غزہ // قطر نے اعلان کیا ہے کہ وہ حماس کے ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے مزید فنڈز فراہم نہیں کرے گا لیکن ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا کہ ان کی جانب سے فلسطین کے غریب عوام کی مدد جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ قطر کا یہ اعلان، تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق حماس کی جانب سے مبینہ طور پر اسرائیلی شرائط ماننے سے انکار کے باعث سامنے آیا۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے لیے قطر کے سفیر محمد العمادی نے کہا کہ ہم 'حماس کے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کریں گے'۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے غیر رسمی معاہدے میں دیکھا جارہا تھا کہ قطر نے آئندہ 6 ماہ کے لیے غزہ میں ماہانہ ادائیگیوں کے لیے 9 کروڑ ڈالر بھجوانے کی یقین دہانی کرائی ہے، یہ معاہدہ اسرائیلی سرحد پر امن و امان کی صورت حال کویقینی بنانے کے لیے کیا گیا تھا، یہ صورت حال مارچ 2018 سے حماس کی جانب سے احتجاج کے باعث خراب تھی۔ حماس کے 40 ہزار ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے قطر نے پہلے دو ماہ ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی تھی ۔ْ