جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی اور جموں سے ہوگا۔ رویندر رینہ پیر کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے اتوار کو ضلع سانبہ کے وجے پور میں منعقد ہوئی وزیراعظم کی ریلی کو ایک تاریخی ریلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاست کا سیاسی منظرنامہ تبدیل ہوچکا ہے اور لوک سبھا و اسمبلی انتخابات میں بھاجپا کی جیت یقینی ہوگئی ہے۔ رویندر رینہ نے کہا ’جموں میں کل (اتوار کو) تاریخی ریلی ہوئی ۔ قریب ڈھائی لاکھ لوگوں نے اس ریلی میں حصہ لیا۔ ہم اس کے لئے جموں واسیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وجے پور کی ریلی جموں کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی ریلی ثابت ہوئی ہے۔ اس ریلی نے جموں وکشمیر کا سیاسی منظرنامہ ہی تبدیل کرکے رکھ دیا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’مجھے پورا یقین ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بھاجپا کو جموں وکشمیر میں زبردست کامیابی ملے گی۔ ساتھ ہی ساتھ جموں وکشمیر میں جو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں مجھے پورا یقین ہے کہ ریاست میں بی جے پی کی سرکار بنے گی اور پہلی بار ریاست کا وزیر اعلیٰ بی جے پی سے ہوگا‘۔ انہوں نے مزید کہا ’جو جوش میں نے کل وجے پور سانبہ میں لوگوں میں دیکھا، اس سے صاف ہوگیا کہ ریاست کا اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی سے ہوگا اور جموں کا ہوگا‘۔