جموں //جموں مسلم فرنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ صوبہ جموں کے مسلمانوں کو سرکاری نوکریوں اور تعلیمی اداروںمیں ریزرویشن دینے کا اعلان کریں ۔یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران جموں مسلم فرنٹ کے اراکین نے کہاکہ صوبہ جموں کے مسلم ایک لمبے عرصہ سے نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں داخلے کے سلسلہ میں ریزرویشن کی مانگ کر رہے ہیں لیکن ریاستی اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔فرنٹ نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں اوقاف کو مزید بااختیار بنانے کے علا وہ کسٹوڈین اراضی کے مالکانہ حقوق دئیے جائیں ۔اراکین نے جموں ،سانبہ ،ادہم پور اور کٹھوعہ میں اقلیتی طبقہ کو درپیس مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کچھ عناصر اقلیتی طبقہ کے لو گوں کو غیر ضروری طور پر ہراساں کر رہے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان اضلاع میں اقلیتی طبقہ کو ہراساں کرنے والے افراد کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائے ۔جموں مسلم فرنٹ نے 1947کے متاثر ین کیلئے معاوضہ کی مانگ کرنے کے علا وہ قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں جموں کے مسلمانوں کیلئے ریزرویشن کی مانگ کی ۔اس میٹنگ میں جموں مسلم فرنٹ کے چیئرمین شجا ظفر ،صدر قاضی عمران ،شیخ سجاد ،جموں وکشمیر گوجر فرنٹ کے صدر شوکت گوجر ودیگران بھی موجود تھے ۔