چیف الیکٹورل آفیسرکی نئے ووٹروں سے اندراج کرانے کی تلقین
جموں/ملک کے دیگر حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی نواں قومی رائے دہندگان دِن ۔ 2019ءجوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے میں ریاستی سطح کی سب سے بڑی تقریب چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر کے دفتر کی طرف سے کنونشن سینٹر کنال روڑ جموں میں منعقد ہوئی ۔اسی طرح کی تقاریب ضلع ، تحاصیل اور بلاک ہیڈ کوارٹروں کے ساتھ ساتھ ریاست کے تعلیمی اداروں میں بھی منعقد ہوئی جس دوران لوگوں کو ووٹ کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم جموں میں منعقد ہ تقریب پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔جبکہ ضلع سطح کی تقاریب متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں جو ضلع الیکشن افسران بھی ہیں کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔بڑی تقریب میں ایم ایل سی رومیش اروڑہ ، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت اور سابق سی ای او شیلن کابر ا ، سی ای او شلیندرکمار ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما ، سیکرٹری تعلیم اے کے ساہو ، ڈی سی جموں رومیش کمار ، کمشنر سیکرٹری ثقافت محمد سلیم شیشگر، ڈائریکٹر خاطر تواضع حشمت علی خان ، ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر اور مختلف محکموں کے کئی دیگر افسران اور تنظیموں کے نمائندے ، عام شہری ، اساتذہ اور طلاب بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔،اس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے آن لائن ووٹرس یونیورسل ہیلپ لائن 1950کی شروعات کی اور اس دوران چناﺅ عمل، الیکشن کمشنر آف انڈیاکے ایک پیغام پر مبنی شارٹ فلمیں بھی دکھائی گئیں اور ووٹرس ڈے کی اہمیت اور ووٹروں کے حقوق کو اُجاگر کیاگیا۔ چیف سیکرٹری نے نئے ووٹروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آئین ہند نے ہر ایک کو اپنا ووٹ دینے اور اپنی پسند کا لیڈر چننے کا اختیار دیا ہے اور یہ عمل جمہوریت کا ایک اہم حصہ ہے ۔انہوں نے ووٹروں بالخصوص نوجوانون اور طلاب پر زور دیا کہ وہ اپنے آئینی حق کا بھرپور استعمال کریں۔انہوں نے نئے اہل ووٹروں سے تلقین کی کہ وہ اپنے آپ کو ووٹر فہرستوں میں درج کرائیں ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک میں آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف چناﺅ کے انعقاد کے لئے ای اصلاحات شروعات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیشن نے ووٹروں کی سہولیت کے لئے آن لائن خدمات شروع کی ہے اور نئی ہیلپ لائن نمبر 1950 کے ذریعے سے کوئی بھی جانکاری حاصل کرسکتے ہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ووٹرس دِن منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ووٹروں میں بیداری پیدا کی جاسکے تاکہ وہ چناﺅ عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا صحت مند جمہوریت کے لئے لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ووٹرس دِن کا موضوع ہے کہ کوئی بھی اہل ووٹر باہر نہ رہے ۔جس کا مقصد یہ ہے کہ ہر ایک ووٹر اپنی ذمہ داری کا احساس کر کے بھاری تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لئے نکلیں۔سی ای او نے کہا کہ قومی ووٹرس دِن ہر برس 25جنوری کو منایا جاتا ہے اور اسی دِن 1950ءمیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی بنیاد بھی پڑی ہے۔انہوںنے کہا کہ سی ای او کے دفتر نے ریاست میں عام لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ریاستی سطح کی ایک مہم شروع کی ہے اور ہرسال پہلی جنوری کو ووٹر فہرستوں کو اَپ ڈیٹ کیا جاتا ہے تاکہ چناﺅ فہرستوں میں نئے اندراجات کئے جاسکیں اور فوت ہوئے ووٹروں کو خارج کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اخبارات ، ریڈیو ، ٹیلی ویژن اور دیگر ذرائع سے اس عمل کی وسیع تشہیر کی جاتی ہے ۔تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ انرولمنٹ کا عمل آن لائن پورٹل www.nvsp.in پر جاری ہے ۔او ر اس سلسلے میں متعلقہ بی ایل او کے ساتھ بھی رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اندراج کےلئے کوئی بھی آخری تاریخ مقرر نہیں ہے اور یہ کام کسی بھی وقت اور کسی بھی دِن عملایا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ نئی ہیلپ لائن کے ذریعے سے ووٹر چناﺅ عمل سے متعلق ہر ایک جانکاری حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقعہ پر ریاستی الیکشن محکمہ کی طرف سے شروع کئے گئے نئے اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی طور ناخیز اور بزرگ افراد کے لئے ہر ایک پولنگ سٹیشن پر موزون سہولیات قائم کی جارہی ہیں۔اس موقعہ پر تمام شرکا¿کو حلف دلایا گیا کہ وہ جمہوریت کی اقدار کی پاسدارکریں گے اور آزادانہ اور منصفانہ چناﺅ کے لئے وقار برقرار رکھتے ہوئے ہر ایک چناﺅ میں بلا لحاظ مذہب و ملت اپنے آئینہ حق کا استعمال کریں گے۔چیف سیکرٹری اور سی ای او نے پچھلے سال کے دوران مختلف ضلعوں میں چناﺅ عمل کے ساتھ جڑے اہلکاروں اور افسروں کی عزت افزائی کی ۔ ان میں ڈی سی جموں رومیش کمار ، ڈی سی کپواڑہ خالد جہانگیر ، ڈی سی سانبہ سشما چوہان اور ڈی آئی او سانبہ سنجیو کپور بھی شامل ہیں۔اس موقعہ پر کئی نئے ووٹروں میں الیکٹورل فوٹو شناختی کارڈ تقسیم کئے گئے جن میں کچھ جسمانی طور ناخیز افراد بھی شامل تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر جموں رومیش کمار نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔انہوں نے خاص طور سے سکولی تعلیم محکمہ کا شکریہ ادا کیا جن کے طلاب نے بڑے پیمانے پر اس تقریب میں شرکت کی۔