئے ریڈیو موثر ذریعہ :جتیندر
ادہم پور //وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتند ر سنگھ نے ضلع ادہم پور میں ڈائریکٹر جنرل آل اِنڈیا ریڈیو فیاض شہریار اور دیگر افسراں کی موجودگی میں آل انڈیا ریڈیو سٹیشن کاا ِفتتاح کیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اور دیگر ضلع افسراں کے علاوہ پرسار بھارتی کی ٹیم بھی موجود تھی۔ضلع کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ضلع اِنتظامیہ کی انتھک کوششوں سے اس سٹیشن کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام خاص کر دُور دراز کے علاقہ جات کے لوگوں تک سرکاری سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری پیدا کرنے کے لئے ریڈیو ایک مؤثر ذریعہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سٹیشن کے قیام کی بدولت علاقے کے فنکاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لئے پلیٹ فار م فراہم ہوگا۔ جبکہ علاقے کی ثقافت اور تمدن کی فروغ میں بھی کافی معاون ثابت ہوگااور نوجوان ٹیلنٹ کو اُبھارنے میں بھی مدد ملے گی۔اُنہوں نے کہا کہ سرکار نے ریاست کے تینوں خطوں کی مساوی ترقی کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔اِس سے قبل فیاض شہر یار نے کہا کہ اس سٹیشن سے ڈوگر ی ، گوجری اور پہاڑی زبان بولنے والے لوگ مستفید ہوں گے۔بعد میں ڈاکٹر سنگھ نے ضلع میں آیوشمان بھارت سے مستفید افراد میں گولڈن کارڈ اور ہیلتھ کارڈ بھی تقسیم کئے۔
فاروق شاہ کی افسران کو ہدایت
ہر ضلع میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کئے جائیں
جموں//امداد باہمی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے ہر ضلع میں آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے فوری طور مخصوص ایمرجنسی اوپریشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔یہ ہدایات اُنہوںنے ضلع سطح ڈیزاسٹرمینجمنٹ ایکشن پلان کی جائزہ میٹنگ میں دئیے ۔ میٹنگ میں جموں صوبے کے ڈپٹی کمشنروں اور دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ سے خطا ب کرتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ اِن سینٹروں میں جدید آلات ، کشتیاں ، پانی کی نکاسی کے پمپ ،فسٹ ایڈ اور دیگر سازو سامان تیاری کی حالت میں رکھا جانا چاہیئے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے وقت بروقت کارروائی کی جاسکے۔اُنہوں نے ہر ایک سینٹر کو سیٹلائٹ فون فراہم کرنے کے بھی احکامات دئیے۔اُنہوں نے داخل کئے گئے ایکشن پلان میں ضروری درستی کرنے اور باقی ماندہ اضلاع کے لئے ایکشن پلان داخل کرنے کی ہدایت دی تاکہ رقومات جلد سے جلد واگزار کئے جاسکیں۔اُنہوں نے ڈی سی رام بن کو فوری طور ضروری سہولیات سے لیس اوپریشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ رام بن ۔ بانہال سڑک پر حادثات پیش آنے کے نتیجے میں ضروری کارروائی کی جاسکے۔انہوں نے کشتواڈ کے ڈی سی کو بھی انتہائی نگہداشت والی ایمبولنس گاڑیاں تیار رکھنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے ہر ایک ڈپٹی کمشنر کی تحویل ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے فی کس ساڑھے پانچ کروڑ روپے رکھے ہیں۔جبکہ متاثرین کی بہبود کے لئے بھی ڈپٹی کمشنروں کے تحویل میں 10کروڑ روپے کی ریلیف رکھی گئی ہیں۔میٹنگ میں کئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
نہروں سے ملبہ اور کوڑاکرکٹ کا اخراج
کے کے شرما کا مؤثر طریقہ کار اپنانے پر زور
جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے جموں میں موجود آبی کنالوںمیں سے ملبہ اور کوڑا کرکٹ مؤثر طریقے پر نکالنے کی ہدایات دی ہیں۔ مشیر نے یہ ہدایات جموںمیں آبی کنالوں سے ملبہ نکالنے کے کام کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران دیں۔سیکرٹری پی ایچ ای فاروق احمد شاہ ، کمشنر جے ایم سی پنکج مگوترا اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 174 کلومیٹر لمبی کوہلوں میں سے 28کلومیٹر لمبی کنالیں جموں شہر سے گزرتی ہے ۔مشیر کو آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کی طرف سے ملبہ نکالنے کے کا م کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔مشیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ کنالوں کے کناروں سے ملبے اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے پر ٹھکانے لگائیں۔مشیر نے بڑے پیمانے پر عوامی بیداری پیدا کرنے اور کنالوں کے نزدیک کوڑا کرکٹ نہ ڈالنے کی ہدایات دیں۔کمشنر جے ایم سی نے بتایا کہ کنالوں کے نزدیک اب کوڑاکرکٹ جمع نہیںکیا جاتا ہے ۔مشیرنے متعلقہ افسروں کی سفارشات اور نکتہ نظر کا خیر مقدم کیا۔ کے کے شرما نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ کنالوںمیں سے ملبہ نکالنے کے معاملات کو حل کرنے کے لئے ایک اختراعی لائحہ عمل اختیار کریں۔اس دوران بتایا گیا کہ ملبہ نکالنے کے کام کی ویڈیو گرافی کی جانی چاہئیے اور تیسری پارٹی کی طرف سے اس کام کا معائینہ کیا جانا چاہیئے ۔
متعدد وفود کیول کمار شرما سے ملاقی ، مطالبات اُجاگر کئے
جموں//جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے متعدد تاجر فیڈریشنوں نے گورنر کے مشیر کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مسائل کو اُجاگر کیا۔ ان فیڈریشنوں نے اپنے مطالبات پر مبنی میمورنڈم بھی مشیر موصوف کو پیش کئے ۔ان میں ٹریڈرس فیڈریشن ویئرہاوس، رگھوناتھ بازار بزبس میں ایسو سی ایشن اور کنک منڈی ٹریڈرس ایسو سی ایشن شامل ہیں۔ایکسائز کمشنر طلعت پرویز روحیلا ، کمشنر کمرشل ٹیکسز پی کے بھٹ اور وی سی جے ڈی اے پون راٹھور بھی اس موقعہ پر موجو دتھے۔وفود کی طرف سے تجارت کو آسان کرنے ، جی ایس ٹی معاملات ، سیاحت کو فروغ دینے ، ریلوے سٹیشن سے رگھوناتھ بازار تک میٹاڈار سروس چلانے اور کئی دیگر معاملات سے جُڑے مسائل کو اُجاگر کیا گیا۔وفود کے ساتھ بات کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ گورنر انتظامیہ ریاست میں تجارت کے سیکٹر کو بڑھاوا دینے کے لئے وعدہ بند ہے اور اس حوالے سے کئی موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔وفود نے جی ایس ٹی کونسل میٹنگ کے دوران گورنر انتظامیہ کی طرف سے لئے گئے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں سے ریاست میں تاجروں اور کارخانہ داروں کو کافی فائدہ ملے گا۔مشیر نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی طر ف سے اجاگر کئے گئے تمام مطالبات کو مرحلہ وار طریقے پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک علاقے اور فرد کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے متوازن فیصلے لئے جائیں گے۔بعدمیں کئی عوامی وفود اور افراد بشمول پنچ، پنچایت حلقہ ، ڈوڈہ سن ، بالا، پنچایت جگتی کے بسکین اور دیگر وفود نے بھی کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مشکلات اور مطالبات ان کی نوٹس میں لائے۔
ماتا ویشنو دیوی یاتری دل کا دورہ پڑنے سے فوت
جموں// ماتا ویشنو دیوی کا ایک یاتری دل کا دورہ پڑنے کے باعث فوت ہوگیا۔ ضلع ریاسی میں ماتا ویشنو دیوی کے ایک 55 سالہ یاتری کی دل دورہ پڑ نے کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔ مہلوک یاتری کی شناخت پرکاش بھائی ساکن احمد آباد گجرات کے بطور ہوئی۔ یہ یاتری گزشہ شب ماتا ویشنو دیوی گھپا مندر کے درشن کے بعد کٹرہ میں اپنے کمرے میں پہنچتے ہی بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایاگیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔