جموں //پہاڑی لیڈران کا ایک وفد پہاڑی ویلفیئر فورم کے بانی مظفر حسین بیگ کی قیادت میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملا قی ہوا ۔وفد نے حالیہ دنوں میں طبقہ کیلئے حکومت کی جانب سے 3فیصد ریزرویشن دینے کے فیصلے کا شکریہ اد ا کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے وفد کے اراکین نے کہاکہ مذکورہ طبقہ کی جانب سے 1975سے ایس ٹی درجہ کی مانگ کی جارہی ہے تاکہ اس طبقہ کی فلاح و بہبود کو ممکن بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیرمیں اس وقت 10لاکھ سے زائد پہاڑی موجود ہیں جوکہ مشکل ترین علا قوں کے علا وہ سرحدی علا قوں میں رہائش پذیر ہیں تاہم طبقہ کا جائز حق نہیں دیاگیا اور اس سلسلے میں شیڈیولڈ ٹرائب کی فائل ہنوز مرکز کے پاس پڑی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی طبقہ بھی سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندگی کاشکار ہے جس کے ساتھ انصاف کیاجاناچاہئے ۔ان کاکہناتھاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے کئی مرتبہ ایس ٹی درجے کیلئے سفارشات کی گئیں جبکہ اسمبلی سے اس سلسلے میں متفقہ طور پر قرارداد بھی منظور کی گئی لیکن اس کے باوجود مرکز کی طرف سے کوئی پیشرفت نہیں دکھائی گئی ۔انہوں نے کہاکہ ایس ٹی درجے کی مانگ ایک جائز مطالبہ ہے جس کو پورا کیاجائے ۔وفد میں مرزا عبدالرشید ،سید مشتاق بخاری، وبودھ گپتا،ظفر اقبال منہاس، شہناز گنائی ، جاوید خان مرچال، سریندر چوہدری، یشپال شرما،پردیپ شرما، کفیل الرحمن ، شاہ محمد تانترے، کلدیپ راج گپتا، راجہ منظور خان،ملک محمد اقبال ، رفیق حسین خان، نثار راہی، سید اعظم شاہ ، اقبال کاظمی ،شہباز پہاڑی وغیرہ بھی شامل تھے ۔