جموں/گورنر کے صلاح کار کے ۔ وِجے کمار نے یہاں ایک میٹنگ میں سرنسر اور مانسر جھیلوں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے حوالے سے تحفظاتی اقدامات کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ، ماہی پروری ، کمشنر سیکرٹری جنگلات ، سیکرٹری سیاحت اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔جھیلوں کے تحفظاتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے صلاح کار نے ان جھیلوں میں مختلف اقسام کی مچھلیوں کے تحفظ پر بھی زور دیا ۔انہیں بتایا گیا کہ جھیلوں کی بحالی اور تحفظ سمیت مچھلیوں کے تحفظ پر بھی سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور جھیل میں کارپ مچھلیوں کی تعداد بڑھنے سے توازن بگڑ گیا ہے اس لئے مچھلیوں کی تعداد میں معقولیت لائی جارہی ہے تاکہ دیگر حیاتیات پھل پھول سکیں۔صلاح کار نے آبی پناہ گاہوں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے اور پانی میں پھلنے پھولنے والی دیگر حیاتیات کے تحفظ پر بھی زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مذہبی عقائد کو دھیان میں رکھتے ہوئے جھیلو ں کے تحفظ پر خصوصی دھیان دیا جانا چاہیئے ۔انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے افسران کو مانسر جھیل میں پائے جانے والے کچھوئوں کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرنے اور جھیلوں کے تحفظ کے لئے موثر سیوریج ٹریٹمنٹ پلان تشکیل دینے سمیت اس سیاحتی جگہ پر پالتھین کے استعمال پر پابندی کو عملانے کے احکامات دئیے ۔انہوں نے لگاتار بنیادوں پر پانی کی جانچ کرنے کی ہدایت دی تاکہ آلودگی کو کم کیا جاسکے ۔