پنتھال //نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے بھاجپا پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ 2014میں بھاری منڈیٹ ملنے کے بعدپارٹی کے پہلے اور آخری دور حکومت میں جموں کے لوگوں کو ماسوائے مصائب و مشکلات کے کچھ بھی نہیں ملا ۔حلقہ انتخاب نگروٹہ کی پنتھال اور پنوالی پنچایتوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ بھاجپاوزراء نے خود کو اقتدار کے ایوانوں میں بازآبادکار بنانے کے بعد عوام کے مسائل کے تئیں آنکھیں موند لیں ۔این سی رہنما نے بی جے پی لیڈران سے سوالیہ انداز میں پوچھاکہ انہوں نے مرکز میں پانچ سال اور ریاست میں بھی تین سال سے زائد عرصہ تک پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجودجموں کیلئے کیاکیا؟۔رانانے کہاکہ بی جے پی کا دور اقتدار ریاست کی تاریخ میں ایک ڈرائونے خواب کی مانند ہے جس نے ریاست خاص طور پر جموں خطے کے عوام کیلئے مصائب اور مشکلات لائیں ۔ان کاکہناتھاکہ جب بی جے پی والوں سے جموں کے مفاد کیلئے ان کی ایک بھی حصولیابی کے بارے میں پوچھاجائے تو وہ کوئی جواب نہیں دے پاتے۔رانا نے کہاکہ بی جے پی لوگوں کو تقسیم کرنے میں ماہر ہے لیکن اس وقت یہ حربہ کام نہیں آئے گا کیونکہ جموں کے مسیحا کہنے والوں کا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکاہے ۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی ان لوگوں کے تئیں بھی متکبرانہ رویہ اختیا رکیاجنہوں نے اسے ووٹ دے کر اقتدار تک پہنچایاتاہم اب صورتحال بالکل تبدیل ہوچکی ہے اور یہی لیڈرلوگوں کاسامنا کرنے سے گھبراتے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ بی جے پی نوشتہ دیوار پڑھ لے اور جموں کے مجموعی مفاد کی خاطر اپنی منفی سیاست ترک کرے ۔اس موقعہ پر متعدد کارکنان نے این سی میں شمولیت کی جن میں کرنیل سنگھ، راجندر کمار، راکیش کمار،اجے کمار، پرتاک سنگھ، ہرنام سنگھ، سوہن سنگھ، بلون سنگھ، کلدیپ سنگھ، رومیش سنگھ،ساہل سنگھ، کابلا سنگھ، پریم سنگھ۔ سنیل سنگھ،مدن سنگھ، اومکار سنگھ، مکھن سنگھ قابل ذکر ہیں ۔اس موقعہ پر دیگر کئی کارکنان بھی موجو دتھے۔